پی ایس ایل کی ٹیسٹ جیسی تیاریوں پر فرنچائزز پریشان

پی سی بی میں عدم استحکام نے معاملات کو تاخیر کا شکار کیا، براڈ کاسٹنگ کی ڈیلز حال ہی میں طے ہوئیں


Saleem Khaliq February 02, 2024
انچارج کون ہوگا؟ طے نہیں ہو سکا،آغاز میں 2 ہفتے باقی مگر کوئی ہائپ نہیں بن سکی (فوٹو: ایکسپریس ویب)

ٹی20 پی ایس ایل کی ٹیسٹ کے جیسی تیاریوں نے فرنچائزز کو بھی پریشان کر دیا۔

پی ایس ایل کا نواں ایڈیشن 17 فروری سے لاہور میں شروع ہوگا، آغاز میں 2 ہفتے باقی رہنے کے باجوود تیاریاں انتہائی سست روی سے جاری ہیں جس پر فرنچائزز بھی تشویش کا شکار نظر آتی ہیں، اس کی وجہ پی سی بی میں عدم استحکام بنا،اب تک ٹکٹوں کی فروخت کا پلان سامنے نہیں آسکا، اینتھم علی ظفر سے بنوانے پر تنازع حل طلب ہے، افتتاحی تقریب کے معاملات فائنل نہیں ہو سکے۔

براڈ کاسٹنگ کی ڈیلز بھی حال ہی میں طے ہوئی ہیں، کوئی اشتہاری مہم بھی شروع نہیں کی گئی،دوسری جانب فرنچائزز کیلیے اسپانسر شپ کا حصول مشکل بنا ہوا ہے، تاحال کسی نے جرسی کی بھی رونمائی نہیں کی، اس سے قبل بیشتر ٹیمیں سروگیٹ ایڈورٹائزنگ پر انحصار کرتی تھیں مگر حکومتی پابندی نے آپشنز محدود کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایچ بی ایل پی ایس ایل؛ پروڈکشن پر 1 ارب 15 کروڑ لگیں گے

ابھی تک یہ بھی طے نہیں ہو سکا کہ ڈائریکٹر پی ایس ایل صہیب شیخ، لیگ کمشنر نائلہ بھٹی یا سی او او سلمان نصیر کون نویں ایڈیشن کا انچارج بنے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ ذکا اشرف کی زیرسربراہی مینجمنٹ کمیٹی کے دور میں بعض پی سی بی آفیشلز نے جان بوجھ کر معاملات کو سست رکھا، گذشتہ دنوں وزیر اعظم نے محسن نقوی کو گورننگ بورڈ میں نامزد کر دیا،6 فروری کو قائم مقام چیئرمین و الیکشن کمشنر شاہ خاور کی زیرنگرانی پی او جی نئے سربراہ کا انتخاب کر لے گا جو ممکنہ طور پر محسن نقوی ہی ہوں گے۔

شاہ خاور اور سلمان نصیر بالی، انڈونیشیا میں اے سی سی میٹنگ میں شرکت کیلیے گئے تھے، دونوں جمعے کو دفتر آئیں گے، منتخب چیئرمین کے عہدہ سنبھالنے پر کام میں تیزی آنے کا امکان ہے،اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ اس بار افتتاحی تقریب چھوٹے پیمانے پر منعقد ہوگی،اس کا بجٹ 20 کروڑ روپے رکھا گیا ہے، گذشتہ برس یہ رقم33 کروڑ تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک نے پی ایس ایل کیلئے الگ بورڈ بنانے کا مطالبہ کردیا

علی ظفر کی جانب سے ہی ترانا گائے جانے کا امکان روشن ہے، ماضی کے ہراسمنٹ کیس کی وجہ سے اب صرف ایک فرنچائز ملتان سلطانز ہی ان کی مخالفت کر رہی ہے، یہ مسئلہ حل ہوتے ہی اینتھم ریلیز کر دیا جائے گا، ٹکٹوں کے حوالے سے بھی کام جاری ہے۔

دوسری جانب ایک سے زائد فرنچائز آفیشلز نے رابطے پر اعتراف کیا کہ پی ایس ایل کے معاملات انتہائی سست روی کا شکار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس بار زیادہ بڑے غیرملکی کرکٹرز بھی لیگ میں شریک نہیں ہوں گے، تاحال کوئی ہائپ نہیں بن سکی، البتہ ماضی میں ملکی اسٹارز نے ہی اس لیگ کو کامیاب بنایا اور امید ہے اب بھی ایسا ہی ہوگا۔

مزید پڑھیں: ایچ بی ایل پی ایس ایل؛ علی ظفر کی آواز گونجنے کا امکان روشن

انھوں نے کہا کہ ایک بار جب ٹورنامنٹ شروع ہوگیا تو سب چیزیں خود کار نظام کے تحت چلنے لگیں گی، البتہ پی سی بی کو ہوش کے ناخن لینے چاہیئں یہ ہمارا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہے اس میں کوئی کمی چھوڑی تو دیگر لیگز آگے نکل جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |