شعبان ورمضان میں عمرہ ہزاروں زائرین کے محروم رہنے کاخدشہ

سعودی حکومت نے16رجب کوپاکستان کوعمرہ ویزے کے اجراپرپابندی لگادی تھی


Nasiruddin May 31, 2014
حج وعمرہ گروپ آرگنائزرز،ایئرلائنزکونقصان کا اندیشہ، حکومت سے توجہ کامطالبہ فوٹو: فائل

سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ ویزاپر پابندی کے باعث خدشہ ہے کہ ہزاروں عمرہ زائرین گزشتہ سال کی طرح ماہ شعبان اوررمضان میں عمرے کی سعادت سے محروم رہ جائیں گے۔

سعودی حکومت نے مختلف ممالک پرعمرہ ویزاکے لیے پابندی لگائی تھی۔ پاکستان پریہ پابندی 16رجب کولگائی گئی تھی۔ سعودی حکومت نے ملائیشیا، مصر، انڈونیشیا اوربھارت سمیت مختلف ممالک پرسے پابندی اٹھالی لیکن پاکستان پریہ پابندی برقرارہے جس کی وجہ سے ایک جانب عمرے کی ادائیگی کے خواہشمندبے یقینی کاشکار ہیں تو دوسری جانب حج وعمرہ گروپ آرگنائزرکمپنیاں او ر ایئر لائنوں کوبھی بھاری مالی نقصانات کاخدشہ ہے۔ ٹورآپریٹرز کمپنیاں شعبان اوررمضان میں عمرے کے خواہشمندوں کی بکنگ کرچکی ہیں اور اس حوالے سے انھوں نے سعودی عرب میں ہوٹلز کی بکنگ بھی کرالی ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ ویزے پراس قسم کی پابندی کے باعث گزشتہ سال بھی ہزاروں افراد عمرے کی سعادت سے محروم رہ گئے تھے۔ عموماً شعبان اوررمضان میں پاکستان سے ہر سال ایک لاکھ سے زائدافراد عمرے کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔

لیکن گزشتہ سال صرف28ہزار افرادعمرہ کرسکے تھے جبکہ سال2012 میں ایک لاکھ25ہزار سے زائدافراد نے شعبان اوررمضان کے مہینے میں عمرے کی سعادت حاصل کی تھی۔ حج وعمرہ کمپنیوں کے ذمے داران نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے تاحال پاکستان کیلیے عمرے کے کوٹاکا اعلان بھی نہیں کیا گیاہے جس کی وجہ حج وعمرہ کمپنیوں کو اپنی پلاننگ میں مشکلات کاسامنا ہے۔ ٹورآپریٹرز کمپنیوں کا کہناہے کہ پاکستان کی وفاقی وزارت مذہبی امورنے عمرہ ویزے پر سے پابندی ہٹانے کے سلسلے میں کوئی کوشش نہیں کی جس کی وجہ سے سعودی حکومت نے دیگرممالک پرسے توپابندی اٹھالی لیکن پاکستان پریہ پابندی برقرارہے۔

انھوں نے اس خدشے کااظہار کیاکہ پابندی نہ اٹھائی گئی توحج ٹورآپریٹرزاور ایئرلائنوں کو کروڑوں روپے کے نقصان کاسامنا کرنا پڑے گا۔ ذرائع کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ ویزے پرسے پابندی آئندہ چندروز میں اٹھائے جانے کاامکان ہے۔ دریں اثنا تحریک عوام اہلسنت پاکستان اورحج وعمرہ کمیٹی کے چیئرمین محمدعاطف حنیف بلونے کہا ہے کہ ماہ رجب کے دوران سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ ویزاپر عائدپابندی سے لاکھوں عمرہ زائرین اورٹریول ایجنٹس شدید ذہنی اذیت سے دوچارہیں۔ وفاقی مذہبی اموراس سلسلے میں سعودی حکومت سے بات کرے اورویزوں کے فوری اجراکے لیے اقدام کرے۔ انھوں نے کہاکہ اس سلسلے میںوفاقی حکومت بھی اپناکردار اداکرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں