اجارہ سکوک بانڈز کی نیلامی سے 573 ملین روپے کی بچت

بچت شرح سود کی مد میں ہوئی،ٹی بلز کے مقابلے میں سکوک بانڈز1.91کم شرح سود پر نیلام ہوئے


Salman Siddiqui December 10, 2023
شریعہ کمپلائنٹ بانڈز اور ٹی بلز وغیرہ کی نیلامی سے مزید6ہزار ارب روپے جمع کرنیکا منصوبہ—فائل فوٹو

حکومت نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے اجارہ سکوک بانڈز کی نیلامی سے سود کی مد میں 573 ملین روپے کی بچت کرلی۔

حکومت نے گزشتہ روز اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے 19.52 فیصد کی شرح سود پر ایک سال کیلیے اجارہ سکوک بانڈز کی نیلامی کی تھی، جس کے نتیجے میں 30 ارب روپے جمع ہوئے ہیں، یہ شرح سود 29 نومبر کو کی گئی ٹی بلز کی نیلامی کی شرح سود کے مقابلے میں 1.91 فیصد کم ہے۔

اسٹیٹ بینک میں کی گئی نیلامی کے دوران ٹی بلز سرمایہ کاروں زیادہ تر کمرشل بینکوں نے 21.43 کی شرح سود پر خریدے تھے، فلوٹنگ شرح سود کے مقابلے میں بھی شرح سود91 بیسز پوائنٹ کم ہے۔

اجارہ سکوک بانڈ کی نیلامی سے بانڈ مارکیٹ میں مالیاتی اداروں کی اجارہ داری کا بھی خاتمہ ہوگیا ہے، اب کوئی بھی شخص 5 ہزار کی سرمایہ کاری کے عوض بانڈ خرید سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سکوک بانڈز کے ذریعے حکومتی توقعات سے 16گنا زیادہ سرمایہ فراہم

ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر، سینیئر ایگزیکٹیو نائب صدر، اور سربراہ شریعہ کمپلائنس، میزان بینک احمد علی صدیقی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی زیادہ تعداد کی وجہ سے حکومت کو کم شرح سود پر سرمایہ حاصل کرنے میں کامیابی ملی، یہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے، انھوں نے امید ظاہر کی کہ زیادہ سرمایہ کاروں کی شراکت کی وجہ سے مزید ہونے والی نیلامیوں میں شرح سود مزید گر جائے گی، اسٹاک ایکسچینج اگلے ماہ مزید سکوک بانڈز نیلام کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ 13 گنا سبسکرائبنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ شریعہ کمپلائنٹ انسٹرومنٹس میں شدید دلچسپی رکھتے ہیں، علاوہ ازیں، حکومت نے دسمبر 2023 سے فروری 2024 کے دوران سکوک جیسے شریعہ کمپلائنٹ بانڈز، ٹی بلز اور پی آئی بیز کی نیلامی کے ذریعے 6 ہزار ارب روپے جمع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مرکزی بینک کے اعلان کے مطابق حکومت نے تین ماہ کے دوران بینکوں کے میچیور ہونے والے 3.77 ہزار ارب روپے کے قرض ادا کرنے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔