کراچی شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا صوبائی وزیر داخلہ کی ورثا سے ملاقات

وزیر داخلہ سندھ نے شہید کے ورثا کے لیے مروجہ مراعات کی فراہمی کے لیے حکم جاری کردیا


Munawar Khan July 20, 2024
فوٹو ایکسپریس

شہر قائد کے ضلع وسطی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اہلکار کی نماز جنازہ گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر میں ادا کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سمن آباد تھانے میں تعینات پولیس اہلکار یوسف کو فیڈرل بی ایریا میں نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے زخمی کیا اور سرکاری ایس ایم جی چھین کر لے گئے تھے۔

بعد ازاں زخمی یوسف نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا تھا۔ شہید اہلکار کی نماز جنازہ نماز جنازہ گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر ساؤتھ ادا کی گئی جس میں وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار ، آئی جی سندھ غلام نبی میمن ، کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو ، زونل ڈی آئی جیز اور پولیس اور رینجرز کے افسران و اہلکاروں سمیت مقتول اہلکار کے ورثا، رشتے داروں ، دوست احباب اور اہل محلہ نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: کراچی، نامعلوم ملزمان نے 25 سالہ پولیس اہلکار کو قتل کردیا، رائفل چھین کر فرار

اس موقع پر وزیر داخلہ سندھ نے شہید کانسٹیبل کے ورثا سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ اور محکمہ پولیس سندھ دکھ کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ انھوں نے سندھ پولیس کے لیے شہید کانسٹیبل کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے پولیس کی عوام کی جان و مال کی سلامتی اور قیام امن کے لیے دی جانیوالی قربانیاں انمول اور ناقابل فراموش ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے شہید کے ورثا کے لیے مروجہ مراعات کی فراہمی کے لیے موقع پر موجود سینئر افسران کو خصوصی احکام بھی جاری کیے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں