رواں سال آتشزدگی کے واقعات میں 41 شہری جاں بحق ہو گئے

آتشزدگی کے واقعات میں انسانی جانوں کے زیاں کیساتھ اربوں کا نقصان


Sajid Rauf December 30, 2023
29 فائر اسٹیشنز میں سے صدر اسٹیشن کو آگ لگنے کی سب سے زیادہ 186 شکایات موصول۔ فوٹو: ویب

رواں سال 2023 کے دوران شہر قائد میں آتشزدگی کے واقعات میں جہاں اربوں روپے کا مالی نقصان ہوا وہیں پر اب تک 43 معصوم شہری بھی اپنی قیمتی جانیں گنوا بیٹھے۔

محکمہ فائر بریگیڈ کی جانب سے آتشزدگی کے واقعات سے متعلق سال 2023 میں مرتب سالانہ رپورٹ کے مطابق سال 2023 میں آتشزدگی کے اب تک 2150 سے زائد واقعات پیش آچکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری میں 356 مقامات پرآتشزدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے، فروری میں 170 اور مارچ میں 186 مقامات پرآگ لگنے کے واقعات پیش آئے ، اپریل میں 170 ، مئی میں 178 ، جون میں 124 اور جولائی میں 128 مقامات پر آتشزدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے ، ماہ اگست میں 100 ، ستمبر میں 103 جبکہ اکتوبر میں 181 مقامات پر آتشزدگی کے واقعات پیش آئے اس کے ساتھ ساتھ نومبر میں آتشزدگی کے 239 جبکہ رواں ماہ دسمبر کے 29 روز میں اب تک تقریباً 250 مقامات پر آتش زدگی کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی؛ نجی اسٹیل مِلز میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

رپورٹ میں بتایا گیا ،محکمہ فائر بریگیڈ کے 29 فائر اسٹیشنز میں سے صدر فائر اسٹیشن کو آگ لگنے کی سب سے زیادہ 186 شکایات موصول ہوئیں ، سینٹرل فائر اسٹیشن کو 154 ، ناظم آباد فائر اسٹیشن کو 152 ، گلشن اقبال فائر اسٹیشن کو 148 ، گلستان مصطفیٰ 136، گلستان جوہر فائر اسٹیشن کو 110 ، کورنگی فائراسٹیشن کو 103 ، سائٹ فائر اسٹیشن کو 100 ، لیاری فائر اسٹیشن کو88 ، نارتھ کراچی فائر اسٹیشن کو 83 ، منظور کالونی فائراسٹیشن کو 80 شکایات موصول ہوئیں ، بھینس کالونی اور ایمرجنسی ریسکیو ہاکس بے فائر اسٹیشن غیرفعال ہونے کی وجہ ان دونوں فائر اسٹیشنوں کو آگ لگنے کی کوئی بھی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سپرہائی وے اور نیو ٹرک اڈے فائراسٹیشن کو سب سے کم آگ لگنے کی 2 ،2 شکایات موصول ہوئیں ، رواں سال شہر میں آتش زدگی کے واقعات کے دوران اربوں روپے کے مالی نقصان کے ساتھ ساتھ قیمتی جانوں کے زیاں کے حوالے بھی اہم رہا۔

یہ بھی پڑھیں: گھر میں آتشزدگی سے والدین اور بیٹی جھلس کر جاں بحق

2023 میں شہر میں پیش آنے والے آتش زدگی کے واقعات میں مجموعی طور پر 42 افراد جھلس کر اور دم گھٹنے سے زندگی کی بازی ہار گئے ، 13 اپریل کو نیو کراچی میں گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے دوران کے 4 فائر فائیٹر نے بھی جام شہادت نوش کیا، 25 نومبر کو راشد منہاس روڈ پر واقع آر جے شاپنگ مال میں آتش زدگی کے ہولناک واقعے میں 11 افراد جھلس نے اور دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے، 6 دسمبر کوعائشہ منزل کے قریب واقع عرشی شاپنگ مال میں بھی بھڑکنے والی خوفناک آتش زدگی کے دوران جھلس کر اور دم گھٹنے سے 5 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 29 دسمبر کو پورٹ قاسم میں قائم اسٹیل مل میں لگنے والی آگ میں 2 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

محکمہ فائر بریگیڈ کی مرتب کی جانے والی رپورٹ کے مطابق رواں سال آتش زدگی کے مختلف واقعات میں جھلس کر زخمی ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 98 رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں