راولپنڈی میں تیل چوری کی کوشش کے دوران پائپ لائن پھٹ گئی خوفناک آتشزدگی

ایک گھر کے زیرزمین گزرنے والی پائپ لائن کو توڑ کر تیل چوری کی کوشش کے دوران دھماکا ہونے کا شبہ


Saleh Mughal December 25, 2023
ایک گھر کے زیرزمین گزرنے والی پائپ لائن کو توڑ کر تیل چوری کی کوشش کے دوران دھماکا ہونے کا شبہ

دھمیال کے علاقے میں جوڑیاں کے قریب آئل ریفائنری کمپنی کی سپلائی پائپ لائن دھماکے سے پھٹ گئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں پیش آئے اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے سے آئل لائن اور ایک گھر کو آگ لگی ہے۔

متعدد فائر ٹینڈرز، ایمرجنسی گاڑیاں اور اہلکاروں نے کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ راولپنڈی پولیس کے افسران بھی موقع پر موجود ہیں۔

ایس ایچ او صدر بیرونی جمال نواز نے بتایا کہ آگ اور دھماکے کے نتیجے میں دو گھر بھی متاثر ہوئے تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا نہ ہی کوئی زخمی ہے۔ ملحقہ مقام سے گیس پائپ لائن و آئل کی پائپ لائن بھی گزر رہی ہے۔ آگ پر مکمل قابو پانے کےبعد ہی تعین ہوسکے گا کہ آگ یا دھماکے کی وجہ کیا تھی۔

پائپ لائن گھروں کے سامنے سے زیر زمین گزر رہی ہے۔ دھماکے و آتشزدگی سے دو گھروں کے فرش بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئے۔

اہل محلہ نے بتایا کہ متاثرہ علاقے کے ایک گھر میں ایک ہفتہ قبل پنجاب سے کرائے دار آکر آباد ہوئے تھے۔ صبح اٹھ کر دیکھا تو گلی میں اور عقبی جانب سیاہی مائل مائع پھیلا ہوا تھا۔ ہم سمجھے کہ گٹر کا پانی ہے ابھی سمجھ بھی نہ پائے تھے کہ متاثرہ گھر کے سامنے دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔

مذکورہ گھر میں رہائش پذیر افراد راتوں رات گھر چھوڑ کر غائب ہوگئے ۔ شبہ ہے کہ گھر میں موجود کرائے داروں نے آئل پائپ لائن کو توڑ کر تیل چوری کرنے کی کوشش کی تھی۔

[video width="832" height="480" mp4="https://c.express.pk/2023/12/whatsapp-video-2023-12-25-at-3.07.41-pm-1703501646.mp4"][/video]

اے ایس پی صدر زینب ایوب نے بتایا کہ گھر کے کرائے دار کی جانب سے پائپ لائن میں سوراخ کرنے سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

کمشنرراولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئل لائنز یہاں سے گزرتی تھیں،ان پر آبادیاں بن گئی ہیں، یہ گھر خالی تھا کسی نے آئل چوری کرنے کی کوشش کی،پائپ لائن پنکچر کرنے کے دوران آگ لگ گئی۔

کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ آئل فیلڈ اور ریفائنری کو پہلے بھی لیٹر لکھا تھا کہ لائنز منتقل کی جائیں، اب اس معاملہ پر مستقل پالیسی بنائیں گے، اگرچہ اب بھی لائنز کی جگہ خالی ہے لیکن لوگوں نے آس پاس گھر بنا لئے ہیں۔

[video width="480" height="864" mp4="https://c.express.pk/2023/12/whatsapp-video-2023-12-25-at-10.24.11-am-1703490833.mp4"][/video]

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں