اک برس اور بن گیا تاریخ

2023 کے روزوشب میں جنم لینے والے اہم ترین واقعات


2023 کے روزوشب میں جنم لینے والے اہم ترین واقعات۔ فوٹو: ایکسپریس ویب

جنوری


وقت کے بہت تیزی سے پیراہن بدلنے کا سلسلہ جاری وساری ہے، بقول شاعر؎

کوئی تدبیر کرو، وقت کو روکو یارو!

صبح دیکھی ہی نہیں، شام ہوئی جاتی ہے

لیجیے، ابھی کل ہی کی تو بات ہے کہ اکیسویں صدی کی آمد آمد تھی، اور کہاں اب ہم اکیسویں صدی کے ربع کرنے سے صرف ایک ہی برس کے فاصلے پر رہ گئے ہیں۔ وقت کا کام تو گزرنا ہی ہے۔ ہماری صبح وشام اگرچہ جلدی جلدی بیت رہے ہیں، لیکن حالات وواقعات بھی اتنی ہی سرعت اور برق رفتاری سے آگے بڑھتے جا رہے ہیں۔۔۔

حالات حاضرہ تاریخ بن رہے ہیں اور ایسے ہی 2023ء بھی اب تاریخ کا حصہ ہونے کو ہے۔ اس 'تاریخ' میں کیا کچھ بیتا، اچھا یا بُرا، پُرمسرت یا پُر الم اور اطمینان بخش یا فکر انگیز۔۔۔

ہمیشہ کی طرح ایسی ہی پورے سال کے کچھ حالات کا خلاصہ ہم اور ہمارے کچھ دیگر ساتھیوں کی کوششوں سے اگلے صفحات میں آپ ملاحظہ کر سکیں گے اور۔۔۔ کل کی ان 'خبروں' کو ایک بار ذہن کے پردے پر کر پائیں گے کہ اب تو یہ سارے منظر اور واقعات ماضی ہوا چاہتے ہیں۔۔۔

اس سلسلے میں بالترتیب پہلے 'جنوری فروری' کا احوال پیش خدمت ہے:

4 جنوری

''پول کُھل گئی!''

چار جنوری کو 'متحدہ' اور پیپلزپارٹی کے درمیان اتحاد کے باوجود حسب روایت شکوے شکایت کا میدان گرم ہوا تو پیپلزپارٹی نے وفاق سے 'متحدہ' (بہادرآباد) کو ملنے والے تمام فوائد سامنے کرڈالے، جن میں سید امین الحق، فیصل سبز واری کو وفاقی وزیر اور صادق افتخار کو وزیراعظم شہبازشریف کا خصوصی معاون بنانے کا بتایا گیا۔ انھیں کی خواہش پر مرتضیٰ وہاب سے (اُس وقت) ایڈمنسٹریٹر کراچی کا عہدہ واپس لیا۔ کراچی اور اس کے تین اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر اسی 'ایم کیو ایم' کے کہنے پر لگائے گئے، جن میں 'رابطہ کمیٹی' کے رکن احمدشریف کورنگی اور شکیل احمد ایڈمنسٹریٹر شرقی شامل ہیں۔

مزیدبرآں اراکین قومی اسمبلی ابو بکر اور کشور زہرا قائمہ کمیٹی کی چیئرمین، جب کہ اسامہ قادری اور صابر قائم خانی پارلیمانی سیکریٹری ہوئے۔ 'پبلک سروس کمیشن' میں متحدہ (بہادرآباد) کے رکن صوبائی اسمبلی جاوید حنیف کے بھائی کو رکن بنایا گیا۔ 'واٹر اینڈ سیوریج بورڈ' میں راہ نماؤں کے رشتے دار اہم عہدوں پر فائز ہوئے۔ یہی نہیں صوبائی بجٹ میں بھی ان کی اسکیمیں شامل کی گئیں۔ یہ صوبائی حکم راں جماعت کی جانب سے 'برادر' جماعت کو ایک اچھا خاصا تیکھا اور بھرپور جواب تھا، جو مطالبات پورے نہ ہونے کی شکایات کے جواب میں منکشف کردیا گیا!



5 جنوری

جنوبی وزیرستان میں کارروائی!

کئی برسوں سے ہمارے سماج سے لپٹا ہوا دہشت گردی کا آسیب 2023ء میں بھی موجود رہا اور اس کی بیخ کنی کی کوششیں بھی جاری رہیں۔ پانچ جنوری کو جنوبی وزیرستان میں ایک آپریشن میں مبینہ طور پر کمانڈر اور خودکُش حملہ آور سمیت11 دہشت گرد مارے گئے۔ بتایا گیا کہ مارے جانے والے دہشت گردی کی مختلف وارداتوں میں بھی ملوث تھے۔

بلدیاتی انتخابات کے لیے جماعت اسلامی کا دھرنا

پانچ جنوری کو جماعت اسلامی کراچی کی قیادت نے وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دیا۔ جو بلدیاتی انتخابات کے بار بار التوا کے خلاف تھا۔ امیر جماعت اسلامی (کراچی) حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ انتخابات کے صوبائی حکومت کی جانب سے التوا کے لیے الیکشن کمیشن کو لکھا گیا خط واپس لیا جائے۔ آخر کو ناصر حسین شاہ کی 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کی یقین دھانی کرائے جانے پر ختم کیا گیا، لیکن یہ غیر یقینی انتخابی عمل شروع ہوجانے تک برقرار رہی۔

پاکستان کی آبادی 23 کروڑ!

پانچ جنوری کو 'بینک دولت پاکستان' کے ذرایع نے آگاہ کیا کہ ملک کی آبادی 23 کروڑ سے زائد ہوگئی ہے، جس میں اکثریت 30 برس سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔

7 جنوری

مولانا احترام الحق تھانوی کا سانحہ ارتحال

سات جنوری کو معروف عالم دین، سیاست داں اور مولانا احتشام الحق تھانوی مرحوم کے سب سے بڑے صاحب زادے مولانا احترام الحق تھانوی امریکا میں انتقال کرگئے۔ وہ سرطان کے موذی مرض میں مبتلا تھے۔

بھوک سے بچ گئے۔۔۔ بھگ دڑ میں مرگئے!

2023ء 'دیس واسیوں' کے لیے جو بہت سی مشکلات لایا، ان میں آٹے کا سنگین بحران بہت زیادہ کٹھن صورت حال پیدا کر گیا۔ سات جنوری کو آٹے کے سرکاری پوائنٹس پر بھیڑ اور بھگدڑ مچنے سے بہت سی جانیں تلف ہوئیں۔ گویا جو ستم زدہ بھوک کے ہاتھوں مجبور ہو کر آٹے کے لیے پہنچے وہ بھگ دڑ کی نذر ہوگئے۔۔۔! اسی بحران کے دوران نوجنوری کو روس سے گندم کی ساڑھے سات لاکھ ٹن کے سلسلے کی پہلی کھیپ یہاں پہنچی۔

'بے نظیر اسکوائر' پر غداری کی بازگشت

سات جنوری کو ہندوستانی ریاست کیرالہ کے دارالحکومت تھروانتت پورم میں ایک معروف شاہ راہ کو سابق پاکستانی وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی تصاویر سے سجا کر اسے 'بے نظیر اسکوائر' کا نام دے دیا۔ کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے ''آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمن ایسوسی ایشن' کے زیراہتمام ایک کانفرنس کے موقع پر بے نظیر کو بطور پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم اور ہارورڈ سمیت نو بہترین یونیورسٹیوں سے 'ڈاکٹریٹ' کی اعزازی اسنادیافتہ خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کانفرنس کے دعوت نامے پر بھی بے نظیر کی شبیہہ شایع کی گئی۔ اس سارے عمل میں حکم راں 'بی جے پی' نے ایک ہنگامہ کھڑا کردیا۔ اس کے راہ نما سندیپ واشاپتی نے 'ٹوئٹر' پر اِسے ملک سے غداری تک قرار دے دیا۔

8 جنوری

سیلاب متاثرین کے لیے عالمی امداد

آٹھ جنوری کو عالمی ڈونر کانفرنس میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہبازشریف جنیوا پہنچ گئے۔ یہاں سیلاب سے متاثرہ پاکستان کی تعمیرنو کی خاطر ساڑے دس ارب ڈالر امداد کا اعلان کیا گیا، جس میں چین اور امریکا 10، 10، جاپان 7.7، جرمنی 8.4، فرانس ایک کروڑ ڈالر، جب کہ یورپی یونین نے 8.7 یورو فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

10جنوری

'غیبی' امداد ملی، شہبازشریف

سعودی شہزادے محمد بن سلمان اور شہبازشریف کے درمیان بات چیت کے بعد سعودی عرب نے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور پانچ ارب ڈالر ڈپازٹس کا اعلان کیا۔ شہبازشریف نے اسے 'غیبی مدد' قرار دیا۔ اس سے قبل نو جنوری کو آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سعودی ولی عہد شاہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ امور پر تبادلۂ خیال اور دفاعی شعبے میں تعاون پر غور کیا گیا۔ جنرل عاصم منیر نے عمرے کی سعادت حاصل کی اور کعبے کے اندر نوافل ادا کیے۔

11 جنوری

چینی وفد کی موجودگی میں دھماکا

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں چینی وفد کی طالبان حکام سے ملاقات کے موقع پر ایک خودکُش دھماکے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے۔ خودکُش بم بار نے افغان وزارت خارجہ کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش میں خود کو دھماکے سے اڑایا۔

ماجد جہانگیر سوگوار کرگئے!

معروف مزاحیہ اداکار ماجد جہانگیر لاہور میں انتقال کرگئے۔ ان کی تدفین کراچی میں ہوئی۔ 1970ء کی دہائی میں اپنا فنی سفر شروع کرنے والے ماجد جہانگیر نے 23 برس امریکا میں گزارے، انھیں صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی بھی دیا گیا۔

02-2023-1704007838.jpg (760×570)

12 جنوری

'ایم کیو ایم' کے مختلف دھڑوں کا 'انضمام'

سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کی بنائی گئی 'پاک سرزمین پارٹی' فارق ستار گروپ اور ایم کیو ایم (بہادر آباد گروپ) کا انضمام عمل میں آیا۔ نئے سال کے اوائل میں ماضی میں کراچی کی واحد اکثریتی سیاسی جماعت کی پہچان رکھنے والی جماعت کے کراچی کے مختلف دھڑوں کا انضمام بھی ایک عجب چمتکار رہا، جس کے لیے کئی دنوں سے خبریں گرم تھیں، تین جنوری کو 'بہادر آباد گروپ' کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے 2016ء سے اپنی الگ جماعت 'پاک سرزمین پارٹی' کے بانی مصطفیٰ کمال کو باضابطہ طور پر شمولیت کی دعوت دے ڈالی۔

عوام جیسے 'تماش بین' منظر دیکھ رہے تھے کہ 'ایم کیو ایم' کو دفن کرنے کے دعوے کرنے والے مصطفیٰ کمال نے جب یہ کہا کہ مثبت جواب دیں گے، اور ساتھ میں 'پخ' لگا دی کہ وہ ''کارکنان کا اجلاس'' بلا کر جواب دیں گے۔ بہرحال کہیں پڑھا تھا بوئے سلطانی جاتے جاتے جاتی ہے۔ شاید وہ خود کو ماضی میں 'عزیزآباد' کی ''کسی'' سیاسی جماعت کا سربراہ سمجھنے لگے ہوں کہ جیسے وہ کہتے تھے کہ 'کارکنان سے پوچھوں گا' حالاں کہ واقفان حال کے بقول اکثر کارکنان بھی فقط ضابطے کی کارروائی ہی نمٹایا کرتے تھے، لیکن یہاں تو اگلا وزیراعلیٰ ''پی ایس پی'' کے دعوے کرنے والے مصطفیٰ کمال کو 2018ء میں ایک نشست تک نہ ملی اور کہاں ان کی یہ 'ادا' کہ کارکنان کا اجلاس۔

بہرحال سیاسی چہ مگوئیاں تھیں کہ 'کراچی کے اِن 'بچّہ جمہوروں' کو اشارے ملے ہیں کہ مل کر بیٹھ جاؤ! سو مل کر بیٹھنا تھا، اور بیٹھ گئے۔ تاہم اس 'اتحاد' کے لیے گورنر سندھ کامران ٹیسوری مستعد نظر آرہے تھے، گویا معاملات کی 'سنجیدگی' اور 'حساسیت' کا اندازہ لگائیے کہ وہ کامران ٹیسوری جو ابھی کچھ عرصہ قبل 'بہادرآباد' گروپ میں وارد ہوئے اور انھی کی وجہ سے فاروق ستار اپنے ''بھائیوں'' سے جھگڑ پڑے، آج وہی اتنا 'ترقی' کرگئے کہ انھی سارے بھائیوں کو 'بڑے بھائی' کے موافق ملوا رہے ہیں۔

تاہم 'مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے اس 'انضمام' کا حصہ بننے سے صاف انکار کیا اور کہا کہ وہ تو 'متحدہ' بننے کے اصولی اختلاف ہی سے 'مہاجر قومی موومنٹ' الگ کیے ہوئے ہیں، اس لیے اگر وہ 'متحدہ' کو 'مہاجر' کرتے ہیں تو ٹھیک، ورنہ وہ 'متحدہ' میں نہیں جائیں گے۔

15 جنوری

بلدیاتی چناؤ اور پیپلزپارٹی کی زورآزمائی

15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی نے شہری سندھ میں نئی زورآزمائی دکھائی اور حیدرآباد میں تو بہ آسانی میدان مار لیا، جب کہ کراچی کے نتائج میں تاخیر نے شکوک وشبہات کو جنم دیا۔ بعد میں آنے والے نتائج کے مطابق یہاں بھی پیپلزپارٹی نے اکثریت تو حاصل کرلی، لیکن اسے میئر بنانے کے واسطے مطلوبہ عددی اکثریت میسر نہ تھی، پیپلزپارٹی 91، جماعت اسلامی 85 اور تحریک انصاف 42 نشستوں پر کام یاب ہوئی۔

مجموعی طور پر ووٹ جماعت اسلامی نے زیادہ حاصل کیے، دوسرے نمبر پر تحریک انصاف، جب کہ پیپلزپارٹی اس میدان میں تیسرے نمبر پر رہی، لیکن حلقوں کے حساب سے اس کو اول درجہ ملا۔ تینوں جماعتوں کو ملاکر 12 لاکھ ووٹ کے قریب بنے، جب کہ کراچی شہر میں مجموعی رائے دہندگان کی تعداد 84 لاکھ 37 ہزار سے زائد ہے۔ اس سے پہلے حکومت سندھ نے 12 جنوری کو کراچی، حیدرآباد اور دادو میں 15 جنوری کو طے شدہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کرا دیے۔ صوبائی حکومت نے شق 10 کے تحت حلقہ بندیوں کا اعلامیہ واپس لے لیا۔

اس وقت کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے موقف اختیار کیا کہ 'ایم کیو ایم' کو حلقہ بندیوں پر اعتراضات تھے۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن 15 جنوری ہی کو ہوں گے۔ اس سے قبل ہائی کورٹ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کے حوالے سے ایم کیو ایم کی درخواست مسترد ہوگئی تھی، جس کے بعد 'بہادرآباد' کی 'رابطہ کمیٹی' نے ببانگ دہل یہ کہا تھا کہ ہم ہونے نہیں دیں گے۔ خالد مقبول صدیقی کی زیر قیادت 'ایم کیو ایم{' کے دھڑے نے حکومت سے الگ ہونے کی دھمکی دی اور پھر انتخابات سے ایک دن پہلے بائیکاٹ کر دیا۔

72 مسافر طیارہ حادثے کی نذر

نیپال میں مسافر طیارے کے حادثے میں 72 افراد ہلاک ہوگئے۔ طیارہ اندرون ملک محو پرواز تھا۔ گذشتہ 30 برسوں میں نیپال میں 30 فضائی حادثے ہو چکے ہیں، گویا ہر سال ایک فضائی حادثے کی اوسط بنتی ہے۔

17 جنوری

صحابہ کرامؓ کی توہین پر سزا کا قانون منظور

17 جنوری کو قومی اسمبلی میں صحابہ کرامؓؓ، اہل بیتؓ اور امہات المومنینؓ کی توہین پر عمرقید کا بل منظور ہوا۔ یہ بل جماعت اسلامی کے رکن عبدالاکبر چترالی نے پیش کیا، جس کے تحت دس سال قید اور دس لاکھ جرمانہ ہوگا۔

تحریک انصاف کی 'آنکھ مچولی'

بانی تحریک انصاف نے نگراں حکومت کے حوالے سے کردار ادا کرنے کے لیے قومی اسمبلی جانے کا ارادہ ظاہر کیا، تو اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویزاشرف نے 17 جنوری کو جھٹ سے اِن کے 35 ارکان کے استعفے منظور کرکے گویا 'جوابی وار' کردیا۔ اس سے پہلے تحریک انصاف سب کے ایک ساتھ استعفے منظور کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے، جب کہ اسپیکر کی جانب سے مرحلے وار منظور کی بات کی جاتی رہی، اس سے پہلے گیارہ ارکان کے استعفے منظور کیے جا چکے تھے۔

اور اس کے بعد 20 جنوری کو مزید 35 ارکان کے استعفے قبول کرلیے گئے۔ آٹھ فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے 43 اراکین کے استعفوں کی منظوری معطل کر دی، ضمنی انتخابات بھی روکنے کا حکم دے دیا۔ تحریک انصاف کا موقف تھا کہ استعفے منظوری سے پہلے واپس لے لیے گئے تھے۔



18 جنوری

ایران سے حملہ۔۔۔

18 جنوری کو بلوچستان کے علاقے 'پنج گور' میں ایرانی سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں چار جوان شہید ہوگئے۔ 'آئی ایس پی آر' نے کہا کہ اس واقعے میں دہشت گردوں نے ایرانی سرزمین استعمال کی۔

19 جنوری

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا استعفا

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈر نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا، انھوں نے لیبر پارٹی سے بھی سبک دوش ہونے کا عندیہ دیا اور ساتھ یہ بھی بتایا کہ وہ انتخابات میں بھی حصہ نہیں لیں گی۔ ہمارے ہاں تو نسل در نسل بادشاہوں کی طرح وزیراعظم بننا اور 'بلاوجہ' اقتدار چھوڑنا نہایت معیوب گنا جاتا ہے۔

بقول ابن انشا،''یہاں جو کرسی پر ایک بار بیٹھ جائے، اٹھنا مشکل ہوجاتا ہے، یہ بھی کشش ثقل کے سبب ہے!'' ہمارے ہاں دو، دو بار وزیراعظم بنتے ہیں اور کچھ لوگ چوتھی بار کے خواب دیکھتے ہیں، کچھ کی خواہش ہوتی ہے کہ اقتدار پانچویں بار ان کے خاندان کو مل جائے۔ ایک نیوزی لینڈ کی وزیراعظم ہیں کہ 'بلاوجہ' میں چلتی بنیں، نہ کوئی اسکینڈل، نہ کوئی ہنگامہ، نہ تنازع نہ سازش اور نہ کوئی نااہلی۔ بس یونھی رخصت ہوگئیں اور اس پر بھی کہتی ہیں کہ وزیراعظم بننا ان کی زندی گی کا بڑا اعزاز رہا۔ کوئی بتلاؤ کہ ہم بتلائیں کیا!

20 جنوری

روسی تیل کے معاہدے

پاکستان کے روسی تیل خریدنے کے تین معاہدے ہوئے۔ وفاقی وزیر تیل مصدق ملک نے کہا پاکستان اپنی ضرورت کا 35 فی صد خام تیل روس سے درآمد کرنا چاہتا ہے۔ اسلام آباد میں دونوں ملکوں کے درمیان کسٹم، امور کسٹم اور شہری ہوابازی میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

21 جنوری

'شوکت خانم اسپتال' کا فنڈ ہاؤسنگ اسکیم میں لگانے کا اعتراف

عمران خان نے مسلم لیگ ن کے راہ نما خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے کے ہتک عزت کے دعویٰ کیس میں جرح کے دوران تسلیم کیا کہ شوکت خانم اسپتال کے فنڈ ہاؤسنگ پراجیکٹ میں لگائے گئے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ انھیں ہاؤسنگ پراجیکٹ کا نام یاد نہیں۔

دو صوبوں میں نگراں حکومتیں!

نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، جب کہ 22 جنوری کو محسن نقوی نگراں وزیراعلیٰ پنجاب بنے۔ اس سے قبل 12 جنوری کو وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی اور 17جنوری کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے خیبر اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز گورنر کو بھیج دی تھی، جس پر عمل کردیا گیا۔

'سود' اور دفاع پر 3200 ارب

مالی سال کی پہلی شش ماہی کے اعدادوشمار کے مطابق صرف 'سود' اور دفاع پر 3200 ارب خرچ کیے گئے۔ 21 جنوری کو جاری اعدادوشمار کے مطابق وفاقی آمدنی محض 2500 ارب روپے رہی۔ ترقیاتی کاموں پر147 ارب لگے، جو گذشتہ مالی سال کے 141 ارب یا اس سے 49 فی صد کم ہیں۔ نازک صورت حال میں دفاع کے سوا تمام غیر ترقیاتی اخراجات میں جموعی طور پر 15 فی صد کٹوتی کی گئی، جب کہ ترقیاتی اخراجات پچاس فی صد گھٹائے گئے۔

22 جنوری

قرآن پاک کی بے حرمتی پر احتجاج

22 جنوری کو سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے رحمتی پر پاکستان سمیت مسلم دنیا میں شدید احتجاج ہوا۔ ترک وزیرخارجہ نے احتجاجاً سوئیڈن کا دورہ منسوخ کر دیا۔

بہرام ڈی آواری رخصت ہوئے!

ایشین گیمز میں دو مرتبہ 1978 اور 1982 میں کشتی رانی میں پاکستان کے لیے تلائی تمغا جیتنے والے بہرام ڈی آواری طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے۔ وہ آواری گروپ کے روح ورواں اور ملک کی معروف کاروباری شخصیت بھی تھے۔ ان کی عمر 81 برس تھی۔

23 جنوری

مشہورِ زمانہ ایس ایس پی راؤ انوار بری ہوئے

نقیب اللہ محسود قتل کیس کا پانچ سال بعد فیصلہ سامنے آیا، جس کے مطابق سابق ایس ایس پی ملیر راؤانوار سمیت تمام 18 ملزمان کو ناکافی شواہد کی بنا پر بری کردیا گیا۔ کراچی میں نقیب اللہ محسود کے مبینہ پولیس مقابلے پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ازخود نوٹس لیا تھا۔

ملک بھر سے بجلی غائب

بدترین بریک ڈاؤن کے نتیجے میں ملک بھر کی بجلی غائب ہوگئی۔ 2014ء سے بجلی کا یہ نواں بریک ڈاؤن تھا۔



25جنوری

صدر 'متحدہ عرب امارات' کا نجی دورہ

متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زید النہیان شاہی وفد کے ساتھ ایک نجی دور ے پر رحیم یار خان پہنچے۔ ان سے ایئرپورٹ پر وزیراعظم شہباز شریف، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب اور دیگر نے ملاقات کی۔ انھوں نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

فوادچوہدری کی گرفتاری

الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے الزام میں تحریک انصاف کے مرکزی راہ نما فوادچوہدری کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔ انھوں نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن پر تنقید جاری رہے گی، ہر پاکستانی بغاوت کردے۔

26جنوری

مہنگے ڈالر کے نئے ریکارڈ

انٹر بینک میں ڈالر کے نرخ میں یکایک24.53 روپے اضافہ ہوگیا، 230روپے سے بڑھ کر 255.42 ہوگیا۔ 30 جنوری کو یہ 269.63 تک جا پہنچا۔ تین فروری کو یہ 276.57کی بلندی پر جا پہنچا۔

'مائنس فارمولا' اور صدر مملکت

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ''مائنس عمران فارمولا' کام یاب نہیں ہوگا، گرفتاری پر سخت عوامی ردعمل آئے گا۔ عام انتخابات کے حوالے سے حکومت اور حزب اختلاف کو مل کر بیٹھنا چاہیے۔ عمران خان کو خدشہ ہے کہ حکومت انتخابات کرانے میں سنجیدہ نہیں۔ صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ کچھ لوگ آئیں میں انتخابی تاخیر کی گنجائش تلاش کر رہے ہیں۔ اب 'کچھ لوگ' کے بارے میں چہ می گوئیاں کرتے رہے۔'' صدر تو غیر سیاسی ہوتا ہے، لیکن یہ ان کا ایک سیاسی ترجمان کی طرح کا بیان تھا۔

زرمبادلہ کے ذخائر چار ارب سے بھی کم!

26جنوری کی ایک خبر کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر 92 کروڑ ڈالر کی ادائی کے بعد ایک ہفتے کے دوران نو سال کی کم ترین سطح پر آکر محض تین ارب 67 کروڑ 84 ڈالر رہ گئے۔

29 جنوری

مہنگا پیٹرول اور ''خوش حالی کی ذمے داری''

پیٹرول کی قیمت میں بھی ریکارڈ 35 روپے کا اضافہ ہوا اور اس کا نرخ 149.80 روپے پر پہنچ گیا۔ وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے اس کی وجہ عالمی منڈی میں اضافہ قرار دیا اور کہا کہ ہمارے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں، اقتصادی بحران سے نمٹنے اور ملک کو آگے لے جانے کے لیے بڑے فیصلے ضروری ہیں۔

ہمیں بڑے فیصلوں کے حوالے سے مکمل اتفاق ہے، لیکن وزیرموصوف نے اس بیان میں 'بڑے فیصلے' سے متعلق مزید وضاحت نہیں کی۔ قبل ازیں انھوں نے 27 جنوری کو قرار دیا تھا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور خوش حالی اللہ کے ذمے ہے۔ پاکستان معاشی دلدل میں ہے۔ ان شا اللہ اس دلدل سے نکل جائیں گے، اللہ نے پاکستان کو قائم رہنے کے لیے بنایا ہے۔

30جنوری

100شہادتیں۔۔۔ پہلی بار پولیس سراپا احتجاج

پشاور کی پولیس لائنز کی مسجد میں خودکُش دھماکے میں 93 اہل کاروں سمیت 100 افراد شہید ہوگئے۔ دھماکا اگلی صف میں ہوا، جس کے بعد مسجد کی چھت منہدم ہوگئی۔ 'سی سی پی او' پشاور اعجاز خان نے حملے کو سیکیورٹی کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ آور ریڈ زون تھانے کے مرکزی دروازے سے چار حفاظتی رکاوٹیں عبور کر کے مسجد میں داخل ہوا۔

یکم فروری 2023ء کو پہلی بار صوبائی پولیس نے سوات، بنوں، صوابی اور شانگلہ میں دہشت گردوں کے خلاف مظاہرے کیے اور کہا کہ بتایا جائے کہ حملہ آور پولیس لائن میں کیسے داخل ہوا؟ ہمیں اس کا جواب نہ ملا تو ہم ڈیوٹی چھوڑنے پر مجبور ہوں گے!

مظاہرین کا سوال تھا کہ صرف پختونخوا میں ہی کیوں دہشت گردی کی جا رہی ہے، جب کہ پنجاب محفوظ ہے، ہم مزید دہشت گردی اور پختونوں کے قتل عام کو برداشت نہیں کریں گے۔ 'بنوں' میں 'ڈی پی او' عمران اسلم کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری پہنچی، تو انھوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں کو حوالات میں بند کر دیں گے، لیکن پولیس نے احتجاج جاری رکھا، اور پھر خود ہی منتشر ہوگئے۔

فروری


یکم فروری

مہنگائی کی نئی بلند شرح!

وفاقی ادارہ شماریات کی ایک رپورٹ سامنے آئی، جس کے مطابق 27.6 فی صد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، اس طرح مہنگائی نے 47 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جنوری میں افراط زر کی شرح 27.6 رہی، جو مئی 1975 میں 27.8 فی صد رہی تھی۔ فروری کے آخر میں مہنگائی کی یہ شرح 41.54 تک پہنچ گئی۔

4 فروری

''جیل بھرو۔۔۔!''

 سابق وزیراعظم عمران خان نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کردیا اور کہا کہ ساری جیلیں بھر دیں گے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، یہ 'حزب اختلاف' کو ختم کر رہے ہیں، تاکہ نواز شریف پاکستان آسکیں، پرویزمشرف دور میں بھی ایسا نہیں ہوا۔ عدم اعتماد والے دن ڈالر 178کا تھا۔ ہمارے تین سال آٹھ ماہ میں ڈالر 55 اور اس ایک ہفتے میں 50 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔

عمران خان کے اس موازنے پر بے ساختہ یاد آتا ہے کہ دریافت کیا جائے کہ ایک موازنہ تو 2018ء سے بھی ہونا چاہیے، جو 'تبدیلی سرکار' کے صدقے اس ملک کا مقدر ہوئی! بالآخر 22 فروری کو تحریک انصاف نے لاہور سے جیل بھرو تحریک کا آغاز کیا۔ جس میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اعظم سواتی اور عمرچیمہ سمیت دیگر راہ نما گرفتار ہوگئے ۔

5 فروری

جنرل پرویزمشرف کا انتقال

سابق صدر جنرل پرویزمشرف 79 سال کی عمر میں دبئی میں انتقال کرگئے۔ وہ 1999ء تا 2008ء برسراقتدار رہے، بعدازآں تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے پہلے مستعفی ہوگئے۔ انھیں کراچی میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِخاک کیا گیا۔

6 فروری

ترکی وشام میں زلزلہ، 45 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں

ترکی اور شام میں 7.8 شدت کا زلزلہ آیا، جس میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 12 ہزار، جب کہ بعد کے اعدادوشمار کے مطابق یہ ہلاکتیں 45 ہزار تک پہنچ گئیں۔ بتایا گیا کہ رات گئے آنے والے زلزلے نے لوگوں کو سنبھلنے کا موقع بھی نہیں دیا، بلند وبالا عمارات ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

10فروری

'آئی ایم ایف' کی شرائط پر مزید مہنگائی

'آئی ایم ایف' کی شرائط پوری کرتے ہوئے گھریلو صارفین کے لیے بجلی سات روپے یونٹ مہنگی کر دی گئی، صنعتی یونٹ 15.52 روپے مہنگا ہوگیا۔ اسی طرح 13 فروری کو 'آئی ایم ایف' کی مزید شرائط پوری کرتے ہوئے گیس 16 سے 124 فی صد تک مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔14 فروری کو 'جنرل سیلز ٹیکس' میں ایک فی صد اضافہ کرتے ہوئے 17 سے بڑھا کر 18 فی صد کر دیا گیا۔

محبت کا شاعر خَاموش ہوگیا!

اردو کے معروف شاعر اور ڈرامانگار امجد اسلام امجد لاہور میں انتقال کرگئے۔ وہ چار اگست 1944ء کو پیدا ہوئے۔ 50 برس سے زائد متعدد علمی شعبوں میں خدمات دینے کے ساتھ ساتھ تدریس سے بھی وابستہ رہے۔ ان کے نام 40 کتابیں ہیں۔ 'پی ٹی وی' سے بطور ڈائریکٹر وابستہ رہے اور بہتیرے مقبول ڈرامے بھی لکھے۔



12 فروری

''امریکا نہیں باجوہ!'' ایک اور یوٹرن!

سابق وزیراعظم عمران خان نے یوٹرن لیتے ہوئے کہا کہ میری حکومت امریکا نے نہیں باجوہ نے گرائی۔ اب پتا چلا سازش پاکستان سے امریکا ایکسپورٹ ہوئی۔

13 فروری

'کَلا' کی دنیا ضیا محی الدین سے محروم!

بین الاقوامی شہرت یافتہ صداکار، اداکار، ہدایت کار اور میزبان ضیا محی الدین 91 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔ وہ 20 جون 1931ء کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے۔ 1969ء سے 1977ء تک ضیا محی الدین شو کی میزبانی کی۔ 2005ء میں کراچی میں 'ناپا' کی بنیاد رکھی گئی، تو انھیں اس کی سربراہی سونپی، جو انھوں نے آخری دم تک نبھائی۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انھیں 'ستارۂ امتیاز' اور 'ہلال امتیاز' سے نوازا گیا۔

15فروری

سیمینار اور ورک شاپس پر بھی ٹیکس

ضمنی مالیاتی بجٹ پیش کیا گیا، جس میں 170 ارب کے نئے محصولات لاگو کرتے ہوئے، پیٹرول 22.20 روپے مہنگا کر دیا، نئی قیمت 249.80 ہوگئی۔ سامان تعیشات پر ٹیکس کی شرح 17 فی صد سے 20 فی صد کر دی۔ شادی کی پُرتعیش تقریبات، سیمینار، ورک شاپس، سیمنار، نمائش اور موسیقی کے پروگراموں پر 10 فی صد کی شرح سے ودہولڈنگ اینڈ جسٹیبل ٹیکس نافذ کیا گیا۔

اسحق ڈار نے کہا کہ عالمی ادارۂ صحت نے ایسی چیزوں پر ٹیکس کی سفارش کی ہے، جو انسانی صحت کے لیے مضر ہیں۔ اس لیے سگریٹ، شوگر ڈرنکس وغیرہ پر وفاقی ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں اضافے کی بات کی اور ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ یہی ڈیوٹی سیمنٹ پر ڈیڑھ روپے سے بڑھا کر دو روپے کر دی گئی ہے۔ گویا سیمنٹ انسانی صحت کے لیے 'مُضر' تھی!!

17 فروری

کراچی پولیس آفس پر دہشت گردی

کراچی پولیس آفس پر حملے میں دو پولیس، ایک رینجرز اور خاکروب جان سے گئے۔ تین دہشت گرد بھی انجام کو پہنچے۔ شاہراہ فیصل میں صدر سے متصل کراچی پولیس کے دفتر میں دہشت گرد دستی بموں کا استعمال کرتے ہوئے عمارت میں داخل ہوئے اور پھر ساڑھے تین گھنٹے تک پولیس، رینجرز اور خصوصی کمانڈوز سے مقابلہ جاری رہا، جس کے بعد عمارت کو محفوظ قرار دے دیا گیا۔

جسٹس (ر) ملک قیوم چل بسے

لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج اور اور سابق اٹارنی جنرل جسٹس (ر) ملک قیوم 79 سا ل کی عمر میں انتقال کر گئے۔



20 فروری

ضمانت منظور

سابق وزیراعظم عمران خان لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے، جہاں دہشت گردی کیس میں تین مارچ تک کے لیے ان کی حفاظتی ضمانت منظور ہوگئی۔

21 فروری

چوہدری پرویزالٰہی 'تحریک انصاف' میں!

مسلم لیگ (ق) کے سنیئر راہ نما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی ساتھیوں سمیت 'پاکستان تحریک انصاف' میں شامل ہوگئے اور انھیں 'تحریک انصاف' کا صدر بنا دیا گیا۔

چیئرمین نیب نے ہتھیار ڈال دیے!

چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے استعفا دے دیا اور کہا کہ آئین کی منشا کے برخلاف شرائط کے ساتھ کام نہیں کر سکتا۔ انھیں 21 جولائی 2022ء کو چیئرمین نیب بنایا گیا تھا۔

22 فروری

بروقت انتخاب نہ ہونے پر 'ازخود نوٹس'

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے پنجاب اور خیبر پختون خوا میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ ہونے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے نو رکنی بنیچ قائم کردیا۔ سماعت کے دوران کہا گیا کہ نوے روز میں انتخابات کے حوالے سے آئین کی خلاف ورزی نہیں ہونے دیں گے۔ 27 فروری کو چار جج بینچ سے الگ ہوگئے۔

26 فروری

تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی!

غیرقانونی طور پر یورپ جانے والے تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 28 پاکستانیوں سمیت 60 افراد جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ جنوبی اٹلی کے سمندر میں ڈوبی، 81 افراد کو بچا لیا۔ یہ کشتی ترکی سے روانہ ہوئی تھی، جس میں پاکستان کی خواتین ہاکی ٹیم کی مشہور کھلاڑی شاہدہ رضا بھی شامل ہیں۔


مارچ


یکم مارچ

ریکارڈ توڑ مہنگائی

ملک میں مہنگائی کا48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق فروری کے مہینے میں مہنگائی کی شرح 31.5 فی صد پر بند ہوئی جو 1975ء کے بعد بلند ترین سطح تھی۔ اپریل 1975ء میں مہنگائی کی شرح 29.3 فی صد ریکارڈ کی گئی تھی۔

ملک میں موجودہ مالی سال کے پہلے 8 مہینوں میں مجموعی طور پر مہنگائی کی شرح 26.19 فی صد ریکارڈ کی گئی۔ پی ڈی ایم حکومت کے 10ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7بار اضافہ کیا گیا۔

پاکستان، پہلی ڈیجیٹل مردم شماری

سمیت ملک بھر میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہوگیا۔ اسلام آباد میں چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر نے مردم شماری کا افتتاح کیا۔ ڈاکٹر نعیم الظفر نے کہا کہ ایک لاکھ 21 ہزار تربیت یافتہ عملے کو 126000ٹیبلٹس فراہم کیے گئے ' پی بی ایس اور نادرا تکنیکی مدد فراہم کر رہا ہے' پاکستان جنوبی ایشیا کا پہلا ملک ہے جہاں خانہ و مردم شماری کے لیے ٹیبلٹس اور آن لائن ایپلی کیشنز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

2مارچ

ڈالر 285 روپے کا

انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں تیزی سے اضافہ ہوا اور ڈالر ایک ہی جھٹکے سے تقریباً 19 روپے تک مہنگا ہوگیا۔

شرح سود 20 فی صد

حکومت نے شرح سود 17 فی صد سے بڑھا کر 20 فی صد کردی۔ اکتوبر 1996 ء کے بعد یہ ملک میں شرح سود کی یہ بلند ترین سطح تھی۔ اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے شرح سود میں 3 فی صد اضافے کا اعلان کیا۔ اس 3 فی صد اضافے سے شرح سود ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 20 فی صد پر آگئی۔

3مارچ

جان بچانے والی ادویات کی شدید قلت

ملک بھر میں جان بچانے والی 131 ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی۔ وزارت صحت کے حکام نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا کہ مارکیٹ میں عدم دست یاب ادویات زیادہ تر ملٹی نیشنل دوا ساز کمپنیوں کی ہیں، اکثر ملٹی نیشنل کمپنیوں نے ادویات کی قیمتوں کے تنازع پر پیداوار بند کردی ہے۔

4مارچ

عالمی مالیاتی نظام کے شیطانی حربے

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے غریب ممالک کے خلاف امیر ممالک کے شیطانی حربوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امیر ممالک غریب ممالک کو شرح سود کی اضافی قیمتوں سے تنگ کر رہے ہیں۔

قطر میں 46کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ دولت مند قوموں کو معیشتوں کے فروغ اور صحت و تعلیم بہتر بنانے کے لیے سالانہ 500 ارب ڈالر دینے چاہییں۔

انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ توانائی کمپنیاں ریکارڈ منافع کما رہی ہیں، عالمی مالیاتی نظام اپنے فائدے کے لیے امیر ممالک نے ڈیزائن کیا۔ انھوں نے کہا کہ غریب ریاستیں غربت کے بدترین طوفان میں پھنسی ہوئی ہیں، امیر ممالک غریب ریاستوں کو موسمیاتی تبدیلی سے لڑنے میں مدد کے لیے سیکڑوں ارب ڈالر دینے میں ناکام رہے ہیں۔

نذیر احمد چیئرمین نیب تعینات

حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کو چیئرمین نیب تعینات کردیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے ساتھ مشاورت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کو چیئرمین نیب تعینات کرنے کی منظوری دی۔

5مارچ

عمران خان کے بیانات اور تقاریر نشر کرنے پر پابندی

پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے سابق وزیراعظم عمران خان کی تقاریر، بیانات، براڈ کاسٹ اور ٹیلی کاسٹ پر پابندی عاید کردی۔ پیمرا کا کہنا ہے کہ عمران خان کا بیان، گفت گو یا خطاب لائیو ہو یا ریکارڈ ٹی وی چینلز نشر نہیں کرسکتے اور ان کی تقاریر، بیانات پر پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔



6مارچ

بلوچستان میں خودکش حملہ

بلوچستان کے ضلع بولان میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک پر خودکش حملے کے نتیجے میں 9 اہل کار شہید اور 11 زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق واقعہ کوئٹہ سبی شاہ راہ پر کمبڑی پل کے مقام پر پیش آیا۔ ایس پی بولان محمود نوتیزئی کے مطابق موٹرسائیکل سوار خودکش حملہ آور نے ٹرک کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ٹرک الٹ گیا اور اہل کار اس کے نیچے دب گئے۔ واقعے میں اے ایس آئی گل بدین، اے ایس آئی راوت خان، کانسٹیبلز شہزاد احمد، سمیع اﷲ، محمد حیات، عبدالقیوم، نذر محمد، ظہور علی اور اشفاق شہید ہوگئے۔

حج مشکل، اخراجات 11لاکھ سے متجاوز

حکومت نے عوام کے لیے حج کی سعادت حاصل کرنا انتہائی مشکل بنادیا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سرکاری حج اسکیم کے اخراجات 11 لاکھ 75 ہزار روپے کرنے کی منظوری دے دی۔ ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت منعقد ہوا۔

سرکاری و نجی ادارے گیس کی مد میں 445 ارب کے نادہندہ

سرکاری اور نجی ادارے گیس کی مد میں 445 ارب کے وفاق کے نادہندہ نکلے۔ کھاد سیکٹر سب سے زیادہ 171 ارب کا نادہندہ ہے، کے الیکٹرک گیس کی مد میں 39 ارب روپے کا نادہندہ ہے، پاکستان اسٹیل مل نے گیس کی مد میں 2 ارب سے زاید ادا کرنے ہیں، واپڈا اور آئی پی پیز گیس کی مد 4,4 ارب روپے کے نادہندہ ہیں، جینکوز بھی گیس کی مد میں وفاق کی 4 ارب روپے کی نادہندہ ہیں جب کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری گیس کی مد میں 22 ارب سے زاید کی نادہندہ ہے۔

7مارچ

لگژری اشیاء پر 25 فی صد ٹیکس

وفاقی کابینہ نے آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد کرتے ہوئے لگژری آئٹمز پر 25 فی صد ٹیکس نافذ کرنے کی منظوری دے دی۔ ایکسپریس نیوز کے ذرائع کے مطابق ٹیکس کی نئی شرح کا نفاذ یکم مارچ سے ہوگا۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کی سُبکی

بھارتی سپریم کورٹ نے ہندو قوم پرست راہ نما کی جانب سے ملک کے تمام شہروں اور تاریخی مقامات کے نام تبدیل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ان مقامات کے نام ان لوگوں سے منسوب کیے گئے ہیں جو وحشی غیرملکی حملہ آور تھے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے راہ نما اشونی اپادھیائے نے درخواست میں عدالت سے نام تبدیل کرنے کا کمیشن قائم کرنے کی اجازت مانگی۔

اپادھیائے کے مطابق اس کمیشن کا کام ان قدیم (ہندو) تاریخی ثقافتی مذہبی مقامات کی فہرست تیار کرنا ہوگا جنہیں مسلمان حکم رانوں کے دور میں مختلف ناموں سے منسوب کیا گیا۔ اپادھیائے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے 2 ججوں کے بنچ نے کہا کہ یہ تجویز آئین میں درج سیکولرازم کے اصول کے خلاف ہے۔

واضح رہے کہ چند سالوں میں بی جے پی نے مسلم ناموں والے کئی مقامات کے نام بدل دیے ۔ 2018 ء میں شمالی بھارت کے شہر الٰہ آباد کا نا م تبدیل کر کے پریاگ راج کردیا گیا تھا۔ اسی طرح مغل سرائے کے ایک قریبی تاریخی ریلوے جنکشن کا نام بدل کر پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن رکھ دیا گیا تھا۔

امریکا کو چین کی تنبیہ

بیجنگ میں پارلیمان کے سالانہ اجلاس کے دوران وزیرخارجہ چن گینگ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ تائیوان ان کے ملک کے لیے ایک سرخ لکیر ہے جس کی پاس داری دنیا کے لیے لازمی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تائیوان کے مسئلے کو حل کرنا صرف بیجنگ کا حق ہے اور کسی دوسرے ملک کو اس میں مداخلت کا اختیار نہیں ہے۔ اس سال چین اور امریکا کے درمیان تناؤ بڑھ گیا۔ چند ماہ قبل امریکی سنیئر سیاست دانوں نے تائیوان کے دورے کرکے بیجنگ کو مشتعل کردیا تھا۔

8مارچ

پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنان میں جھڑپیں

لاہور میں پولیس اور عمران خان کی حکومت ختم ہونے کے خلاف احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان میں جھڑپوں کے نتیجے میں ایک شخص جاں بہ حق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ محکمۂ داخلہ پنجاب نے لاہور 7روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسہ، جلوس، ریلی پر پابندی عاید کردی۔

عرب ممالک کا احتجاج

عالمی خبررساں ادارے کے مطابق عرب ممالک نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں نے قرآن پاک کو نذرِآتش کرنے کے واقعات کی مذمت کرنے سے گریز کیا۔

عرب ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے قطر کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ڈاکٹر ہند عبدالرحمٰن المفتاح نے کہا کہ مسلمانوں کی مقدس ترین کتاب قرآن کو جلانے کے ناپاک واقعات پر عالمی ادارے کا رویہ نہایت مایوس کن ہے جس پر گہری تشویش ہے۔ عرب ممالک نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زور دیا کہ سویڈن سمیت ایسے تمام ممالک جہاں آزادی اظہار رائے کے نام پر مذہب کو نشانہ بنایا جاتا ہے وہاں مذہبی احترام کے بنیادی حقوق کی پاس داری کو یقینی بنایا جائے۔

10مارچ

کراچی پر بجلی بم

پی ڈی ایم حکومت نے کراچی پر بڑا بجلی بم گرا دیا۔ نیپرا نے بجلی کے صارفین سے 14 روپے 24 پیسے فی یونٹ تک وصول کرنے کی اجازت دیتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ نیپرا کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی کے شہریوں سے 13 روپے 87 پیسے فی یونٹ وصول کرنے کی اجازت دی گئی۔ کے الیکٹرک صارفین کے لیے 13 روپے 87 پیسے فی یونٹ تک اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔

ایران سعودی عرب تعلقات بحال

عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایران اور سعودی عرب سفارتی تعلقات بحال کرنے اور ایک دوسرے کے ملک میں سفارت خانے کھولنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والے مذاکرات کے بعد سامنے آیا، چین کی ثالثی میں سعودی عرب اور ایران نے تعلقات کی بحالی پر اتفاق کرلیا۔ 2016 میں تہران میں سعودی سفارت خانے پر حملے کے بعد سے سفارتی تعلقات منقطع تھے۔

مہنگائی میں مزید اضافہ

وفاقی ادارۂ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 9 مارچ 2023 کو ختم ہونے والے حالیہ ہفتے کے دوران 44 ہزار 175روپے ماہانہ سے زاید آمدنی رکھنے والا طبقہ مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا جس کی لیے مہنگائی کی شرح 44.14 فی صد رہی۔



11مارچ

افغانستان میں بم دھماکے

ہفتے کو افغان صوبے بلخ کے ضلع مزارشریف میں ثقافتی مرکز میں صحافیوں کی ایک تقریب کے دوران بم دھماکے کے نتیجے میں5 صحافیوں سمیت 8 افراد جاں بہ حق ہوگئے۔ طالبان انتظامیہ کے مطابق دھماکا صبح 11 بج کر 30 منٹ پر بارودی سرنگ پھٹنے سے ہوا۔ زخمیوں میں 5صحافی اور3 بچے شامل ہیں جب کہ ایک سیکیوریٹی گارڈ بھی مارا گیا۔

12مارچ

انسانی حقوق کی مخدوش صورت حال

امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے سنیئر رکن بریڈ شرمین نے پاکستان میں انسانی حقوق اور جمہوریت کی مسلسل خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں آزادی اظہار اور قانون کی حکم رانی کو یقینی بنائے۔

بریڈ شرمین نے مطالبہ کیا ہے کہ صحافی ارشدشریف اور ظلِ شاہ کی اموات کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔ بریڈ شرمین نے کہا ہے کہ شخصی آزادیوں پر قدغن کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔ امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے سنیئر رکن نے عمران خان کی تقریر پر پابندیوں اور سیاسی سرگرمیوں کر روکنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

13مارچ

مردم شماری ٹیم پر دہشت گرد حملہ

لکی مروت، تھانہ صدر کی حدود میں مردم شماری ٹیم پر موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی۔ دوسری جانب ٹانک میں گومل کے علاقہ کوٹ اعظم میں بھی مردم شماری کی ٹیم پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ سے ایک پولیس اہل کار خان نواب شہید اور 8 اہل کار شدید زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں مردم شماری کی سیکیوریٹی پر مامور پولیس اہل کار کو فائرنگ کرکے شہید کرنے والا دہشت گرد کمانڈر عبدالرشید عرف رشیدی سیکیوریٹی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

14مارچ

آئی ایم ایف، مذاکرات میں پیش رفت

وزارت خزانہ اور دفترخارجہ کے امریکا اور دیگر ممالک سے رابطوں میں پیش رفت ہوئی۔ مذاکرات میں وزیرخزانہ بھی شریک ہوئے جب کہ مذاکرات میں رواں سال بیرونی فنانسنگ 7 ارب ڈالر کے بہ جائے 6 ارب ڈالر کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔ چین سے 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے پر بھی بات ہوئی اور چین کی طرف سے 80 کروڑ بھی جلد ملنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ وزارت خزانہ نے ایک مرتبہ پھر اگلے 2 روز میں اسٹاف لیول معاہدے کے لیے امید ظاہر کی ہے۔

15مارچ

اسلاموفوبیا کے خلاف اقدامات ناگزیر

اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس نے کہا کہ مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور اسلاموفوبیا کے خلاف ہم سب کو کھڑا ہونا ہوگا۔ گذشتہ برس اقوام متحدہ کی جانب سے 15 مارچ کو ''انٹرنیشنل ڈے ٹو کومبیٹ اسلاموفوبیا'' کے لیے مختص کیا گیا۔ یعنی ہر سال 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن منایا جائے گا۔ یہ دن منانے کا فیصلہ پاکستان اور او آئی سی کی جانب سے اقوام متحدہ میں پیش کی گئی قرارداد کی منظوری کے بعد کیا گیا تھا۔ قرارداد میں کہا گیا تھا کہ قرآن کی بے حرمتی، نبی آخری الزماں ﷺ کے گستاخانہ خاکوں اور اسلام سے متعلق توہین آمیز کلمات سے عالم اسلام کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔

16مارچ

بجلی پھر مہنگی

نیپرا نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3 روپے 23 پیسے تک اضافے کی ابتدائی منظوری دے دی۔

چینی بینک پاکستان کو مزید 50 کروڑ ڈالر دینے پر رضامند

چین سے مزید 50 کروڑ ڈالر کے حصول کے لیے دستاویزی کارروائی مکمل کرلی گئی۔ اسحاق ڈار نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فام ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ٹویٹ میں بتایا ہے کہ چین کے جانب سے 50 کروڑ ڈالر فنڈز جلد اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو جاری ہوجائیں گے۔

17مارچ

اسرائیلی دہشت گردی

مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی مسلسل چوتھے روز بھی جاری رہی جس میں مزید 3 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے، جب کہ2 روز قبل زخمی ہونے والا نوجوان چل بسا۔ ایک دن کے وقفے کے بعد اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں واقع جنین کے پناہ گزین کیمپ پر ایک بار پھر چڑھائی کی اور سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے ایک کار پر اندھادھند فائرنگ کرکے 3 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔ شہید ہونے والوں کی عمریں 15 سے 21 سال کے درمیان تھیں۔

اطلاعات کے مطابق ایک روز قبل اسرائیلی فوج کی گولیاں لگنے کے باعث زخمی ہونے والا 14 سالہ نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ اس واقعے میں 6 نوجوان شہید بھی ہوئے تھے۔ مغربی کنارے میں صرف 2 روز میں اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینی نوجوانوں کی تعداد 10 ہوگئی جب کہ 5 سے زاید زخمی ہوئے۔ واضح رہے کہ اس برس مارچ تک اسرائیلی فوج اور یہودی آبادکاروں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 78 ہوگئی، جن میں 14 بچے بھی شامل تھے۔

زیریں کوہستان میں آتش زدگی

لوئر کوہستان کے علاقے سیری پٹن میں گھر میں آگ لگنے سے خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد جاں بہ حق اور3 زخمی ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجینسی آفیسر ریسکیو 1122 ساجد علی نے اے پی پی کو بتایا کہ لوئر کوہستان کے علاقے سیری پٹن میں رات کے اوقات میں نواب ولد محمدخان کے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ کے باعث گھر کی چھتیں گرگئیں اور رہائشی افراد ملبے تلے دب گئے، حادثے کے نتیجے میں زوجہ محمد خان، زوجہ نواب خان سمیت نواب خان کی 5 بیٹیاں اور3 بیٹے جاں بہ حق جب کہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

18مارچ

اسرائیل، امارات معاہدہ

اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سائبر خطرات سے تحفظ کے لیے معاہدہ ہوگیا۔ یہ معاہدہ اسرائیلی سائبر انٹیلی جنس کمپنی اور اماراتی ٹیلی کام کمپنی کے مابین ہوا۔ اسرائیلی کمپنی سائبر حملوں کو ٹریک کرنے، ان کی نشان دہی کرنے اور سرکاری اور نجی اداروں کو ممکنہ سائبر حملوں کی لیے الرٹ جاری کرتی ہے۔3 سالہ معاہدے کے تحت اماراتی کمپنی اسرائیل سے سائبر حملوں کے متعلق فوری معلومات کے تبادلے اور اپنے انفرااسٹرکچر کو سائبر حملوں سے بچانے کے لیے پلیٹ فارم تشکیل دے گی۔

واضح رہے کہ دسمبر 2022 ء میں مراکش، بحرین، امارات اور اسرائیل کی سائبر ایجنسیوں کے سربراہان نے مشترکہ سائبر دفاعی پلیٹ فارم قائم کرنے کے حوالے سے بحرین میں پہلی بار ملاقات کی تھی۔ معاہدے ابراہیمی کے تحت ان ممالک نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرکے فلسطینیوں کی پیٹھ میں چھڑا گھونپا تھا۔

19مارچ

خالصتان ریفرنڈم بھارت کے سائبر حملے

آسٹریلیا میں خالصتان ریفرنڈم رکوانے کے لیے سفارتی میدان میں ناکامی کے بعد بھارت سائبر حملوں پر اتر آیا۔ رپورٹس کے مطابق بھارت سے آزادی کے حصول کے لیے ریفرنڈم میں شریک سکھوں کا جوش و خروش قابل دید تھا۔ ووٹنگ کے آغاز سے قبل ہی ووٹنگ سینٹر کے باہر ووٹ ڈالنے کے لیے خواہش مند افراد کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ ریفرنڈم رکوانے کی تمام تر بھارتی کوششوں کے باوجود ہزاروں سکھوں نے ووٹ ڈالا۔ سکھ فار جسٹس کا دعویٰ ہے کہ بھارتی حکومت کے ہیکرز حملوں میں ملوث ہونے کے شواہد بھی موجود ہیں۔

گرپتونت سنکھ پنوں نے کہا نریندر مودی کا ریفرنڈم رکوانے کے لیے ہر حربہ کا آسٹریلیا میں آباد سکھوں نے بھرپور جواب دیا۔ صدر خالصتان کونسل ڈاکٹر بخشش سنگھ سندھو کا کہنا تھا بھارت میں سکھوں کو انتہاپسند ہندو حکومت، بنیادی حقوق دینے سے بھی انکاری ہے، یورپ کے مختلف شہروں میں ہونے والے ریفرنڈم میں سکھوں نے بھارت سے آزادی کا فیصلہ سنا دیا۔2021 سے شروع ہونے والے ریفرنڈم میں برطانیہ کے 7 شہروں سمیت سوئٹزرلینڈ، اٹلی اور کینیڈا میں 2 مقامات پر بھی ریفرنڈم ہوچکے ہیں۔



20مارچ

لندن: بھارتی ہائی کمیشن پر خالصتان کا پرچم

سکھوں نے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن پر خالصتان کا پرچم لہرا دیا۔ سوشل میڈیا پر سکھ نوجوانوں کو بھارتی پرچم اتار کر خالصتان کا پرچم لگاتے دکھاتی وڈیو وائرل ہوگئی۔ خالصتان کا جھنڈا اٹھائے سکھ سڑک پر بھی موجود تھے، اس دوران ہاتھوں میں خالصتان کا پرچم اٹھائے نوجوان بھارت کے خلاف اور خالصتان کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔

بھارتی سفارتی اہل کار نے ترنگا اتارنے اور خالصتان کا پرچم لہرانے سے روکنے کی کوشش کی جو ناکام ہوگئی۔ لندن میں مقیم سکھ برادری کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن پر بھارتی پرچم اتار کر خالصتان کا جھنڈا لہرانے کا مقصد بھارتی پنجاب میں خالصتان تحریک کے حامی امرت پال سنگھ اور ان کے6 ساتھیوں کی گرفتاری کے خلاف احتجاج اور آسٹریلیا میں خالصتان کے بارے میں ہونے والے ریفرنڈم سے اظہار یکجہتی تھا۔

افغانستان: اقرباء پروری کے خلاف مہم

طالبان راہ نما ہبتہ اﷲ اخوندزادہ نے افغان حکام کو اپنے ان تمام رشتے داروں کی برطرفی کا حکم دیا جنہیں سرکاری عہدوں پر رکھا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ہبتہ اﷲ اخوندزادہ کے حکم نامے میں کہا گیا کہ اپنے بیٹوں یا خاندان کے دیگر افراد کی جگہ دوسرے افراد کا تقرر کیا جائے اور مستقبل میں حکام اپنے عزیزوں کو سرکاری ملازمت دینے سے گریز کریں۔

21مارچ

پاکستان: انسانی حقوق کی پامالی

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی انسانی حقوق سے متعلق سالانہ رپورٹ میں گزشتہ برس 2022 میں سابق وزیراعظم عمران خان کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سے منظرنامے کو شامل کو کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کام یابی کے بعد تحریک انصاف کے احتجاج، عوامی ریلیوں اور آزادی مارچ کے دوران گرفتاریاں کی گئیں اور 2 اموات بھی ہوئیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اس دوران فوج اور عدلیہ پر تنقیدی مواد نشر یا شایع کرنے پر آئینی پابندیاں نافذ کی گئیں اور میڈیا کو سیاست دانوں کی تقاریر اور انتخابات سے متعلق کوریج کو سنسر کرنے پر مجبور کیا گیا۔

اسرائیلی نسل پرستی

امریکا اور یورپی یونین نے اسرائیلی حکومت کی جانب سے نسل پرستانہ بیانات کی مذمت کردی۔ خبررساں اداروں کے مطابق اسرائیلی وزیرخزانہ بیزالیل اسموتریش نے فرانس کے دورے کے دوران ایک موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے فلسطین اور وہاں کے لوگوں کے وجود کو ہی ماننے سے انکار کردیا تھا۔ اسرائیلی وزیر نے کہا کہ فلسطین کی کوئی تاریخ یا ثقافت سرے سے ہے نہیں۔ اسی طرح فلسطینی عوام نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ یورپی یونین کے دفتر نے کہا کہ سموتریش کے بیانات کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

سان فرانسسکو میں بھارتی قونصل خانے پر حملہ

خالصتان تحریک کے حامی مظاہرین نے سان فرانسسکو میں بھارتی قونصل خانے پر حملہ کر کے اسے نقصان پہنچایا۔ خالصتان کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے، مظاہرین نے سٹی پولیس کی طرف سے کھڑی کی گئی عارضی حفاظتی رکاوٹوں کو توڑ دیا اور قونصل خانے کے اندر خالصتانی جھنڈے لگا دیے۔ اس کے فوراً بعد مشتعل مظاہرین کا ایک گروپ بھارتی قونصلیٹ کمپلیکس میں داخل ہوا اور دروازے اور کھڑکیوں کو نقصان پہنچایا۔

22مارچ

عمران خان: زلمے خلیل زاد کی تشویش

امریکا کے سابق نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ (پاکستان کی) حکومت نے عمران خان کو ریاست کا دشمن نمبر ایک بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ پاکستان کی پارلیمنٹ، جس پر حکومتی اتحاد کا کنٹرول ہے، سپریم کورٹ سے عمران خان کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دلوا اور آئندہ چند روز میں پی ٹی آئی پر پابندی لگا سکتی ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس طرح کے اقدامات پاکستان میں سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کے بحران کو مزید گہرا کریں گے۔ امریکی سینیٹر جیکی روزن نے بھی پاکستان کی سیاسی صورت حال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

23مارچ

یوم پاکستان کی پریڈ ملتوی

خراب موسم کے باعث ایوانِ صدر میں ہونے والی یومِ پاکستان کی پریڈ ملتوی کردی گئی۔ اس حوالے سے ایوانِ صدر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یومِ پاکستان کی ملتوی ہونے والی پریڈ اب 25 مارچ کو ہوگی۔ اس مرتبہ پاک فوج کی پریڈ شکر پڑیاں کے بہ جائے ایوانِ صدر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

24مارچ

مہنگائی میں ہوش ربا اضافہ

ماہ رمضان میں بھی مہنگائی کے وار جاری، ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی میں 1.8 فی صد کا بڑا اضافہ، سالانہ بنیاد پر مہنگائی 46.6 فی صد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی،26اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں۔

سونا 5 ہزار600 روپے مہنگا

ملک میں زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت بڑھ کر 10 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق 17 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 50 کروڑ ڈالر کے کمرشل قرضوں کی رقم موصول ہونے سے سرکاری ذخائر میں اضافہ ہوا۔ زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کی مالیت 28 کروڑ ڈالر اضافے سے 4 ارب 59 کروڑ 87 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی۔ علاوہ ازیں عالمی منڈی میں سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد ملکی سطح پر سونے کے نرخ میں بڑا اضافہ ہوا۔

شام پر امریکی فضائی حملے

امریکا نے شام میں ایرانی حمایت یافتہ گروپوں کے ٹھکانوں پر بم باری کردی۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق شام میں ایرانی حمایت یافتہ گروپوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ صدر جوبائیڈن کے حکم پر کیا گیا جس کی زد میں آکر 3 عام افراد بھی مارے گئے۔ امریکی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا جس میں ایران نواز عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا۔

26مارچ

انٹرنیشنل کنسورشیم: ڈیم کی سرمایہ کاری کی پیش کش

انٹرنیشنل کنسورشیم نے پاکستان میں دو ڈیمز کی تعمیر کے لیے نے 26ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیش کش کی، جس سے 22 ہزار میگاواٹ بجلی اور35 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کے دو ڈیمز تعمیر ہوں گے۔ ان ڈیمز سے بجلی تیار کرنے پر تین روپے فی یو نٹ لاگت آئے گی جب کہ ان دو ڈیمز کی پیداواری صلاحیت پاکستان میں موجودہ تمام ڈیمز سے دگنی ہے اور کارٹزارا ڈیم کی صلاحیت کار کالا باغ ڈیم سے چھے گنا زیادہ ہے۔

10.7 میں سے صرف 12 کروڑ ڈالر مل سکے

حکومتِ پاکستان سیلاب متاثرین کے لیے جنیوا ڈونرز کانفرنس میں اعلان کردہ 10.7 ارب ڈالرز میں سے صرف 12 کروڑ ڈالرز ہی حاصل کر سکی۔ پاکستان کو سیلاب متاثرین کے لیے جنیوا ڈونرز کانفرنس میں کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد میں تاخیر کا سامنا رہا۔ پاکستانی حکام کے مطابق جنیوا کانفرنس میں پاکستان کے لیے 3 سال میں10.7 ارب ڈالر کی فنانسنگ کا وعدہ کیا گیا تھا۔



27مارچ

کابل میں خودکش حملہ

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع وزارت خارجہ کے دفتر کے سیکورٹی گیٹ پر حملہ آور نے خود کو بارودی مواد کے دھماکے سے اُڑا لیا۔ طالبان کے ترجمان نے اپنے بیان میں 6 افراد کے جاں بہ حق ہونے کی تصدیق کی۔ خود کش حملے میں 10 سے زاید افراد زخمی بھی ہوئے۔

28مارچ

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023

وفاقی کابینہ نے چیف جسٹس آف پاکستان کے ازخود نوٹس لینے اور سپریم کورٹ کے بینچوں کی تشکیل کے اختیارات میں کمی کے حوالے سے بل کی منظوری دے دی جس کے بعد اسے قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔

وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ کی جانب سے پیش کردہ عدالتی اصلاحات بل (سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023) اسپیکر نے اراکین اسمبلی کی درخواست پر بل پر مزید غور کے لیے قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا۔ بل میں تجویز کیا گیا کہ عدالت عظمیٰ کے 3 سنیئر ترین جج ازخود نوٹس کا فیصلہ کریں گے، ازخود نوٹس کے فیصلے پر 30 دن کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہوگا اور اپیل دائر ہونے کے 14روز کے اندر درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کرنا ہوگا۔

سعودی عرب میں بس حادثہ

سعودی عرب کے جنوب مغرب میں ایک خوف ناک بس حادثے میں کم از کم20 عمرہ زائرین جاں بہ حق اور 29 زخمی ہوگئے۔ عسیر صوبے میں عقبہ کے مقام پر عمرہ زائرین کی بس ایک پل سے ٹکرانے کے باعث اُلٹ گئی جس کے بعد بس میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں بیس افراد جاں بہ حق اور29 زخمی ہوئے۔

29مارچ

چیف جسٹس کے تنہا ازخود نوٹس لینے کا اختیار ختم

قومی اسمبلی میں عدالتی اصلاحات سے متعلق بل بھاری اکثریت سے منظور کرلیا گیا، جس کے تحت چیف جسٹس آف پاکستان کا تنہا ازخود نوٹس لینے کا اختیار ختم کردیا گیا۔ بل وزیرقانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا۔ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر نامی اس بل کے مسودے میں موجود ترامیم کے مطابق بینچوں کی تشکیل اور ازخود نوٹس کا فیصلہ عدالتی کمیٹی کرے گی جس میں چیف جسٹس اور 2 سنیئر ترین ججز ہوں گے۔

فیصلہ کثرت رائے سے ہوگا، یہی کمیٹی بنیادی انسانی حقوق کے معاملات کم از کم 3 ججوں پر مشتمل بینچ کو بھجوائے گی۔ آئین کے آرٹیکل 184/3 کے تحت معاملہ پہلے کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا، بنیادی حقوق سے متعلق عوامی اہمیت کے معاملے پر3 یا اس سے زاید ججز کا بینچ بنایا جائے گا، آئین اور قانون سے متعلق کیسز میں بینچ کم از کم 5 ججز پر مشتمل ہوگا جب کہ بینچ کے فیصلے کے 30 دن کے اندر اپیل دائر کی جاسکے گی، دائر اپیل 14 روز میں سماعت کے لیے مقرر ہوگی، زیرالتوا کیسز میں بھی اپیل کا حق ہوگا، فریق اپیل کے لیے اپنی پسند کا وکیل رکھ سکتا ہے۔

اس کے علاوہ ہنگامی یا عبوری ریلیف کے لیے درخواست دینے کے 14 روز کے اندر کیس سماعت کے لیے مقرر ہوگا۔ علاوہ ازیں عدالتی اصلاحات بل میں محسن داوڑ کی ترمیم شامل ہونے سے ن لیگ کے قائد نوازشریف کو از خود نوٹس پر ملی سزا کے خلاف اپیل کا حق مل گیا۔

سعودی عرب شنگھائی تعاون تنظیم کا حصہ بن گیا

سعودی عرب کی چین سے طویل المدتی شراکت داری کا آغاز ہوگیا اور سعودی کابینہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کا حصہ بننے کے فیصلے کی منظوری دے دی۔ سعودی عرب نے ایک میمورنڈم پر دست خط کیے جس میں اسے شنگھائی تعاون تنظیم میں مذاکراتی پارٹنر کا درجہ دیا گیا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم چین، روس، بھارت اور پاکستان سمیت یورپ اور ایشیائی ممالک کا سیاسی اور سیکوریٹی اتحاد ہے۔

30مارچ

سینیٹ سے بھی عدالتی اصلاحات بل منظور

سینیٹ نے بھی عدالتی اصلاحات بل منظور کرلیا۔ چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں ایوان نے بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کرنے سے متعلق اپوزیشن کی تحریک مسترد کردی گئی۔ وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے عدالتی اصلاحات بل پیش کیا جس کے حق میں 60 اور مخالفت میں 19 ووٹ پڑے۔

اپریل


2اپریل

بھارتی گجرات میں فسادات کا سفاکانہ فیصلہ

بھارت کی عدالت نے گجرات فسادات میں اجتماعی زیادتی اور مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث تمام 26 ملزمان کو 20 سال پرانے کیس میں بری کردیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کل 39 ملزمان میں سے 13 ملزمان کیِ ٹرائل کے دوران موت ہوگئی تھی۔

استغاثہ نے اپنی دلیل کی حمایت میں 190 گواہوں اور 334 دستاویزی ثبوتوں پیش کیے لیکن عدالت نے دہرا معیار اپناتے ہوئے انہیں قبول نہیں کیا۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ملزمان اس ہجوم کا حصہ تھے جنہوں نے 27 فروری کو گودھرا میں سابرمتی ٹرین جلانے کے واقعہ کے بعد یکم مارچ 2002ء کو ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات میں قتل عام اور مسلمان خواتین سے اجتماعی زیادتی کی تھی۔

3اپریل

صہیونی فورس کی تیاری

اسرائیل نے فلسطینیوں کے خلاف فورس کی تیاری شروع کردی۔ اسرائیلی ٹی وی 24 آئی کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے مختلف وزارتوں کے بجٹ کو کم کرنے پر اتفاق کرلیا ہے تاکہ ''نیشنل گارڈز'' فورس قائم کرنے کے لیے ایک ارب شیکل فراہم کیے جا سکیں۔ یہ اقدام قومی سلامتی کے وزیر ایمار بن گویر اور وزیر اعظم نیتن یاہو کے درمیان ہونے والے ایک معاہدے کے مطابق کیا گیا جس کے بدلے میں بن گویر نے نیتن یاہو کی متنازع عدالتی اصلاحات کی حمایت کی تھی۔

4اپریل

اسرائیلی فوج کا مسجد اقصیٰ پر دھاوا

اسرائیلی قابض فوج نے بھاری ہتھیاروں سے لیس ہوکر مسجد اقصیٰ پر حملہ کیا اور وہاں موجود معتکفین کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ ادھر مسجد اقصیٰ کے امام و خطیب شیخ عکرمہ نے کہا کہ مسجد اقصیٰ اس وقت سخت خطرات سے دوچار ہے۔ انہوں نے فلسطینیوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں قبلہ اول میں اعتکاف کو یقینی بنائیں۔

5اپریل

پٹنہ: بھارتی انتہا پسندی

بھارتی میڈیا کے مطابق رام نوامی ریلیوں کے دوران تشدد اور فسادات کے کئی واقعات رونما ہوئے جن میں سے ایک واقعے میں ہزار سے زاید جنونی ہندوتوا کے شرپسندوں نے ریاست بہار میں واقع مدرسہ عزیزیہ پر دھاوا بول دیا۔ حملہ آور جے شری رام کے نعرے لگا رہے تھے۔ وہ مدرسے کے محافظ کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے مدرسے میں داخل ہوگئے، توڑ پھوڑ کی اور جاتے ہوئے پیٹرول بم پھینک گئے، جس سے مدرسے سے منسلک لائبریری میں موجود ساڑھے 4 ہزار کتابیں جل کر راکھ ہوگئیں۔ 110 سال قدیم ہونے کی وجہ سے اس مدرسے کو تاریخی اہمیت بھی حاصل تھی۔

مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پر غزہ سے راکٹ حملے

اسرائیلی فوج نے صبح سویرے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں جھڑپوں کے بعد 350 سے زاید فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ صہیونی فضائیہ نے غزہ میں بھی بم باری کی۔ اسرائیلی پولیس مسجد الاقصیٰ میں داخل ہوئی، جس کے بعد وہاں موجود نہتے نمازیوں نے شدید مزاحمت کی۔ قابض فوج نے رمضان المبارک کی ذرا بھی پروا نہیں کی اور قبلہ اول کو میدان جنگ بنادیا۔ دوسری جانب غزہ سے اسرائیلی کارروائیوں کے جواب میں 9 راکٹ داغے گئے، جس کے بعد اسرائیل نے غزہ پر فضائی حملے کیے۔

اسرائیلی قبضے کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے اسرائیلی قبضے کے خلاف او آئی سی کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی۔ بیت المقدس اور گولان کی پہاڑیوں پر قبضے کے خلاف او آئی سی کی قرارداد پاکستان نے پیش کی، قرارداد کے حق میں 38 اور مخالفت میں 4 ووٹ پڑے جب کہ 5 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ اسرائیل کے خلاف قرارداد کی مخالفت کرنے والے4 ممالک میں امریکا اور برطانیہ بھی شامل ہیں۔



6اپریل

بجلی کی قیمت میں 50 فی صد سے زاید اضافہ

ایک سال کے دوران بجلی کی قیمتوں میں 50 فی صد سے زاید اضافہ کیا گیا۔ نیپرا دستاویز کے مطابق فیول ایڈجسٹمنٹ اور سرچارجز کی مد میں بجلی مہنگی کی گئی، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 10 روپے اضافہ ہوا، گھریلو صارفین کی بجلی 50 فی صد مہنگی کی گئی۔ دستاویز کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 8 روپے 50 پیسے بڑھے، جس سے صارفین کا ٹیرف 18.04 روپے سے 26.54 روپے ہوگیا۔

دوسری جانب کمرشل صارفین کی بجلی 11 روپے فی یونٹ مہنگی ہوئی، صنعتی صارفین کی بجلی 9 روپے 55 پیسے مہنگی کی گئی، زرعی صارفین کے ٹیرف میں 9 روپے 14 پیسے کا اضافہ ہوا۔ نیپرا کی دستاویز کے مطابق توانائی کی قیمت 655 ارب سے بڑھ کر 1152 ارب ہوگئی۔ کیپسٹی چارجز 794 ارب سے بڑھ کر 1251 ارب ہوگئے۔ بجلی کی پیداواری لاگت میں 22 فی صد اضافہ ہوگیا جب کہ مجموعی پیداواری لاگت 1515 ارب سے بڑھ کر 2518 ارب ہوگئی۔

مسجد اقصیٰ: 40 سال سے کم افراد کے داخلے پر پابندی

مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملے اور گرفتاریوں کے بعد اسرائیلی پولیس نے 40 سال سے کم عمر افراد کو مسجد میں داخل ہونے سے روک دیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق اسرائیلی پولیس نے مسلسل تیسری رات مسجد اقصیٰ میں داخل ہوکر نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور نمازفجر کے لیے آنے والے نوجوانوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روک دیا۔

اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس میں بھاری نفری تعینات کررکھی ہے جو نمازیوں کو مساجد جاتے وقت ہراساں کر رہی ہے۔ اس سے قبل مسجد اقصیٰ میں حراست میں لیے گئے 350 سے زاید نمازیوں کو بھی رہا نہیں کیا گیا۔ ایک طرف تو اسرائیلی فوج مسلمانوں کو رمضان المبارک کے دوران مسجد اقصیٰ سے بے دخل کررہی ہے، جب کہ دوسری طرف یہود کو گھومنے کی مکمل آزادی ہے۔

7اپریل

تاجر برادری پاکستان کے مستقبل سے مایوس

گیلپ پاکستان کا پانچ سو سے زاید کاروباری اداروں کی رائے پر مبنی ''بزنس کانفیڈنس انڈیکس'' جاری کردیا۔ سروے میں 90 فی صد کاروباری اداروں نے ملکی سمت کو غلط قرار دیا جب کہ 66 فی صد نے کاروباری حالات خراب ہونے کا شکوہ کیا۔ سروے نتائج کے مطابق 61 فی صد تاجر مستقبل میں معاشی حالات میں بہتری سے بھی مایوس نظر آئے البتہ 38 فی صد نے پرامید ہونے کا اظہار کیا۔

سروے میں مسائل سے متعلق سوال پر 45 فی صد تاجروں نے مہنگائی کو سب سے اہم مسئلہ قرار دیا جب کہ 16 فی صد نے کرنسی کی قدر میں کمی اور 7 فی صد سے کم نے حکومت سے روزمرہ اشیا کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ 72 فی صد کاروباری اداروں نے پاکستان کے ممکنہ ڈیفالٹ کی خبروں پر پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے بہتری کے لیے اقدامات کرنے مطالبہ کیا۔

بھارت: نصاب سے مسلمانوں کے کارنامے خارج

مودی حکومت نے تدریسی نصاب میں مسلمانوں کی تاریخ مسخ کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس ضمن میں بارہویں جماعت کے نصاب سے مسلم بادشاہوں اور حکم رانوں کے کارناموں کو نکال دیا گیا۔ اس کے علاوہ حکومت نے ہندو مت کی بدنامی سے بچنے کے لیے قومی راہ نما گاندھی کے قتل کو جواز بخشنے کی کوشش کی ہے۔

اسکولوں کی کتابوں سے ان حوالہ جات کو ہٹایا جارہا ہے، جن میں بتایا گیا تھا کہ کس طرح بھارتی ہیرو گاندھی نے ہندو مسلم اتحاد کی کوشش کرکے ہندو انتہاپسندوں کو ناراض کیا جو ان کے قتل کا باعث بنا۔ پولیٹیکل سائنس کی کتاب کے نئے ایڈیشن میں ہندو انتہاپسند نتھو رام گوڈسے کے ہاتھوں گاندھی کے قتل کے بعد آر ایس ایس پر ایک سال کی پابندی کا حوالہ بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ آر ایس ایس مودی کی پارٹی کی نظریاتی حلیف ہے۔

فرانس: پیرس میدان جنگ بن گیا

فرانس میں متنازع پنشن اصلاحات کے خلاف پیرس ایک بار پھر میدان جنگ بن گیا۔ ذرایع ابلاغ کے مطابق پیرس میں مظاہرین اور سیکیوریٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اس دوران مشتعل مظاہرین نے معروف ریستوران سمیت کئی عمارتوں کو آگ لگا دی۔

خبررساں اداروں کے مطابق احتجاج کے دوران مظاہرین نے پیرس میں صدر میکروں کے پسندیدہ ریستوراں پر دھاوا بول دیا۔ اس دوران مظاہرین اور پولیس اہل کاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ مظاہرین نے میکروں کے دوسرے دور میں متعارف کرائے گئے پنشن سے متعلق قانون کو مسترد کردیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ صدر میکروں نے نیا نظام لانے کے لیے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کردیا ہے۔

8اپریل

سوئی ناردرن گیس کا نیا ٹیرف

سوئی ناردرن گیس کا نیا ٹیرف یکم جنوری 2023ء سے نافذ کردیا گیا۔ سوئی گیس حکام کے مطابق مختلف سلیبز پر ٹیرف مرحلہ وار8 سے 112 فی صد تک بڑھایا گیا ہے، گیس نرخوں میں بقایاجات وصولی کا اطلاق بھی شروع ہوگیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ بقایاجات کی رقم کے ساتھ بل گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کو بھجوائے جا رہے ہیں، جس صارف کا بل871 روپے تھا، اب بقایاجات کے ساتھ 2 ہزار900 روپے ہوگیا۔ اس کے علاوہ نئے گیس ٹیرف میں پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کی کیٹیگری متعارف کرائی گئی۔

9اپریل

اسرائیل کو او آئی سی کی وارننگ

اسلامی تعاون تنظیم نے مسجد اقصٰی میں نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل القدس کے تشخص کو مٹانے کی کوشش کر رہا ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

او آئی سی نے دو ٹوک الفاظ میں اسرائیل پر واضح کیا کہ القدس مقبوضہ فلسطینی کا اٹوٹ انگ اور فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہے اور مسجد اقصٰی اپنے پورے حصے کے ساتھ صرف مسلمانوں کی خالص عبادت گاہ ہے۔ اسرائیل ان دنوں سنگین جرائم اور خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اسرائیلی پالیسیاں شہر کے مقدس مقامات کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو متاثر کر رہی ہیں جو عالمی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہیں۔

10اپریل

پاکستان میں یوم دستور

حکومت نے ہر سال 10 اپریل کو یوم دستور منانے کا اعلان کیا۔ آئین پاکستان کی پچاسویں سال گرہ کے سلسلے میں کنونشن کا انعقاد ہوا جس میں ہر سال یوم دستور منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ملک میں ووٹرز کی تعداد ساڑھے 12کروڑ سے متجاوز

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق ملک میں ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 56 لاکھ 26 ہزار 930 ہوگئی، مرد ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 78 لاکھ 93 ہزار 815 جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 77 لاکھ 32 ہزار 575 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مرد ووٹرز کی شرح 54 اور خواتین کی 46 فی صد ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 18 سے 25 سال تک ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 31 لاکھ 21 ہزار 392، شرح 18 فی صد ہے۔ 26 سے 35 سال کے ووٹرز کی تعداد 3 کروڑ 26 لاکھ 18 ہزار 771 ہے، شرح 26 فی صد ہے۔ 36 سے 45 سال کے ووٹرز کی تعداد2 کروڑ 77 لاکھ 56 ہزار 963 ہے، شرح 22 فی صد ہے۔ ملک میں 56 سے 65 سال عمر کے ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 18 لاکھ 99 ہزار، 66 سال سے زاید عمر کے ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 21 لاکھ 9 ہزار 122 ہے، شرح 10 فی صد ہے۔

کوئٹہ: پولیس موبائل کے قریب دھماکا

کوئٹہ میں ایک مصروف چوک پر پولیس کی گاڑی پر دھماکے سے 2 اہل کاروں سمیت چار افراد جاں بہ حق ہوگئے۔ بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ شہر کے قندھاری بازار شارع اقبال پر دھماکا ہُوا جس میں 2 پولیس اہل کار، ایک بچی اور ایک شخص جاں بہ حق ہوگئے، دھماکے میں 11افراد زخمی بھی ہوئے۔



11اپریل

آزاد کشمیر: پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ

مظفرآباد ہائی کورٹ کے فل بینچ نے عدلیہ مخالف بیانات کے جرم میں وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کو کسی بھی پبلک عہدے کے لیے نا اہل قرار دے دیا۔ وزیراعظم تنویر الیاس کو عدالت برخاست ہونے تک قید کی سزا بھی سنائی گئی۔ ان کی نااہلی کے ساتھ ہی پوری کابینہ بھی تحلیل ہوگئی۔ اس طرح اب آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہوگئی۔

اسلام دنیا کا دوسرا بڑا مذہب

اسلام دنیا کا دوسرا بڑا مذہب بن گیا۔ گلوبل مسلم پاپولیشن ویب سائٹ کے مطابق دنیا کی مجموعی 8 ارب سے زاید آبادی میں مسلمانوں کی آبادی 2 ارب سے تجاوز کرگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق براعظم ایشیا اور افریقا کے 26 ممالک کا سرکاری مذہب اسلام ہے اور یہ دنیا میں سب سے تیزی سے پھیلنے والا مذہب بھی ہے۔

12اپریل

چین : جج کو لاکھوں ڈالر رشوت لینے پر قیدوجرمانے کی سزا

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی عدالت عظمیٰ کے جج مینگ ژیانگ کو رشوت ستانی کیس میں پچھتاوا ظاہر کرنے اور خود سے دیگر جرائم کا بھی اعتراف کرنے کے باعث جرم کی کم سے کم سزا 12 سال قید اور 20 لاکھ یوآن کا جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ 58 سالہ جج مینگ ژیانگ نے عدالتی فیصلوں اور قانون کے نفاذ جیسے معاملات میں دوسروں کی مدد کرنے، فرموں کے لیے تعمیراتی ٹھیکے حاصل کرنے اور کیڈر کے انتخاب کو متاثر کرنے کے لیے رشوت لی اور اپنے عہدے اور طاقت کا ناجائز استعمال کیا تھا۔

سندھ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام

سندھ کابینہ نے سندھ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے لیے مسودہ قانون کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں سندھ کے لوگوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے صوبے میں توانائی کی تقسیم کو بہتر بنانے اور غربت کے خاتمے کے لیے سندھ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (سیپرا) کے قیام کے فیصلے کو وزیراعلیٰ سندھ نے بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کی جانب ایک تاریخی قدم قرار دیا ہے۔

13اپریل

کراچی کی فیکٹری میں آتش زدگی

کراچی کے علاقے نیوکراچی صنعتی ایریا کی فیکٹری میں آتش زدگی کے بعد بلڈنگ زمین بوس ہونے سے 4 فائر فائٹرز جاں بہ حق ہوگئے۔ نیوکراچی صنعتی ایریا کی فیکٹری میں آتش زدگی کے بعد عمارت میں کولنگ کا عمل جاری تھا کہ بلڈنگ زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں 4 فائر فائٹرز جاں بہ حق جب کہ 13 افراد زخمی ہوگئے۔

14اپریل

نیب آرڈیننس 1999ء میں مزید ترمیم کا بل منظور

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی میں نیب آرڈیننس 1999ء میں ترمیم کا بل 2023ء پیش کیا، قومی اسمبلی کے جمعے کو طلب کیے گئے ہنگامی اجلاس میں نیب آرڈیننس1999ء میں مزید ترمیم کا بل 2023ء منظور کرلیا گیا۔

سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر

چیف جسٹس عمر عطا بندیال سمیت عدالت عظمیٰ کے8 ججوں کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرینس دائر کردیا گیا۔ چیف جسٹس سمیت 8 ججز کے خلاف ریفرینس میاں داؤد ایڈووکیٹ نے دائر کیا جس میں آئین کے آرٹیکل209 اور ججز کوڈ آف کنڈکٹ کی دفعہ 3 تا 6 اور9 کو بنیاد بنایا گیا۔

ریفرینس میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے علاوہ جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہرنقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید کے نام شامل ہیں۔ ریفرنس میں کہا گیا کہ پارلیمنٹ کے منظورکردہ بل کو سماعت کے لیے مقرر کرکے اختیارات سے تجاوز کیا گیا، پارلیمنٹ کے بل کی سماعت کے لیے 8 رکنی غیرآئینی بینچ تشکیل دیا گیا۔

ریفرنس میں مزید کہا گیا کہ عدالت عظمیٰ پریکٹس اینڈ پروسیجربل کے خلاف حکم امتناع عدالتی نظائر کی خلاف ورزی ہے۔ ریفرنس میں سپریم جوڈیشل کونسل سے استدعا کی گئی کہ چیف جسٹس عمر عطابندیال سمیت 8ججز کو انکوائری کے بعد برطرف کرنے کا حکم دے اور ریفرینس کے حتمی فیصلے تک انہیں فوری کام سے روکا جائے۔

ججز کے خلاف ریفرینس کی کاپی جسٹس فائز عیسیٰ، جسٹس طارق مسعود، جسٹس منصور کو بھجوادی گئی جب کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھی ریفرینس کی کاپی بھجوائی گئی۔

15اپریل

پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 10 روپے اضافہ

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جارہا ہے جس کے بعد فی لیٹر قیمت 272 روپے سے بڑھ کر282 ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 78 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 186 روپے 7 پیسے فی لیٹر ہوگی۔

مفتی عبدالشکور ٹریفک حادثے میں جاں بہ حق

وفاقی وزیرمذہبی امور مفتی عبدالشکور ٹریفک حادثے میں جاں بہ حق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مولانا عبدالشکور میریٹ سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جارہے تھے کہ ہائی لکس ریوو جس میں 5 افراد سوار تھے نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری۔ حادثے کے نتیجے میں وفاقی وزیر کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، حادثے کے بعد پولیس اور ریسکیو اہل کار موقع پر پہنچ گئے اور قانونی کارروائی شروع کردی۔

مولانا عبدالشکور کو زخمی حالت میں پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جان بر نہ ہوسکے۔ مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے۔ جمعیت علمائے اسلام کے راہ نما و وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور قومی اسمبلی کے حلقے این اے 51 سے متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

16اپریل

سوڈان: فوج اور پیرا ملٹری فورس کی جھڑپیں

سوڈان میں پیرا ملٹری فورس نے بغاوت کردی جس پر فوج نے جوابی کارروائی کی اور 2 دن میں دونوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں 56 افراد ہلاک اور 600 کے قریب زخمی ہوگئے۔

17اپریل

الیکشن کے لیے فنڈز کا اجرا مسترد

قومی اسمبلی نے پنجاب میں انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے سے متعلق تحریک کثرت رائے سے مسترد کردی۔ دوران اجلاس وزیرقانون نے 21 ارب روپے انتخابی فنڈز سے متعلق قائمہ کمیٹی خزانہ کی رپورٹ ایوان میں پیش کرتے ہوئے کابینہ کی منظوری کے بعد فنڈز کے اجرا سے متعلق ضمنی گرانٹ کی تحریک پیش کی جسے حکومتی اتحادی جماعتوں نے کثرت رائے سے مسترد کردیا۔

18اپریل

فلسطین، اسرائیل امن مذاکرات

چین کے وزیرخارجہ چن گانگ نے اپنے اسرائیلی اور فلسطینی ہم منصب سے کہا کہ چین دونوں فریقین کے درمیان امن مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے اسرائیل اور فلسطین کے اعلیٰ سفارت کاروں کو الگ الگ الگ فون کیا۔ چن گانگ نے اسرائیل کے وزیرخارجہ ایلی کوہن کو فون کرکے امن مذاکرات بحال کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ چین اس معاملے میں معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

چینی وزیرخارجہ نے فلسطینی وزیرخارجہ ریاض المالکی کو بتایا کہ بیجنگ مذاکرات کی فوری طور پر بحالی کی حمایت کرتا ہے۔ ژین ہوا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ چن گانگ نے دونوں فون کالز پر دو ریاستی حل' پر عمل درآمد کی بنیاد پر امن مذاکرات پر چین کے موقف پر زور دیا۔ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات کا عمل 2014ء سے تعطل کا شکار ہیں۔

20اپریل

2023ء بدترین سال، لوگ عید کی خریداری نہ کرسکے

تاجروں نے 75برس میں2023ء بدترین سال قرار دے دیا۔ اعصاب شکن مہنگائی سے عوام کی قوتِ خرید شدید متاثر ہوئی، عید سیزن کے موقع پر بھی بازاروں میں گہماگہمی اور رونقوں کے باوجود متوقع خریداری نہ ہوسکی، گذشتہ سال کے مقابلے میں خرید و فروخت انتہائی مایوس کن رہی، بہ مشکل 40 فی صد لوگ عید کی خریداری کرسکے۔ عید سیل سیزن ملک میں جاری بدترین سیاسی بحران اور اعصاب شکن مہنگائی کی نذر ہوگیا۔

21اپریل

آئی ایم ایف، پاکستان بے نتیجہ مذاکرات:

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔ حکام کے مطابق واشنگٹن میں سائیڈ لائن میٹنگز حتمی نتیجے پرنہ پہنچ سکیں اور سعودی عرب، یو اے ای کی یقین دہانیاں ناکافی ثابت ہوئیں۔

22اپریل

تھانے کے اندر دھماکے

سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے کے اندر ہونے والے خود کش دھماکے میں 12 اہل کار جاں بہ حق ہوگئے جب کہ 40 زخمی ہوئے۔ تھانہ سی ٹی ڈی کبل میں 2 دھماکے ہوئے۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکے کے بعد سیکیوریٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔ ڈی پی او سوات شفیع اﷲ گنڈاپور نے جاں بہ حق افراد کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے کو خودکش حملہ قرار دیا۔



25اپریل

عالمی بینک کی پاکستان پر تنقید

عالمی بینک نے پاکستان کے ریاستی انتظام میں چلنے والے کاروباری اداروں کو جنوبی ایشیا میں بدترین قرار دے دیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ عوامی وسائل میں نقصان اور خطرات میں اضافہ ہو رہا۔ سرکاری کمپنیاں وجود برقرار رکھنے کے لیے عوامی فنڈز سے 458 ارب روپے سالانہ نگل لیتی ہیں۔ عالمی بینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں پاکستان پر زور دیا کہ وہ اس رجحان کی تبدیلی کے لیے مضبوط اصلاحات متعارف کرائے۔

26اپریل

پاکستان، حج بھی مشکل

پاکستان میں پہلی بار حج کوٹا دست یاب لیکن حج کرنے والے کم پڑگئے۔ ڈالر کی قلت اور مہنگائی سے پاکستانیوں کے لیے حج ادائی کی راہیں بھی مشکل ہوگئیں۔ وزارتِ مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت کا استعمال نہ کیا جانے والا حج کوٹا سعودی عرب کو واپس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مہنگے حج کے سبب بہت سے پاکستانی درخواستیں نہیں دے سکے۔

27اپریل

پاکستان سے ہجرت میں 300 فی صد اضافہ

ایک سال میں 10 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئے، صرف ایک سال میں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں 300 فی صد اضافہ ہوگیا، سالانہ اوسطاً 2 سے ڈھائی لاکھ پاکستانی بیرون جاتے تھے، اب یہ تعداد بڑھ کر دس لاکھ تک پہنچ گئی۔ اس حوالے سے رپورٹ کے مطابق غیریقینی معاشی و سیاسی صورت حال، مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان لاکھوں نوجوان رزق کی تلاش میں سمندر پار چلے گئے۔

گذشتہ سال دسمبر تک 7 لاکھ 65 ہزار نوجوان حصول روزگار کے لیے پاکستان چھوڑ کر جا چکے تھے، جب کہ رواں سال کے ابتدائی 4 ماہ میں مزید ہزاروں پاکستانی بیرون ملک چلے گئے۔ بیرون ملک جانے والوں میں ڈاکٹرز، انجنیئرز، آئی ٹی ماہرین، اکاؤٹنٹس، ایسوسی ایٹ انجنیئرز، اساتذہ اور نرسز شامل ہیں۔

28-29 اپریل2023

حکومت کو بجٹ کی تیاری میں مشکلات

وفاقی حکومت اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف سطح کے معاہدے میں تاخیر کے باعث آئندہ مالی سال 2023-24 کے وفاقی بجٹ کی تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے مالی سال کے بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے فنانسنگ کے ساتھ ڈالر اور روپے کی شرح تناسب کے تعین نہ ہونے کے باعث بجٹ تخمینہ جات طے کرنے میں دشواری پیش آئی۔ ترقیاتی اور جاری اخراجات کے لیے بجٹ کی حد مقرر کرنے کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔

مئی


4 مئی

اسکول میں فائرنگ کے دو واقعات

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں پارا چنار میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات پیش آئے جن میں 5 اساتذہ سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ اپر کرم کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) محمد عمران خان نے میڈیا کو بتایا کہ فائرنگ کا پہلا واقعہ شلوزان روڈ پر چند کلومیٹر دوری پر تری مینگل اسکول میں پیش آیا۔ 4 مئی کے اس واقعے میں ایک ٹیچر کے قتل کے بعد اسکول میں 7 افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ اس مرتبہ فائرنگ کی زد میں آکر 4 اساتذہ اور 3 ڈرائیور زندگی کی بازی ہارگئے۔ ان کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال پارا چنار منتقل کی گئی تھیں۔

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال پارا چنار کے ڈی ایم ایس قیصر عباس نے میڈیا کو بتایا کہ فائرنگ کے مختلف واقعات میں ہلاکتوں کے علاوہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع تھی جس پر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔ دوسری طرف علاقہ میں خوف و ہراس کے ساتھ عوام میں اشتعال پایا جاتا تھا۔

ڈی پی او عمران نے اس حوالے سے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ کوہاٹ ڈویژن کے انسپکٹر جنرل آف پولیس اور کمشنر پارا چنار پہنچے اور سیکیورٹی میں اضافہ اور علاقے کی سڑکیں بند کردی گئیں اور عمائدین سے امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے بات چیت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ان واقعات کی مذمت کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ سے اس کی رپورٹ طلب کی۔

کانگو میں چارسو افراد جان سے گئے!

افریقی ملک کانگو کے جنوبی صوبے کیوو میں اپریل سے جاری بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 400 افراد ہلاک ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی گورنر نے بتایا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں ظغیانی اور مٹی کے تودے گرنے سے کئی گھروں کو نقصان پہنچا جب کہ جنوبی کیوو کے علاقے کالہے میں کئی دیہات تباہ ہوگئے۔ اس حوالے سے چار مئی کو اموات کے اعداد و شمار بتائے گئے جن کے مطابق 401 افراد جان سے گئے۔



5 مئی

کورونا: ہنگامی حالت کا نفاذ ختم

عالمی ادارہ صحت نے کورونا کی وبا پر ہنگامی حالت کا نفاذ ختم کردیا۔ کورونا وائرس کا آغاز دسمبر 2019 کے اختتام پر چین سے ہوا تھا اور جنوری 2020 تک یہ وائرس دیگر ممالک تک پھیل گیا تھا، جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے اسے عالمی وبا کہا۔ 30 جنوری 2020 کو کورونا کو ادارے نے عالمی ہیلتھ ایمرجنسی اور بعد میں 'عالمی وبا' قرار دے دیا تھا، پانچ مئی کو اسے ختم کردیا گیا۔

6 مئی

برطانیہ : چارلس سوم کی رسم تاج پوشی

برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس سوم کی رسم تاج پوشی ہفتہ چھے مئی کے روز دارلحکومت لندن میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر 100 کے قریب عالمی شخصیات موجود تھیں جب کہ ٹیلی وژن پر تاج پوشی کی رسم دنیا بھر میں ناظرین نے دیکھی۔ اس تقریب میں کینٹربری کے آرچ بشپ اور اینگلیکن چرچ کے روحانی پیشوا نے سینٹ ایڈورڈ کا 360 سالہ پرانا تاج چودہویں صدی سے ویسٹ منسٹر ایبے میں رکھے گئے تخت پر بیٹھے ہوئے بادشاہ چارلس کے سر پر رکھ کر تاج پوشی کی یہ شاہی رسم ادا کی۔ بادشاہ چارلس کی دوسری بیوی 75 سالہ کامیلا کو بھی اس تقریب کے دوران ملکہ کا تاج پہنایا گیا۔

چارلس سوم کی تاج پوشی کی یہ رسم ایک ہزار سالہ تاریخ اور روایت پر مشتمل ایک مسیحی مذہبی تقریب تھی۔ تاہم اس تقریب کو اکیسویں صدی کے برطانیہ کی عکاسی کے لیے نئے انداز میں ڈھالا گیا تھا۔ برطانوی بادشاہ کے اختیارات کی مقدس علامت اور ٹھوس سونے سے بنا ہوا سینٹ ایڈورڈ کراؤن ''خدا بادشاہ کی حفاظت کرے'' کے نعروں کے ساتھ چارلس سوم کے سر پر سجایا گیا۔ اس شاہی تاج کو بادشاہ بننے والا اپنی زندگی میں صرف ایک ہی بار یعنی اپنی تاج پوشی کے وقت ہی کچھ دیر کے لیے پہنتا ہے۔

تقریب کے دوران لندن کے ویسٹ منسٹر ایبے میں ڈھول باجے بھی بجائے گئے۔ یہ رسم 1953 کے بعد اب ادا کی گئی تھی جس میں زمین اور سمندر سے توپوں کی رسمی سلامی بھی دی گئی۔ اس تقریب کے سلسلے میں پیادہ اور گھڑ سوار سات ہزار فوجیوں نے دارالحکومت لندن کی سڑکوں پر مارچ کیا۔

تاج پوشی کے بعد نئے بادشاہ اور ملکہ کو بالکونی سے ایک رسمی فلائی پاسٹ سے قبل بڑے ہجوم سے گزرتے ہوئے شاذ و نادر ہی استعمال ہونے والے گھوڑوں والی گولڈ اسٹیٹ بگھی میں بکنگھم پیلس واپس جانا تھا۔

تاج پوشی کی یہ رسم 1937 کے بعد کسی بادشاہ کی پہلی اور ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والی دوسری جب کہ پہلی رنگین اور آن لائن نشر ہونے والی تقریب بھی تھی۔ لندن میں اس رسم کا مقصد بادشاہ کی تخت نشینی کی مذہبی تصدیق ہوتا ہے۔ بادشاہ چارلس سات دہائیوں تک ملکہ رہنے والی اپنی والدہ الزبتھ دوم کی موت کے بعد بادشاہ بنے۔

9 مئی

عمران خان کی گرفتاری، ہنگامے اور پی ٹی آئی سے علیحدگی کے اعلانات

سابق وزیراعظم عمران خان کی منگل کے روز قومی احتساب بیورو (نیب) کے القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطہ سے گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے اور مشتعل کارکنوں اور حامیوں نے جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کی۔ نو مئی کے بعد یہ ہنگامہ آرائی اس وقت تک جاری رہی جب تک قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتاریاں شروع نہ کردیں۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کارکنوں اور حامیانِ عمران خان کی جھڑپوں کے دوران کم از کم 8 افراد جان سے گئے اور بدھ تک 290 کے زخمی ہونے کی اطلاعات تھیں۔ سیکیورٹی اداروں نے دوسرے روز 1900 سے زائد مشتعل مظاہرین کو دھرلیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق پرتشدد مظاہروں اور گرفتاریوں کے دوران اسلام آباد کی احتساب عدالت نے القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو آٹھ دن کے لیے نیب کی تحویل میں دے دیا۔

عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے پرتشدد احتجاج کے دوران ملک کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں پولیس اور پی ٹی آئی کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوتی رہیں جب کہ قومی یادگاروں، ملکی سطح کی عمارتوں، سرکاری اور نجی اداروں کے دفاتر اور پولیس اسٹیشنوں سمیت سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچا۔نو مئی کے بعد پرتشدد واقعات اور مظاہرین کی گرفتاریوں کے ساتھ بدھ کو پارٹی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر کی گرفتاری اور پھر رات گئے پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

حالات اس قدر بگڑ گئے کہ حکومت کو پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں فوج طلب کرنا پڑی اور ایک دن قبل مشتعل مظاہرین نے کور کمانڈر لاہور کی رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا جب کہ راولپنڈی میں جی ایچ کیو کا دروازہ بھی توڑ دیا گیا اور لوگوں نے عمارت میں توڑ پھوڑ کی۔ نو مئی کے بعد پورا ہفتہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی گرفتاریاں اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کی شناخت کے بعد ان کو حراست میں لینے کا سلسلہ جاری رہا۔

فوج نے قومی املاک اور تنصیبات کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف ایکشن لیا اور اس کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سخت بیان جاری کیا کہ سیاسی جماعتیں اپنے محدود اور ذاتی مفادات کے لیے عوام کو استعمال کر رہی ہیں۔ اس ہنگامہ آرائی کے دوران ہجوم نے اسلام آباد میں پولیس آفس، لاہور میں پولیس اسٹیشن، پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت، لوئر دیر میں چکدارا کے مقام پر اسکاؤٹس فورٹ کو نذر آتش کردیا تھا۔

ایک طرف عمران خان کے حامیوں اور کارکنان نے اسلام آباد میں پولیس لائنز کے باہر ان کے حق میں ریلی نکالی، اور دوسری جانب احتساب عدالت کو عبوری طور پر پولیس ہیڈ کوارٹرز منتقل کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کو نیب کی تحویل میں دے دیا گیا۔ نو مئی کے بعد گرفتاریوں کے خوف سے پی ٹی آئی کے کئی قائدین اور راہ نما روپوش ہوگئے۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں نومئی کے ذمہ داروں اور شرپسندوں سے متعلق اہم فیصلہ

نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمے کا فیصلہ کور کمانڈرز کانفرنس میں سامنے آیا۔ 15 مئی کو پاک فوج کی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی صدارت میں کور کمانڈرز کے اجلاس میں کیا گیا۔ کہا گیا کہ ذمے داروں کے خلاف پاکستان کے متعلقہ قوانین اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت بھی مقدمات درج کیے جائیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو اندرونی و بیرونی سیکیوریٹی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ پر مشتمل مربوط منصوبے کے تحت ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی، منصوبہ ادارے کو ردعمل دینے اور اکسانے کے لیے انجام دیا گیا۔

عساکر پاکستان نے کہا کہ ایک شرم ناک پروپیگنڈے کا مقصد مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے، اس کا مقصد مسلح افواج کے رینک اینڈ فائل کے اندر دراڑ پیدا کرنا ہے۔ کانفرنس میں کہا گیا کہ قومی سطح پر اتفاق رائے ضروری ہے تاکہ عوام کے اعتماد، معاشی ترقی اور جمہوری نظام کو دوام بخشا جاسکے۔

19 مئی

سراج الحق کے قافلے پر خود کش حملہ

بلوچستان کے شہر ژوب میں جماعت اسلامی کے قافلے کے قریب خودکش حملہ کی اطلاعات پر 19 مئی کو ملک بھر میں پارٹی کارکنوں اور عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم خوش قسمتی سے سراج الحق محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق خود کش حملہ آور نے سراج الحق کے قافلے کے قریب آکر خود کو اڑانے کی کوشش کی لیکن خود کش بم بار کی جیکٹ مکمل طور پر پھٹ نہ سکی اور بم بار شدید زخمی حالت میں زمین پر گرا اور ہلاک ہوگیا۔ اس وقت بتایا گیا تھا کہ خودکش بم بار کی جیکٹ میں 8 کلو تک بارودی مواد موجود تھا۔

امیرجماعت اسلامی سراج الحق کو ژوب میں جلسے سے خطاب کرنا تھا۔ اس کے علاوہ وہ مولانا ہدایت اللہ کی ضمانت ہونے پر ان سے اظہار یک جہتی کے لیے بھی جانا چاہتے تھے۔ دھماکے میں 9 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع تھی جس میں سے چار شدید زخمی تھے۔ اس افسوس ناک واقعے کے اگلے دن خود کش حملہ آور کی شناخت ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق دہشت گرد کوئٹہ کا رہائشی تھا۔ وہ ڈیڑھ سال سے گھر سے غائب تھا۔



23 مئی

سیاسی راہ نماؤں نے پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا

پاکستان تحریک انصاف کی راہ نما شیریں مزاری اور فیاض الحسن چوہان نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ 23 مئی کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر ملک کے 24 کروڑ عوام دکھی ہیں، اس پر میں بھی دکھی ہوا ہوں، پاکستان کی خدمت کرتا رہوں گا۔

قبل ازیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیریں مزاری نے اعلان کیا کہ اب میرے بچے، والدہ اور میری صحت ترجیح ہے، آج سے میں پی ٹی آئی یا کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں ہوں۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے کی سب کو مذمت کرنی چاہیے، میں بھی 9 اور 10 مئی کو ہونے والے واقعات کی مذمت کرتی ہوں۔

24 مئی

فواد چوہدری کا اعلان اور اسد عمر کی پریس کانفرنس

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر فواد چوہدری نے سیاست اور پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ دوسری جانب اسد عمر پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے عہدے اور کور کمیٹی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کی خبر سامنے آئی۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہنگامی نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ '9 مئی کے بعد میرے لیے ممکن نہیں ہے کہ ذمہ داریاں نبھا سکوں، سیکرٹری جنرل کے عہدے اور کور کمیٹی کی رکنیت سے مستعفی ہو رہا ہوں۔' تاہم اس وقت انھوں نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ پارٹی نہیں چھوڑ رہا، صرف عہدوں سے استعفیٰ دے رہا ہوں، مجھ پر کوئی دباؤ نہیں۔'

جون


یکم جون

پرویزالٰہی کی ڈرامائی انداز میں گرفتاری

یکم جون کو پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویزالٰہی کی ڈرامائی انداز میں گرفتاری میڈیا پر بریکنگ نیوز بنی۔ پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویزالٰہی کو بعد میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ چوہدری پرویز الٰہی لاہور میں بلٹ پروف گاڑی میں گھر سے نکلے تھے کہ لاہور پولیس اور اینٹی کرپشن ٹیم نے ان کو روک لیا۔

پرویز الٰہی گاڑی سے نہیں اترے تو گاڑی کے شیشے توڑے گئے اور زبردستی ان کو باہر نکال کر گرفتار کیا گیا۔ پی ٹی آئی صدر کو 20 جون کو اینٹی کرپشن کے 2 مقدمات میں ضمانت مل گئی۔ اگلے دن 21 جون کو اینٹی کرپشن نے پرویز الہٰی کو جیل کے باہر سے غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں دوبارہ گرفتار کیا۔

پی ٹی آئی صدر کو غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں بھی ضمانت مل گئی، اس کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں 26 جون کو پھر گرفتار کرلیا۔ پرویز الہٰی کی ضمانت اور گرفتاری کا سلسلہ طول پکڑ گیا۔ ان کو 17 جولائی کو ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت ملی 18 جولائی کو 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کرکے اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔

3 جون

تین ٹرینوں میں تصادم، تین سو ہلاکتیں

بھارت میں 3 ٹرینوں میں تصادم کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 300 بتائی گئی۔ 3 جون کے اس حادثے میں بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ سے چنائی جانے والی مسافر ٹرین کی متعدد بوگیاں بھارتی ریاست اڑیسہ کے ضلع بالاسور میں پٹری سے اتر کر دوسری پٹری پر مخالف سمت سے آنے والی ٹرین سے جا ٹکرائیں۔ اسی دوران ایک مال گاڑی بھی دونوں ٹرینوں سے ٹکرا گئی تھی۔ ٹرینوں کے تصادم کے بعد جائے حادثہ پر قیامت کا منظر تھا۔ اس حادثے میں 900 افراد زخمی ہوئے تھے۔



6 جون

سعودی عرب میں ایرانی سفارت خانہ کھل گیا

ایران نے سات سال بعد سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک نے مارچ 2023 میں چین کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے تحت سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ علی رضا بگدیلی نے پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج کے دن کو اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں ایک اہم دن سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ مارچ میں ایران اور سعودی عرب نے اپنے اپنے سفارت خانے دوبارہ کھولنے اور تعلقات کی بحالی کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ کئی سالوں سے ایک دوسرے کے حریف سمجھے جانے والے ممالک ایران اور سعودی عرب خطے میں یمن، شام اور عراق سمیت کئی تنازعات پر لڑائی لڑتے رہے ہیں، دونوں ممالک نے 2016 میں سفارتی تعلقات منقطع کردیے تھے۔

7 جون

جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت

سینئر سیاستدان جہانگیر ترین نے نئی سیاسی جماعت 'استحکام پاکستان پارٹی' کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا اور پی ٹی آئی چھوڑنے والے کئی سیاسی نام ان کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں اس اعلان کے موقع پر ان کے حامی بھی موجود تھے۔

اس نئی سیاسی جماعت کے پیٹرن اِن چیف جہانگیر ترین نے کہا کہ ملک کو ترقی دینے کے جذبے کی لیے تحریک انصاف میں شامل ہوئے، دن رات محنت کی، بد قسمتی سے معاملات ایسے نہ چل سکے جیسے ہم چاہتے تھے، لوگ بد دل ہونے لگے، نو مئی کے واقعات نے ملکی سیاست کو بدل دیا، کوئی بھی معاشرہ ایسے واقعات کو برداشت نہیں کرسکتا، ہمارے اکٹھے ہونے کا مقصد ملک کو دلدل سے نکالنا ہے۔

اس موقع پر علیم خان نے کہا کہ جہانگیر ترین نے ہم سب کو اکٹھا کرنے میں بڑے پن کا مظاہرہ کیا، ملک کو ترقی یافتہ بنانا ہے، انتشار سے دور رکھنا ہے۔ پریس کانفرنس میں وہ سیاست داں جو پی ٹی آئی سے نو مئی کے بعد الگ ہوئے موجود تھے۔ ان میں علی زیدی، عمران اسماعیل، عامر کیانی، سردار تنویر الیاس، فردوس عاشق اعوان بھی تھیں۔ اس نئی جماعت میں پی ٹی آئی چھوڑنے والے محمود مولوی، جے پرکاش، فیاض چوہان، جاوید انصاری اور طارق عبداللہ شامل ہوئے۔

14 جون

تارکینِ وطن کی کشتی کو بدترین حادثہ

دنیا بھر میں یہ خبر نہایت افسوس اور رنج و غم کے ساتھ سنی گئی کہ یونان کے علاقے پیلو پونز میں تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی ہے۔ اس سانحے میں 79 پاکستانی ہلاک ہوگئے۔ اگلے روز اس واقعے کی تفصیلات سامنے آنے لگیں جس میں بتایا گیا کہ 100 افراد کو بچالیا گیا جب کہ حادثے کے بعد سیکڑوں افراد لاپتا ہیں۔

یونانی جزیرے کالاماتا کا دورہ کرنے والی یونانی صدر کیترینا نے بتایا کہ زندہ بچ جانے والوں میں سے بیشتر کا تعلق شام، پاکستان اور مصر سے ہے۔ اس سانحے کے بعد پاکستان میں غیرقانونی طریقے سے سمندر اور صحرا کے راستے بہتر مستقبل کی خاطر سفر اختیار کرنے والوں کو سبز باغ دکھانے والے اور انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی اور اس غیرقانونی دھندے میں ملوث متعدد ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

جنوبی یونان کے ساحل پر ماہی گیری کے لیے استعمال ہونے والی کشتی ڈوبنے کے اس واقعے کو دنیا نے یورپ میں تارکین وطن کو پیش آنے والا بدترین واقعہ قرار دیا۔ اقوام متحدہ نے کہا کہ اس واقعے میں خواتین اور بچوں سمیت لگ بھگ 500 افراد لاپتا ہوئے۔ بچ جانے والے 104 افراد میں 12 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں جن کا تعلق گجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، گجرات اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے ضلع کوٹلی سے ہے۔ 14 جون کو اس کشتی پر 750 سے زیادہ افراد سوار تھے۔



26 جون

نومئی: فوجی افسران کی برطرفیاں

نو مئی کے واقعات نے ملکی سیاست میں ہی طوفان برپا نہیں کیا بلکہ پاک فوج نے جہاں شرپسند اور امن دشمن عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا وہیں شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل احمد شریف نے بتایا کہ جی ایچ کیو، جناح ہاؤس کی سیکیورٹی اور تقدس برقرار رکھنے میں ناکامی پر 3 افسران بشمول ایک لیفٹیننٹ جنرل کو نوکری سے برطرف کردیا گیا ہے اور دیگر کے خلاف کارروائی کی جاچکی ہے۔

جی ایچ کیو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میجرجنرل احمدشریف نے کہا کہ 9 مئی کو متعدد گیریژنز میں جو پرتشدد واقعات ہوئے اس پر دو ادارہ جاتی جامع انکوائریز کی گئیں جن کی صدارت میجر جنرل رینکس کے عہدے داروں نے کی۔ انھوں نے بتایا کہ 15 افسران بشمول 3 میجر جنرلز اور 7 بریگیڈیئرز کے عہدے کے افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی مکمل کی جاچکی ہے۔

28 جون

برکینا فاسو میں سپلائی قافلے پر حملہ

افریقی ملک برکینا فاسو میں ایک سپلائی قافلے پر حملے میں 34 افراد ہلاک ہوگئے۔ بتایا گیا کہ 31 فوجی اور تین فوجی معاون ہلاک ہوئے ہیں۔ فوج نے ایک بیان میں بتایا کہ فوجی دستوں کی نگرانی میں جانے والے سپلائی قافلے پر یہ حملہ وسطی نارڈ خطے میں بام صوبے کے نامسیگیا میں گھات لگا کر کیا گیا۔ مزید بتایا گیا کہ تقریباً 20 افراد زخمی ہوئے جنہیں نکال لیا گیا۔ تقریباً 10 فوجی اہل کار لاپتا ہونے کا بھی بتایا گیا۔ بیان کے مطابق لڑائی میں 40 سے زیادہ دہشت گرد بھی مارے گئے۔

جولائی


یکم جولائی

امریکا بھارت فوجی تعاون

پاکستان کے جائز سیکیوریٹی خدشات کو نظرانداز کرتے ہوئے امریکا کی بھارت کو جدید فوجی ٹیکنالوجی منتقلی جنوبی ایشیا میں اسٹریجیک استحکام اور روایتی توازن کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورۂ امریکا کے بعد امریکا کی جنرل الیکٹرک اور بھارت کی سرکار ی جہاز ساز کمپنی مل کر لڑاکا طیاروں کے جدید جیٹ انجن بنائیں گے، یہی نہیں بلکہ جنگ میں استعمال ہونے والے مسلح ڈرون بھی اشتراک سے تیار کرنے پر رضامندی ظاہر کی گئی ہے۔

اس کے بعد اسلحے کی خریداری میں بھارت کا امریکا پر انحصار ایک فی صد سے بڑھ کر گیارہ فی صد ہوگیا ہے۔ اس سے قبل بھارت کئی دہائیوں سے روس سے جنگی اسلحہ درآمد کرتا رہا ہے۔ بھارت روس سے 65 فی صد جنگی اسلحہ حاصل کرتا ہے جو اب کم ہوکر 45 فی صد ہوگیا ہے۔ ماہرین نے امریکا اور بھارت کے دفاعی تعلقات گہرے ہونے کو قومی سلامتی کے خلاف خطرہ قرار دے دیا ہے۔

گرمی کی لہر

شمال مغربی امریکا میں میکسیکو کے قریبی علاقوں میں دو ہفتوں کے دوران قیامت خیز گرمی پڑی۔ حکام کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق سو افراد ہیٹ ویو کے باعث ہلاک ہوگئے۔

پاکستان آخری نمبر پر

انسٹیٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس (آئی ای پی) نے اپنی سالانہ رپورٹ میں ممالک کی درجہ بندی کرتے ہوئے تحفظ، سیکیوریٹی، تنازعات اور دیگر عناصر کو مدنظر رکھتے ہوئے رپورٹ جاری کی، جس میں پاکستان کا شمار دنیا کے آخری 20 پرامن ممالک میں ہوتا ہے۔ پاکستان اس صف بندی میں146 ویں نمبر پر کھڑا ہے جب کہ پڑوسی ملک بھارت 126ویں پر۔ آئس لینڈ 1.124 اسکور کے ساتھ مسلسل 15ویں سال بھی دنیا کا پرامن ترین ملک قرار پایا۔ یورپی ملک ڈنمارک اور آئرلینڈ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر پُرامن ممالک قرار پائے۔ سنگاپور ایشیا کا پُرامن ترین جب کہ عالمی درجہ بندی میں چھٹا پُرامن ملک قرار پایا۔



2جولائی

معاہدہ طے پاگیا

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تین ارب ڈالر کا نیا معاہدہ اسٹینڈبائی ارینجمینٹ کے تحت بالآخر طے پاگیا۔ اعلامیہ کے مطابق نو ماہ کے لیے طے پانے والے معاہدے سے پاکستان پر بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم ہوگا، شعبہ توانائی میں اصلاحات اور سماجی شعبے کے لیے فنڈز کی فراہمی بہتر ہوگی۔

یاد رہے کہ یہ قرض پاکستان کو سخت شرائط پر منظور کیا گیا ہے جو کہ تین قسطوں میں جاری کیا جائے گا۔ پاکستان آئی ایم ایف سے قرض لینے والا چوتھا ملک بن جائے گا۔ اس ضمن میں ارجنٹائن پہلے، مصر دوسرے اور یوکرین تیسرے نمبر پر ہیں۔

ہاتھی کا تحفہ

جانوروں کے ساتھ بدسلوکی عام رویہ ہے۔ تھائی لینڈ کی وزارت ماحولیات نے سری لنکا کے شہر کولمبو میں موجود بدھ مت مندر کو تحفے میں دیے جانے والے ہاتھی کو واپس بلوا لیا۔ سری لنکا میں اس ہاتھی کے ساتھ بدسلوکی کی جا رہی تھی اور اسے مسلسل نظرانداز کرنے کے الزامات سامنے آ رہے تھے جس بنا پر تھائی لینڈ نے سن 2001 میں دیے گئے اس ہاتھی کو واپس بلوا لیا۔

بھارت کی دوا ساز کمپنی کی کوتاہی

امریکی فورڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی جانب سے بھارت کی دوسری بڑ ی دواساز کمپنی ''ارو بندوفارما'' کے پلانٹ میں سنگین کوتاہیوں کی نشان دہی کی گئی ۔ پلانٹ کے دورے کے دوران سازوسامان کی صفائی اور اسٹوریج کے کنٹرول میں سنگین کوتاہیوں کا انکشاف ہوا۔

بلومبرگ کی روپورٹ کے مطابق ایف ڈی اے بھارت کی کئی دو ساز کمپنیوں کو وسیع پیمانے پر کوتاہیوں پر خبردار کرچکا ہے۔ دوسری جانب بھارتی ریاست آندھراپردیش میں فارماکپمنی کے ری ایکٹر میں دھماکے سے دو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔

مسلمان سراپا احتجاج

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلم ممالک نے احتجاجی مظاہرے کیے اور ایسے گھناؤنے واقعات کی پُرزور مذمت کی۔ امارات اور اردن میں سویڈش سفیروں کی طلبی کی گئی۔

مراکش نے سویڈن سے اپنے سفیر واپس بلالیے جب کہ بغداد میں مشتعل مظاہرین نے سویڈش سفارت خانے پر دھاوا بول دیا۔ مسلم راہ نماؤں، امریکا، یورپی یونین کے ساتھ روسی صدر پوٹن نے بھی واقعے کی مذمت کی۔ اس دل خراش واقعے سے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔

3جولائی

سعودی شہزادے کا انتقال

سعودی شہزادہ طلال بن عبدالعزیز آل سعود علالت کے باعث انتقال کر گئے۔ سعودی عرب کی شاہی عدالت نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی۔ وہ شاہی خاندان کے سرکردہ رکن تھے اور عسیر خطے کے گورنر کے طور پر خدمات انجام دے چکے تھے۔

باربی نہیں چلے گی۔۔۔۔

بچوں کی ہر دل عزیز باربی مووی کا نیا سیکول شائقین کے لیے جہاں عرصے بعد خوش گوار حیرت کا باعث بنا وہیں یہ فلم تنازعات کا شکار ہوگئی۔ ویت نام نے اعلان کیا وہ باربی فلم کی عکس بندی پر پابندی عائد کر رہا ہے۔ اس کی وجہ فلم میں دکھایا جانے والا وہ نقشہ ہے جس میں بحیرۂ جنوبی چین میں نوڈیش لائن دکھائی گئی جو کہ ویتنام تسلیم نہیں کرتا۔

فلپائین کے فلم ریوو بورڈ نے بھی امریکی فلم ڈسٹریبوشن کمپنی وارنر برو کو اس متنازعہ نقشے پر نظرثانی کی درخواست کی۔ اسی طرح فلم میں LGBTQایجنڈے کا پرچار کرنے پر پاکستان میں اس فلم کو بین کرنے کا مطالبہ کیا گیا جس پر بعدازآں معاملہ سنسر بورڈ کو نظرثانی کے لیے بھیجا گیا۔ یاد رہے کہ باربی فلم 2001 میں پہلی مرتبہ ریلیز کی گئی تھی۔ باربی ڈول امریکی کھلونوں کی صنعت میں منفرد انداز اور فیشن کے لحاظ سے انفرادیت رکھتی ہے۔

صحت کارڈ کے ضوابط

نگراں پنجاب حکومت نے صحت کارڈ کی سہولت ختم کرنے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے اس میں اصلاحات کا اعلان کردیا، جس کے مطابق اب 8 ہزار بجلی کابل بھرنے والا اور بیرون ملک سفر کرنے والا ہیلتھ کارڈ پر دل کے علاج کا اہل نہیں ہوگا۔ سرکاری اسپتالوں میں مفت جب کہ نجی اسپتالوں میں علاج پر 30 فی صد ادائی کرنا ہوگی۔ یاد رہے کہ اب صحت کارڈ پر صرف پاکستان کا جھنڈا ہوگا۔

برطانوی بادشاہ کی پاکستانی خاتون مشیرخاص

برطانوی بادشاہ چارلس نے پاکستانی خاتون ڈاکٹر زریں روحی احمد کو اپنا مشیر خاص مقرر کردیا جن کا عہدہ اسسٹنٹ سیکریٹری کے برابر ہوگا۔ برطانیوی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستانی نژاد خاتون کو برطانوی شاہ کا مشیر خاص مقرر کیا گیا ۔ ڈاکٹر زریں برطانیہ میں ملکی اور بین الاقوامی امور کے ماہرین میں سے ایک ہیں۔ ان کا انتخاب اشتہار کے ذریعے میرٹ پر کیا گیا۔



ویزے منسوخ

بھارتی حکومت نے افغانستان میں طالبان حکومت کے بعد افغان شہریوں کو پہلے سے جاری کیے گئے تمام ویزے منسوخ کردیے۔ بھارت کے افغان طلباء کو ویزا جاری کرنے سے انکار کے باعث آن لائن امتحانات بھی ممکن نہیں۔ ہندوستانی یونیورسٹیوں میں پچیس ہزار سے زائد افغان طلباء ویزا مسائل کے باعث افغانستان میں پھنس گئے، جو ڈگری مکمل کرنے والے آخری امتحان میں بھی شریک نہ ہو سکیں گے۔ ہندوستان کے وزیرخارجہ جے شنکر نے سیکیوریٹی خدشات کا بہانہ بناکر طلباء کو وظائف اور ویزا دینے سے انکار کردیا، جس سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا۔ ایسے میں پاکستان نے افغان طلباء کو 4500 مکمل فنڈزو وظائف کی پیشکش کردی۔

4جولائی

اہم پیش رفت

مصر اور ترکیہ کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے دو ممالک کے درمیان سفیروں کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایران نے شنگھائی تعاون تنظیم میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ یاد رہے ایران اب اس تنظیم کا نواں رکن ہے۔

سزائے موت ختم

ملائیشیا نے لازمی سزائے موت کے خاتمے کا ایکٹ 2023ء نافذالعمل کردیا ہے۔ اس ایکٹ کے تحت اسمگلنگ، قتل، اغواء اور غداری کے جرم میں سزائے موت کے لازمی نفاذ کو ختم کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ملائیشیا ان ممالک میں سے ہے جہاں چھوٹے بڑے جرائم پر سخت سزائیں دی جاتی ہیں۔

آٹا مہنگا

پنجاب میں گندم کی طلب اور قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے باعث آٹے کے تھیلے کی قیمت 100روپے تک بڑھادی گئی ۔ گندم کی قیمت میں فی من 150روپے تا 200 روپے اضافہ ہوا۔ بیوپاریوں نے فلورملز کے پاس کم اسٹاک کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے مصنوعی طور پر قیمتوں میں اضافہ کیا۔ حکومت نے مافیا کی بلیک میلنگ سے نجات دلوانے کے لیے نجی گندم امپورٹ کرنے کی استدعا کی جب کہ لاہور ہائی کورٹ نے محکمۂ خوراک پنجاب کو سرکاری گندم کی بڈنگ سے تاحکم ثانی روک دیا۔

بیوٹی پارلر نہیں چلیں گے۔۔۔

افغانستان میں برسراقتدار طالبان حکومت نے اپنے منشور کو واضح کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہاں ایک ماہ کے اندر بیوٹی پارلر بند کردیے جائیں گے۔ اس خبر نے انٹرنیٹ پر ایک طوفان برپا کردیا اور اس فیصلے کے خلاف ایک نئی بحث چھڑگئی۔ صارفین نے دل چسپ اور کڑے تبصرے کیے۔ افغان خواتین نے اس فیصلے کے خلاف بھر پور احتجاج کیا۔

5 جولائی

تعلقات کشیدہ

سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کشیدگی کا شکار ہوگئے۔ سعودی عرب نے اعلان میں ایران کی جانب سے کیے گئے دعوے کو مسترد کردیا، جس کے مطابق درا گیس فیلڈ کی جزوی ملکیت ایران کی ہے۔ سعودیہ نے واضح کیا کہ وہ یہ گیس پروجیکٹ کویت کی باہمی اشتراک سے سرانجام دے گا۔

وزیراعلٰی نااہل

چیف کورٹ گلگت بلتستان کے 3 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وزیراعلٰی گلگت بلتستان خالدخورشید کو لندن کی ایک یونیورسٹی کی طرف سے جاری ڈگری جعلی ثابت ہونے پر پانچ سال کے لیے نااہل قرار دے دیا۔ پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی گلگت بلتستان آغا غلام شہزاد نے جعلی ڈگری کے خلاف درخواست دو جو ن کو دائر کی تھی۔

6جولائی

30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں بارش کا30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ نہریں اوورفلو ہوگئیں، انڈر پاسز ڈوب گئے، چھتیں گرنے، کرنٹ لگنے کے واقعات سے اموات ہونے لگیں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔ شہر میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 291 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ شہر کے نوے فی صد علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں کے باعث بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔ ہزاروں دیہات زیرآب آگئے۔ کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں اور لوگ بے گھر ہوگئے۔

ٹک ٹاک پاکستان میں

وفاقی وزیرِآئی ٹی امین الحق کے مطابق پاکستان میں سوشل میڈیا قوانین کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات شروع کردیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں ٹک ٹاک بھی پاکستا ن میں اپنا دفتر کھولنے جار ہا ہے، جو بھی کمپنی پاکستان نہیں آسکتی وہ یہاں اپنا ورچوئل آفس بنائے گی۔ یاد رہے کہ گوگل پاکستان میں پہلے ہی اپنا دفتر قائم کر چکا ہے۔



7جولائی

یومِ تقدس قرآن

سویڈن میں قرآنِ پاک کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان کی پارلیمنٹ میں مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔ چیئر مین سینیٹ نے دنیا بھر کے پارلیمانوں کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے خطوط ارسال کردیے۔ وزیراعظم کی اپیل پر ملک بھر میں یوم تقدیس قرآن منایا گیا اور بے حرمتی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ بعدازآں امریکی مخالفت کے باوجود پاکستان نے اقوام متحدہ میں توہین قرآن کے خلاف قرارداد منظور کروالی۔

فوجی امداد

روس یوکرین جنگ کے دوران امریکا نے یوکرین کو 800 ملین ڈالر کا امدادی پیکیج دینے کا اعلان کیا۔ اس امداد میں پہلی مرتبہ کلسٹر گولہ بارود شامل ہے۔ اگرچہ کلسٹر گولہ باری کے کنونشن کے تحت 100سے زائد ممالک نے ان ہتھیاروں کو غیرقانونی قرار دے دیا ہے لیکن امریکا، یوکرین اور روس اس معاہدے کا حصہ نہیں۔

پیٹرول نہیں ملے گا

ٹریفک پولیس نے ہیلمٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دو دن میں پنجاب بھر سے 64 ہزار سے زائد موٹر سائیکل سواروں پر جرمانہ کیا جب کہ ہیلمٹ کے بغیر پیٹرول نہ دینے کا حکم نامہ بھی جاری کردیا۔ ضلعی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے مطابق بنا ہیلمٹ پیٹرول بھی نہیں ملے گا اور جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

8جولائی

کرکٹ اسٹار کی شادی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر اور اسٹار حارث رؤف اپنی دلہنیا کو رخصت کر کے لے آئے۔ ان کی شادی کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس میں کرکٹ سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس انھوں نے اپنی سابق کلاس فیلو منزہ سے نکاح کیا تھا جس کی تصاویر سوشل میڈیا صارفین کی دل چسپی کا باؑعث بنی رہیں۔

9جولائی

توشہ خانہ کیس قابل سماعت

اسلام آباد سیشن کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کو قابل سماعت قرار دے دیا۔ کورٹ نے بارہ جولائی سے کارروائی کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ کیس پر ہر پاکستانی کی نظر ہے۔ ادھر نو مئی کے واقعات اور دہشت گردی کے مقدمات میں چئیرمین پی ٹی آئی نے ضمانت کے چھے مقدمات دوسری عدالتوں میں منتقل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجو ع کر رکھا ہے۔

رخصتی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنی بڑی بیٹی اقصٰی کو رخصت کیا، جس کے بعد ان کا بیٹی کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر لکھا ایک محبت بھرا پیغام لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا اور صارفین نے اسے سراہا۔

انھوں نے لکھا،''میری پیاری بیٹی! ایسا لگتا ہے کل میں نے تمہیں بانہوں میں پالا تھا اور اس دن خود سے وعدہ لیا تھا کہ تمہارا ساتھ کبھی نہیں چھوڑوں گا۔ اگرچہ آپ اپنی زندگی میں نیا باب شروع کرنے والی ہیں لیکن میرا دل ہمیشہ آپ کا رہے گا، کیوںکہ میں وہ پہلا شخص ہوں جس نے آپ سے پیار کیا۔'' اس پیغام کو مداحوں نے باپ بیٹی کی اٹوٹ محبت کا ایک مظہر قرار دیا۔

غذائی قلت

سندھ کے ضلع تھرپارکر میں غذائی قلت اور بیماریوں کی وجہ سے مزید پانچ بچے انتقال کرگئے۔ رواں برس غذائی قلت کے باعث ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 449 ہوگئی ہے۔

10جولائی

گیس سیلنڈر پھٹنے سے عمارت زمیں بوس

جہلم میں جی ٹی روڈ پر واقع ہوٹل کے کچن میں گیس سیلنڈر پھٹنے سے ہوٹل کی تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں سات افراد جان بحق جب کہ پندرہ زخمیوں ہوگئے۔

11جولائی

بھارت باز نہ آیا

بھارت نے دریائے راوی میں ایک لاکھ پچاسی ہزار کیوسک پانی چھوڑ دیا، جس کے بعد مقامی آبادیوں میں رہائش پذیر افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی۔ یہی نہیں بھارت نے دریائے ستلج میں بھی پانی چھوڑ دیا جس سے درجنوں دیہات زیرآب آگئے۔



12جولائی

پاکستان پر نظرِکرم

پاکستان معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور اس مشکل دور میں وہ ہر بار آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔ اس بار بھی پاکستان گذشتہ کچھ عرصے سے آئی ایم ایف کے سامنے جھولی پھیلائے کھڑا تھا ۔

ایک طویل انتظار کے بعد بالآخر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کو رحم آہی گیا اور پاکستان کے لیے تین بلین امریکی ڈالر کی قسط جاری کرنے کی منظوری دے دی، تاکہ پاکستان اپنے ممکنہ قرضوں کے نادہندگان کو روک سکے اور معاشی استحکام کو بحال کرپائے۔ یہ قرض پاکستان کو قسطوں کی صورت میں جاری کیا جائے گا جو کے آئی ایم ایف کی اہم شرائط ماننے کی صورت میں جاری ہوں گی۔

ایک اور ''اعزاز''

پاپولیشن کونسل نے آبادی کے عالمی دن کی مناسبت سے ہوش ربا اعدادوشمار جاری کردیے جن کے مطابق پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن گیا ہے۔ ملک میں ہر سال آبادی 2.4 فی صد بڑھ رہی ہے اور یوں پاکستان ایشیاء میں تمام ممالک سے زیادہ آبادی والا ملک بن چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کو 2040 تک دس کروڑ سے زائد نوکریوں، دو کروڑ گھروں کی ضرورت ہوگی جب کہ پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ٹماٹر مہنگے ہوگئے

پڑوسی ملک بھارت کی وزارتِ خوراک نے ٹماٹر کی قیمتوں میں فی کلو 341فیصد کے اضافے کی اطلاع دی، جس پر عوام نے بھر پور احتجاج کیا۔ ٹماٹروں کی قیمت میں اس ہوش ربا اضافے کی وجہ موسمیاتی تبدیلیوں کے سبب پیدا ہونے والا ٹماٹو موسک وائرس بنا، جس سے ٹماٹروں کی پیداوار میں کمی ہوئی اور نرخ ایک دم آسمان پر پہنچ گئے۔

13جولائی

دہشت گردوں کا حملہ

ژوب گیریثرن اور سوئی میں دہشت گردوں کے حملے میں فوج کے12 جوان شہید ہوگئے اور7 دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گردوں نے حملہ گیریژن میں گھسنے کے لیے کیا۔ سیکیوریٹی فورسز کی جانب سے کلئیرنس آپریشن کیا گیا۔

14جولائی

غیرشرعی نکاح کیس

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف غیرشرعی نکاح کیس نا قابل سماعت قرار دینے کا سول جج کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سیشن کورٹ اسلام آباد نے کیس بحال کرکے متعلقہ عدالت کو واپس بھجوا دیا۔ واضح رہے کہ سول جج نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف غیرشرعی نکاح کیس کو عدالتی دائرۂ اختیار سے تجاوز قرار دیتے ہوئے ناقابل سماعت قرار دیا تھا۔

چندریان 3 کام یاب

انڈین اسپیس ریسچ آرگنائزیشن نے چندریان 3 کو چاند کے لیے روانہ کردیا۔ یہ مشن دو ہفتوں کے لیے چاند کی سطح کا مطالعہ کرے گا۔ یاد رہے کہ بھارت سے قبل سن 2019 میں چندریان 2کے نام سے ایسا مشن بھیجنے کی کوشش کر چکا ہے جو کہ لینڈنگ سے کچھ دیر قبل گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

15جولائی

لینڈسلائیڈنگ

جنوبی کوریا میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں لینڈسلائیڈنگ اور شمالی چنگ چیونگ میں ایک ڈیم کے اوور فلو ہونے سے سینتیس افراد ہلاک، متعدد لاپتا اور زخمی ہوگئے، جب کہ ملک بھر میں 4,700 سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔



16جولائی

طلباء ہوشیار!

ملک بھر کے تعلیمی بورڈز نے پاسنگ مارکس 40 فی صد کرنے پر اتفاق کر لیا۔ خصوصی کمیٹی نے کم از کم پارسنگ تینتیس فی صد سے بڑھا کر چالیس فی صد کر دیے، جب کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے مسلم طلبہ کے لیے مطالعہ قرآن لازمی قرار دینے پر بھی اتفاق کیا۔

17جولائی

بس حادثہ

گلگت کے علاقے دیامر میں شاہراہ قراقرم کے مقام پر سیاحوں کی بس کھائی میں گرنے سے پانچ افراد جان بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔ جان بحق افراد میں تین خواتین اور ایک بچہ شامل تھے۔

18جولائی

نئی پارٹی

سابق وزیراعلٰی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے نئی جماعت بنالی۔ نئی جماعت کا نام تحریک انصاف پارلیمنٹیرنز رکھا اور پی ٹی آئی کے حوالے سے سخت موقف اپناتے ہوئے لاتعلقی کا اعلان کیا۔ ان کی نئی جماعت میں سابق رکن تحریک انصاف محمود خان سمیت 57 ارکان اسمبلی شامل ہوئے۔

19جولائی

کم زور ترین پاسپورٹ

واشنگٹن نے دنیا کے طاقت ور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کی، جس میں پاکستان تاحال آخری نمبروں پر ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ پر گیارہ ممالک کا ویزہ حاصل کہے بنا سفر کیا جا سکتا ہے۔ دنیا کے طاقت ور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں سنگاپور نے جاپان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ فہرست کے مطابق پاکستان کم زور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا ہے۔

20جولائی

دہشت گرد سرگرم

پشاور میں سیکیوریٹی فورسز کے ٹرک پر خودکش حملہ ہوا جس میں آٹھ اہل کار زخمی ہوگئے۔ حیات آباد میں بم بار نے بارود سے بھری گاڑی ایف سی کے ٹرک سے ٹکرادی جس میں 20 سے 25 کلو بارودی مواد نصب تھا۔ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی لہر نے پھر سے سر اٹھا لیا۔

21جولائی

پاکستانی کوہ پیماہ

پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے براڈ پیک چوٹی سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ انھوں نے دنیا کی 22 ویں، 8051 میٹر اونچی بلند ترین چوٹی سر کرکے تاریخ رقم کردی۔ انھوں نے حال ہی میں دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت کو سر کرنے کا اعزاز بھی حاصل کر رکھا ہے۔

کف سیرپ موت بانٹنے لگا

گمبیا کی حکومت نے درآمد شدہ ہندوستانی کھانسی کے شربت کو موت کا سودگرا قرار دے دیا۔ ہندوستان سے درآمدشدہ کف سیرپ سے 70 بچوں کی اموات ہوئیں۔ سیرپ سے گردے فیل ہونے کے باعث بچے ہلاک ہوئے، جس کے نتیجے میں ریگولیٹری تبدیلیاں اور مینوفیکچرر میڈن فارماسیوٹیکلرز کے خلاف ممکنہ کارروائی کیے جانے کا امکان ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے بھی کف سیرپ میں مہلک اینٹی فریز مادوں کی تصدیق کردی۔

22جولائی

کنسرٹ منسوخ

ملائیشیا میں وزارت مواصلات اور ڈیجیٹل نے سیپانگ، سیلنگور میں ایک میوزک فیسٹیول کو اس وقت منسوخ کردیا گیا جب ایک پرانے انگریزی بینڈ کی مرکزی گلوکارہ میٹی ہیلی نے ملک مخالف LGBTقوانین پر کھل کر تنقید کی اور اپنے ایک بینڈ میٹ مردکو اسٹیج پر کھڑے ہوکر سر عام بوسہ دیا۔ ملائیشیا میں ہم جنس پرستی کو جرم قرار دیا گیا ہے۔

23جولائی

سرکاری ملازمین کی موجیں

پنجاب حکومت نے گریڈ 16تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فی صد جب کہ پنشن میں 17.5فی صد اضافہ کردیا، جب کہ گریڈ 17سے 22کے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فی صد اضافہ ہوا۔ یہ اعلان مہنگائی سے ستائے سرکار ی ملازمین کے لیے مژدہ جاں فزاء ثابت ہوا۔

24جولائی

پاکستان بنا چیمپئن

پاکستان بھارت کو ہرا کر ایمرجِنگ ایشیا کپ فاتح اسکواش کا ورلڈ چیمپئن بن گیا۔ پاکستان 37 برس بعد عالمی جونیئر اسکوائش ٹرافی حاصل کرنے میں کام یاب ہوا۔

25جولائی

گھریلو ملازمین پر تشدد جاری

اسلام آباد میں سول جج کے گھر چودہ سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کے واقعے نے ملک بھر میں غم وغصے کی لہر دوڑا دی۔ سول جج عاصم حفیظ کی اہلیہ نے حالت غیر ہونے پر بچی کی والدہ کو بلوا کر بس اڈے پر اس کے حوالے کردیا۔ رپورٹس میں بچی پر بہیمانہ تشدد کا انکشاف ہوا۔ سر پر پندرہ زخم لگے جب کہ باقی جسم کے زخموں میں کیڑے پڑ چکے تھے۔ یاد رہے کہ یہ گھریلو ملازمین پر تشدد کا پہلا واقعہ نہیں۔



27جولائی

تاریخ ساز گرمی

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے اعلان کیا کہ زمین ''عالمی سطح پر ابلنے کے دور'' میں داخل ہوگئی ہے کیوںکہ سائنس داں اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ اس سال کی گرمی کی لہریں ریکارڈ تاریخ میں سب سے زیادہ بلند سطح پر رہی ہیں۔

28جولائی

بجلی بم

حکومت نے مہنگائی سے ستائے عوام پر ایک نیا بجلی بم گرا دیا۔ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 7.50روپے تک کا اضافہ کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا۔ نیپرا نے اعلان کیا کہ بجلی 600 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو سات روپے سے مہنگی ملے گی، جب کہ 100یونٹ پر تین، 200 یونٹ تک چار، 300 یونٹ تک پانچ اور 400 یونٹ تک 6.5روپے مہنگی کی جائے گی۔

ایلون مسک خسارے میں؟

سماجی رابطے ٹوئٹر کے بانی ایلون مسک نے اس کا لوگو اور نام تبدیل کرکے ایکس کردیا، جس پر ماہرین اور تجزیہ کاروں نے ایلون مسک کو ہونے والے ممکنہ نقصان کا تخمینہ اربوں ڈالر بتایا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس فیصلے سے کمپنی کو بیس ارب ڈالر تک کا نقصان ہوسکتا ہے۔ ایلون مسک اپنے دل چسپ فیصلوں اور بزنس سے متعلق ایڈونچرز کے حوالے سے خبروں میں رہتے ہیں۔

29جولائی

آرمی ترمیمی بل منظور

پاکستان کی سینیٹ نے آرمی ترمیمی بل کی منظوری دے دی، جس کے تحت فوج کو بدنام کرنے پر دو سال قید اور جرمانہ ہوگا۔ پاکستان اور افواج پاکستان کے مفاد کے خلاف انکشاف کرنے والے شخص سے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ کے تحت نمٹا جائے گا۔ سرکاری حیثیت میں معلومات کے غیرمجاز انکشاف پر پانچ سال قید ہوگی۔

نیا ریکارڈ

پاکستانی قومی اسمبلی میں تیزترین قانون سازی کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا، جب ایک گھنٹے میں 29 بل منظور کیے گئے۔ بغیر کورم کے صرف 15 ارکان نے بنا پڑھے بنا دیکھے24 یونیورسٹیوں اور اداروں کے قیام سے متعلق قانون سازی کرڈالی، جس پر پی ٹی آئی کے منحرف رکن نورعالم نے اعتراض اٹھایا کہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوائے بغیر کیسے قانون سازی کرلی گئی؟

30جولائی

باجوڑ میں بم دھماکا

خیبرپختونحوا کے علاقے باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے خودکش حملے میں 63 افراد شہید جب کہ سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں جے یوآئی کے کئی اہم عہد ے داران بھی شامل تھے۔

خاتون کا اعزاز

مراکش سے تعلق رکھنے والی نوحیلہ بینزینا 2014 میں فیفا کی جانب سے سر ڈھانپنے کی پابندی کے خاتمے کے بعد حجاب پہن کر سنیئر سطح کے بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی پہلی فٹ بال کھلاڑی بن گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں