اسٹاک مارکیٹ میں73 ہزار حد کی بھی سطح گر گئی ڈالر مزید مہنگا

کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 12 پیسے کے اضافے سے 278 روپے 49 پیسے کی سطح پر آ گیا۔


Ehtisham Mufti June 12, 2024
انٹربینک میں12پیسے کے اضافے سے ڈالر278.49،اوپن کرنسی مارکیٹ میں 18پیسے بڑھ کر 280.33روپے کا ہوگیا فوٹو: فائل

شرح سود میں ڈیڑھ فیصد کی کمی بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 7 سیشنز سے جاری منفی سینٹی منٹس ختم نہ کرسکی اور منگل کو بھی اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے جس سے انڈیکس کی 73 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بھی گرگئی۔

مندی کے سبب 61 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 99 ارب 63 کروڑ 77 لاکھ 97 ہزار 105 روپے ڈوب گئے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں سے کاروبار کی ابتدا مناسب تیزی سے ہوتی ہے لیکن چند ہی گھنٹے بعد فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے مارکیٹ مندی کے گرداب میں چلی جاتی ہے۔

آئی ایم ایف سخت شرائط پر نئے قرض پروگرام میں شمولیت اور معیشت کو درپیش چیلنجز کی وجہ سے کیپیٹل مارکیٹ میں غیریقینی کی صورتحال نے کاروبار کے سمت کو غیر واضح کردیا ،کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 663.07 پوائنٹس کی کمی سے 72589.49 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔دریں اثنا زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو بھی ڈالر کی قدر میں اضافے کا تسلسل جاری رہا۔

کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 12 پیسے کے اضافے سے 278 روپے 49 پیسے کی سطح پر بند ہوئے جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 18 پیسے کے اضافے سے 280 روپے 33 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی منگل کو 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 1909 روپے کے اضافے سے 241300 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی 1629 روپے کے اضافے سے 206876 روپے کی سطح پر آگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |