پولیس ٹریننگ سینٹروں میں پہلی بار سویلین عملے کی بھرتی ہوگی

بینظیر بھٹو ٹریننگ سینٹرمیں 250 افراد کی بھرتی کا جلدآغاز کردیا جائے گا، بھرتیاں این ٹی ایس کے تحت ہوں گی


Raheel Salman June 09, 2014
ٹریننگ سینٹروں میں نائب قاصد ، الیکٹریشن ، ڈسپیچ رائیڈر اور دیگرکام زیر تربیت اہلکاروں لیے جاتے ہیں،ذرائع۔ فوٹو: فائل

سندھ پولیس کے ٹریننگ سینٹروں میں پہلی بار سویلین اسٹاف بھرتی کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

اس سلسلے میں شہید بے نظیر بھٹو ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں 250 افراد کی بھرتی کا جلد آغاز کردیا جائے گا ، مذکورہ اسامیوں پر اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی طرز پر نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے تحت ہی بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جائے گا ، اس وقت سینٹروں میں زیر تربیت کمانڈوز اور اہلکار ہی سویلین اسٹاف کے فرائض انجام دیتے ہیں، تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے ٹریننگ سینٹروں میں تاریخ میں پہلی بارسویلین عملے کی بھرتی کی منظوری دیدی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل ٹریننگ سینٹروں میں نائب قاصد ، الیکٹریشن ، ڈسپیچ رائیڈر اور دیگر منسٹریل اسٹاف کے کام بھی ٹریننگ سینٹر میں زیر تربیت اہلکاروں اور کمانڈوز سے لیے جاتے تھے جس سے ایک جانب نہ صرف کمانڈوز کی صلاحیتوں کو زنگ لگتا تھا بلکہ دوسری جانب کمانڈوز کی تربیت کے دوران اس پر ہونے والے اخراجات بھی ضائع ہوجاتے تھے ، کمانڈو کی تربیت حاصل کرنے والا ریکروٹ جب نائب قاصد کے فرائض انجام دیتا تھا تو اس کی عزت نفس بھی مجروح ہوتی تھی ، ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں نیشنل ہائی وے پر واقع شہید بے نظیر بھٹو ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں پہلی بارسویلین عملے کی بھرتی کی منظوری حاصل کرلی گئی ہے۔

ایکسپریس کے رابطہ کرنے پر ٹریننگ سینٹر کے پرنسپل ایس پی مقصود میمن نے تصدیق کی اور بتایا کہ فوری طور پر 250 مختلف اسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں گی ، انھوں نے کہا کہ ٹریننگ سینٹروں کیلیے یہ ایک مثبت قدم ہوگا ، اس سے تربیت میں مصروف کمانڈوز اور دیگر اہلکار دلجمعی سے اپنی ٹریننگ پر بھرپور توجہ مرکوز کرسکیں گے ، ایک سوال کے جواب میں مقصود میمن نے کہا کہ مذکورہ250اسامیوں پر بھی اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے منسٹریل اسٹاف کی طرز پر نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے تحت ہی بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جائے گا،ایس پی کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ایس ایس یو میں سویلین اسٹاف کی بھرتی کا عمل بھی این ٹی ایس کے ذریعے ہی مکمل کرنے کے لیے معاہدہ کیا گیا تھا جوکہ سندھ پولیس میں پہلی مرتبہ کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |