تھائی فوج کے سربراہ گیت نگار بن گئے

فوجی بغاوت کے اقدام کے لیے عوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش


غزالہ عامر June 17, 2014
فوجی بغاوت کے اقدام کے لیے عوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش۔ فوٹو : فائل

تھائی لینڈ میں سویلین حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد فوجی حکام عوام میں فوج کا امیج بہتر بنانے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔

22 مئی کو عوام کی منتخب کردہ حکومت کے خلاف بغاوت کی قیادت فوج کے سربراہ جنرل پرایوت تشان اتشا نے کی تھی، اور فوج کے اس اقدام کے لیے عوامی پذیرائی حاصل کرنے کی سعی میں بھی وہی پیش پیش ہیں۔ اس مقصد کے لیے فوجی جنرل گیت نگار بن گیا ہے۔ جی ہاں! جنرل پرایوت نے ایک گیت لکھا ہے جس کے بول ہیں Return happiness to Thailand۔ غالباً فوجی سربراہان کی تاریخ میں جنرل پرایوت واحد شخص ہے جو گیت نگار جیسا حساس دل بھی رکھتا ہے۔

اس گیت کی ویڈیو یوٹیوب پر اب تک دولاکھ سے زائد بار دیکھی جاچکی ہے۔ گیت میں عوام کی خدمت اور حفاظت کا عزم دہراتے ہوئے ان سے ' تھوڑا سا' وقت بھی مانگا گیا ہے۔ اس گیت کی دُھن فوجی بینڈ نے ترتیب دی ہے۔ گذشتہ سے پیوستہ جمعے کو یہ گیت تھائی آرمی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا گیا تھا۔



تھائی فوج جو '' رائل تھائی آرمی'' کہلاتی ہے کہ میوزک بینڈ کے سربراہ کرنل Krisada Sarika کا کہنا ہے کہ ایک روز جنرل پرایوت نے انھیں طلب کیا اور کہا کہ انھوں نے ایک گیت لکھا ہے۔ وہ چاہتے تھے کہ اس گیت کو کچھ اس طرح تیار کیا جائے کہ عوام اسے ذوق و شوق سے سنیں اور ایک بار پھر ایک دوسرے سے محبت کرنے لگیں۔

سویلین حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد تھائی فوج عوامی حمایت حاصل کرنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے۔ اس مقصد کے لیے فوجیوں کے میوزیکل کنسرٹ بھی منعقد کیے جارہے ہیں جن میں تماشائیوں کو کھانے پینے کی چیزیں مفت فراہم کی جارہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں