شرجیل میمن نے کراچی میں پیپلزبس سروس کے ایک اور روٹ کا افتتاح کردیا

آج نہایت ہی اہم دن ہے کیونکہ آج یوسف گوٹھ تا ٹاور پیپلز بس سروس کا روٹ شروع ہونے والا ہے، شرجیل انعام میمن


سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے نئے بس روٹ کا افتتاح کیا—فوٹو: ایکسپریس

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں یوسف گوٹھ تا ٹاور پیپلز بس سروس کے روٹ نمبر 8 کا افتتاح کر دیا ہے۔

کراچی کے علاقے یوسف گوٹھ میں پیپلز بس سروس کے روٹ 8 کی افتتاحی تقریب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) کے رکن صوبائی اسمبلی لیاقت آسکانی، سابق رکن قومی اسمبلی قادر مندوخیل، حبیب جدون، فیصل جاموٹ اور دیگر نے شرکت کی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج نہایت ہی اہم دن ہے کیونکہ آج یوسف گوٹھ تا ٹاور پیپلز بس سروس کا روٹ شروع ہونے والا ہے، پی پی پی قیادت شب و روز کوشاں ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار دنوں میں نئی بسز سڑکوں پر آئی ہیں اور حکومت سندھ کی جانب سے نئے روٹس شروع کیے گئے ہیں، نئے روٹس سے لاکھوں لوگ مستفید ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب پیٹرول مہنگا ہوا اور ہم نے بس کے کرائے میں اضافے کی بات تو وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت سندھ عوام پر بوجھ نہیں ڈالے گی اور عوام کو سبسڈی دی جائے گی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ نے پاکستان میں پہلی بار خواتین کے لیے مخصوص پنک بس سروس اور ماحول دوست الیکٹرک بس متعارف کروائی۔۔

سینئر وزیر نے کہا کہ پی پی پی قیادت نے سیلاب متاثرین کے لیے گھر بنا دینے کا اعلان کیا اور وہ گھر بنا کر دے رہے ہیں، ایک لیڈر کہتا تھا کہ میں نے سیلاب متاثرین کے لیے 5 ارب جمع کیے، میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ 5 ارب روپے کہاں ہیں، کیا وہ رقم سوشل میڈیا پر دہشت گردی اور بھائی کو بھائی سے لڑوانے کے لیے استعمال کی گئی، یا پھر وہ پیسے ملک میں انتشار کے لیے استعمال ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں پورے پاکستان کے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، اور ایک مصنوعی سیاست دان کو لیڈر بنا کر پیش کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں