چار روزہ 16 ویں عالمی اردو کانفرنس 30 نومبر سے شروع ہوگی

کانفرنس میں 200 سے زائد ادیب شرکت کریں گے، بھارت سے گلزار اور جاوید صدیقی آن لائن شریک ہوں گے


آفتاب خان November 28, 2023
فوٹو : فائل

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام چار روزہ 'سولہویں عالمی اردو کانفرنس' کا آغاز 30 نومبر سے ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کانفرنس کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، معروف شاعر افتخار عارف، غازی صلاح الدین، نور الہدیٰ شاہ ، قدسیہ اکبر اور سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی نے بریفنگ دی۔

محمد احمد شاہ نے اس موقع پر کہا کہ 30 نومبر کو شام 4 بجے چار روزہ 16 ویں عالمی اردو کانفرنس کا افتتاح وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کریں گے، کانفرنس میں 200 سے زائد ادیب شرکت کریں گے، بھارت سے گلزار اور جاوید صدیقی آن لائن شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نفرت بہت زیادہ ہوچکی ہے، وقت بہت گزر چکا ہے، کوئی نہیں چاہتا کہ ادب کو عام کردیا جائے ، ہمیں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع دینا چاہیے۔

افتخار عارف نے کہا کہ احمد شاہ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ اتنی بڑی کانفرنس کرنے جارہے ہیں، اس کانفرنس میں نہ صرف کراچی بلکہ پوری دنیا سے لوگ شامل ہوتے ہیں، ملک کی مختلف زبانوں کو ایک چھت تلے جمع کرنا بہت بڑی بات ہے، اس عمارت کو اب دیکھتا ہوں تو بہت خوشی ہوتی ہے، احمد شاہ کی ادب کے لیے خدمات قابل تعریف ہیں۔

نور الہدی شاہ نے کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے لاہور، کشمیر اورسکھر میں فیسٹیول کیے، اس تجربے سے احمد شاہ اور آرٹس کونسل کے کردار کے معنی بدل گئے، جتنے سیاسی جلسوں میں لوگ نہیں ہوتے اتنے لوگ پاکستان لٹریچر فیسٹیول میں آئے ہوئے تھے۔

غازی صلاح الدین نے کہا کہ عالمی اردو کانفرنس کو ہم تمام فیسٹیولز کی ماں کا درجہ دیتے ہیں، عالمی اردو کانفرنس نوجوان کو ادب سے جوڑنے کی کوشش ہے کیونکہ پاکستان کی بقا کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کا ادب سے تعلق ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |