کمزور کیویز کا شکار پاکستان نے ترکش میں تیر سجا لیے

ہوم ٹی 20سیریز کیلیے 17رکنی اسکواڈ کا اعلان، محمد عامر اور عماد وسیم کا کم بیک


Abbas Raza April 10, 2024
انجری سے نجات پانے کیلیے کوشاں حارث رئوف گھر میں بیٹھ کر میچز دیکھیں گے (فوٹو: کرک انفو)

کمزور کیویز کا شکار کرنے کیلیے پاکستان نے ترکش میں تیر سجالیے جب کہ ہوم ٹی 20سیریز کیلیے 17رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

نیوزی لینڈ سے ہوم ٹی 20سیریز کیلیے 17 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا،انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے والے محمد عامر اور عماد وسیم کا کم بیک ہوگیا، عامر نے آخری مرتبہ 2020 میں پاکستان کی طرف سے ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلا تھا، پیسر نے 50 مختصر فارمیٹ کے میچز میں 59 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

عماد وسیم نے آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی گذشتہ سال نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی20میچ میں کی تھی، رواں سال پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے انھوں نے پشاور زلمی کے خلاف ناقابل شکست ففٹی اور ملتان سلطانز سے فائنل میں 5 وکٹ سمیت اہم میچز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، عماد وسیم66 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں 486 رنز بنانے کے ساتھ 65 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

ڈیبیو کے منتظر عثمان خان اور عرفان خان نیازی کو پہلی بار منتخب کرلیا گیا، 28 سالہ عثمان اس سے قبل یواے ای میں کھیلتے رہے ہیں، وہ گذشتہ 2 سال ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی کی بدولت سلیکٹرز کی نظروں میں آئے، گذشتہ سال انھوں نے ملتان سلطانز کی طرف سے ایونٹ کی تیز ترین سنچری صرف 36گیندوں پر بنائی تھی، رواں برس عثمان نے 2سنچریوں اور اتنی ہی ففٹیز سمیت 430 رنز اسکور کیے۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ پاکستان ٹھکرانے والے کیوی کرکٹرز آئی پی ایل میں موقع ملنے کے منتظر

پاکستان ٹیم کو جوائن کرنے پر یواے ای نے ان پر 5 سال کی پابندی بھی لگائی ہے، 21سالہ عرفان نیازی نے پریذیڈنٹ ٹرافی میں اسٹیٹ بینک کی طرف سے کھیلتے ہوئے 6 اننگز میں 455 رنز اسکور کیے، وہ رواں سال پی ایس ایل میں بہترین فیلڈر اور ایمرجنگ کرکٹر قرار پائے تھے، عرفان 2020 اور 2022 میں انڈر19 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے۔

انجری سے نجات پانے کیلیے کوشاں حارث رئوف گھر میں بیٹھ کر میچز دیکھیں گے، محمد نواز کو ڈراپ کردیا گیا، کندھے کے آپریشن کی وجہ سے ستمبر 2023کے بعد کوئی انٹرنیشنل میچ نہ کھیل پانے والے نسیم شاہ کی واپسی ہوگئی، پی ایس ایل میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود فخرزمان کو برقرار رکھا گیا۔

کاکول اکیڈمی میں فٹنس کیمپ کے دوران تھوڑا پریشان نظر آنے والے اعظم خان کی پاور ہٹنگ سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،انجری کی وجہ سے رواں سال کے آغاز میں دورئہ نیوزی لینڈ سے محروم رہنے والے شاداب خان بھی واپس آگئے، پی ایس ایل میں کارکردگی کی بدولت ابرار احمد کا بھی کم بیک ہوگیا ، ورلڈکپ کے پیش نظر اسامہ میر کو بھی پلان میں شامل رکھا گیا ہے،5ریزرو کا بھی انتخاب ہوا جو ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کیویز کیخلاف سیریز؛ عامر، عماد کی واپسی! عثمان خان بھی اسکواڈ کا حصہ

پاکستانی اسکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان، عثمان خان، فخرزمان،افتخار احمد، اعظم خان، عرفان خان نیازی، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، زمان خان، محمد عامر، عباس آفریدی، اسامہ میر اور ابرار احمد شامل ہیں، ریزرو میں حسیب اللہ، محمد علی، صاحبزادہ فرحان،سلمان علی آغا اور وسیم جونیئر کو رکھا گیا ہے۔

سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ روٹیشن پالیسی کے زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا جائے گا،یوں ٹی 20ورلڈکپ کیلیے ایک مضبوط کمبی نیشن تیار ہو سکے گا، قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلیکٹر وہاب ریاض نے کہا کہ اسکواڈ کے انتخاب میں کپتان اور کوچ کی مشاورت بھی شامل تھی، نیوزی لینڈ سے سیریز کیلیے منتخب کھلاڑی ہمارے ورلڈکپ پلان میں شامل ہیں،عثمان خان کو گذشتہ 2،3سال سے بہترین پرفارمنس دیکھتے ہوئے منتخب کیا، محمد عامر اور عماد وسیم میں میچ وننگ صلاحیتیں موجود ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے کھلاڑیوں سے بات کرلی کہ ہوم سیریز میں کیا حکمت عملی ہوگی، کام کے بوجھ کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے،ایسا کرنا بہت ضروری ہے تاکہ کھلاڑی انجریز کا شکار نہ ہوں، کام کا بوجھ دیکھتے ہوئے کپتان کو بھی ریسٹ کروایا جاسکتا ہے، بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا کہ عثمان اور عرفان نے اپنی عمدہ کارکردگی سے ٹیم میں جگہ بنائی،امید ہے کہ دونوں کرکٹرز کپتان اور سلیکٹرز کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں