ڈی آئی خان میں ٹی ٹی پی مشال گروپ کا انتہائی مطلوب کمانڈر ہلاک
سی ڈی ٹی کا ٹھکانے پر آپریشن، ساتھی فرار، کمانڈر کفایت اللہ درابن کیس میں 24 جوانوں کی شہادت میں پولیس کو مطلوب تھا
ڈی آئی خان تھانہ ڈیرہ ٹاؤن جلیبی موڑ کے قریب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تھانہ درابن حملہ کیس میں ٹی ٹی پی مشال گروپ کا انتہائی مطلوب کمانڈر کفایت اللہ ہلاک ہوگیا، ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ، کارتوس اور ہینڈ گرینیڈ برآمد کرلیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق 9 جولائی کو محکمہ انسداد دہشت گردی کی آپریشن ٹیم نے تھانہ ڈیرہ ٹاؤن کی حدود علاقہ حکمت آباد جلیبی موڑ کے چار سے پانچ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا آغاز کیا گیا تو وہاں پہلے سے موجود دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی نفری پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کردی۔
سی ٹی ڈی نفری نے جوابی فائرنگ کی، یہ سلسلہ بیس منٹ تک جاری رہا، فائرنگ رُک جانے کے بعد سی ٹی ڈی نے سرچ آپریشن کیا تو جائے وقوع پر ایک دہشت گرد مرا ہوا پایا گیا جس کی شناخت کفایت اللہ ولد دوران خان قوم موچی سکنہ کڑی بختیار درابن کلاں کے نام سے ہوئی۔
جائے وقوع سے ایک عدد SMGفولڈنگ بٹ، 04عدد میگزین ،37عدد کارتوس 7.62بور، ایک عدد ہینڈ گرنیڈ، ایک عدد پاکٹ سائز ڈائری ملی جس پر کفایت اللہ کا نام درج تھا، ایزی پیسہ کارڈ بنام دوران خان برآمد ہوا۔
فائرنگ کے تبادلے میں نفری محفوظ رہی، ہلاک دہشت گرد کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی اور گنے کی فصل کا فائدہ اُٹھاکر فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ ہلاک دہشت گرد تھانہ درابن حملہ کیس مقدمہ علت نمبر 232/2023 میں فورسز کے 24 جوان شہید اور33 جوان زخمی ہوئے تھے، مارا گیا شخص تھانہ سی ٹی ڈی ڈی آئی خان کو مطلوب مجرم اشتہاری تھا۔