نسٹ کے طلبہ کی تیار کردہ پاکستان کی پہلی ہائی برڈ فارمولا کار کی رونمائی

فارمولا کار جولائی میں عالمی مقابلے ایف ایس یو کے میں پیش کی جائے گی، کار کا ڈیزائن 2012 میں تیار کیا گیا تھا، کمانڈنٹ


Kashif Hussain May 14, 2024
نسٹ کے طلبہ کی کار کا ڈیزائن 2012 میں تیار کیا گیا تھا—فوٹو: ایکسپریس نیوز

نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے طلبہ نے پاکستان کی پہلی ہائی برڈ فارمولا کار تیار کرلی۔

کراچی میں نسٹ کے طلبہ کی تیار کردہ ہائی برڈ فارمولا کار کی تقریب رونمائی ہوئی، جس کے مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری تھے، ان کے علاوہ کموڈور توقیر احمد کمانڈنٹ پی این ای سی نسٹ نے بھی شرکت کی۔

نسٹ کے طلبہ کی کار ایندھن کے ساتھ کار کی ایکسلریشن سے چارج ہوگی جس سے ماحول کا تحفظ ہوگا اور کار کو رفتار کے لیے اضافی طاقت ملے گی اور فارمولا کار جولائی میں عالمی مقابلے ایف ایس یو کے میں پیش کی جائے گی۔

ٹیم لیڈ محمد عمر نے کہا کہ نسٹ کے طلبہ کی تیار کردہ ہائی برڈ فارمولا کار نسٹ اور پاکستان کانام دنیا میں روشن کرے گی، ٹیم نے دن رات محنت کی اور ایک سال کے عرصے میں راتوں کو جاگ کر کام کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کار نہیں بلکہ پاکستان میں انجینئرنگ کے شعبے میں ایک سنگ میل ہے، فخر ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے، دیگر جامعات اور اسکولوں میں بھی اس طرز کی گاڑیوں کے پراجیکٹس میں معاونت کررہے ہیں۔

ٹیم لیڈ نے کہا کہ ہائی برڈ فارمولا کار اس سال برطانیہ میں ہونے والے طلبہ کے عالمی مقابلوں میں حصہ لے گی۔

نسٹ کے کمانڈنٹ کموڈور توقیر احمد نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ کی 6 دہائیوں کی درخشاں تاریخ کا حامل ہے، روایتی انجینئرنگ کے شعبوں کے ساتھ مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس اور نیول آرکیٹکچر میں بھی ڈگری دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کی شخصیت نکھارنے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سرگرمیاں کرائی جاتی ہیں اور اس وقت انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ چار کاروں کے پراجیکٹس پر کام کررہے ہیں۔

کموڈور توقیر احمد کا کہنا تھا کہ یہ پہلی فارمولا کار ہے پاکستان کی جو ہائی برڈ پر چلے گی، اس کار کا ڈیزائن 2012 میں تیار کیا گیا تھا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے نوجوان کی کاوش سے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کرے گی، طلبہ کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سال میں ایک مرتبہ ہونے والے قومی ایوارڈز میں اس طرح کے طلبہ کو بھی شامل کرنا چاہیے۔

گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ پہلی ہائی برڈ فارمولا کار بنانے والی ٹیم کو گولڈ میڈل دیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں