پشاور سے کراچی آنے والی ٹرین سے بم برآمد تحقیقات میں پیش رفت

بم عوام ایکسپریس کی بوگی نمبر پانچ میں سیٹ کے نیچے سے برآمد ہوا، جسے تین گھنٹے کی کوشش کے بعد ناکارہ بنایا گیا


Wasiq Muhammad December 23, 2023
فوٹو ایکسپریس

پشاور سے کراچی کے کینٹ اسٹیشن آنے والی ٹرین عوام ایکسپریس سے ٹائم ڈیوائس بم برآمد ہوا جسے تین گھنٹے کی طویل کوشش کے بعد ناکارہ بنادیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور سے رات نو بجے کے قریب کراچی کینٹ اسٹیشن پہنچنے والی ٹرین عوام ایکسپریس کی کوچ نمبر پانچ کی سیٹ 71 اور 72 کے نیچے سے صفائی کے دوران ایک مشکوک بیگ برآمد ہوا، جس کی اطلاع صفائی کرنے والے نے محکمہ ریلوے کے حکام کو دی۔

ریلوے انتظامیہ نے مشکوک بیگ کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی جس کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری پلیٹ فارم نمبر دو پر پہنچی اور پھر علاقے کو سیل کردیا۔

بعد ازاں بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر کے بیگ کا معائنہ کیا گیا تو اُس میں سے بم برآمد ہوا جسے ناکارہ بنادیا گیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق ٹائم ڈیوائس کا مجموعی وزن پانچ کلو تھا جس میں دو کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا، ڈیوائس کے ساتھ موٹر سائیکل کی بیٹری لگی ہوئی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ ائی ڈی بم کو ٹائمر کے ساتھ منسلک کیا گیا تھا تاہم بروقت اطلاع پر کارروائی کر کے اسے ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ محکمہ پولیس نے مذکورہ نشستوں پر بیٹھ کر آنے والے مسافروں کی کھوج لگانے کیلیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔

ڈی آئی جی ساوتھ اسد رضا نے کہا تحقیقات میں ریلوے پولیس اور عملے کو بھی شامل تفتیش کیا جائیگا ۔ بم میں لگی ڈیوائس ناکارہ تھی جس کی وجہ سے بم پھٹ نہ سکا ۔ ڈیوائس میں ٹائم جمعے کی دوپہر بارہ بجے کا تھا جب وہ روہڑی پہنچی تھی معجزانہ طور پر بم پھٹ نہ سکا۔

ریلوے حکام کے مطابق پشاور سے کراچی تک 62 اسٹیشن آتے ہیں ۔ بڑے اسٹیشنوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہوتے ہیں۔ کسی چھوٹے اسٹیشن سے دہشت گرد چڑھا ہے اور بیگ ٹرین کی بوگی نمبر 5 میں رکھ کر اتار گیا ہے ۔ ریلوے حکام کا مزید کہنا ہے کہ 71 اور 72 نمبر کی سیٹ کے ٹکٹ کس نے بک کئے اس کو بھی چیک کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں