پیاز کی آڑ میں 5 ارب روپے کی منشیات ملائیشیا اسمگل کیے جانے کا انکشاف

ملائیشیا ایکسپورٹ کیے جانیوالے پیاز کے کنٹینر میں سے 100 کلوکوکین اور 411کلومیتھا مائن منشیات برآمد ہوئی


Ehtisham Mufti November 16, 2023
5مقامی افراد کو گرفتار کرلیا،ملائیشین حکام کا ٹڈاپ کو ہنگامی مراسلہ،کسٹم نے اسمگلنگ میں ملوث 2افراد پکڑ لیے۔ فوٹو: ویب

کراچی سے بھیجے گئے پیاز کے برآمدی کنسائنمنٹ کی آڑ میں5ارب روپے کی منشیات ملائشیا میں پکڑی گئی ہے۔

بیرون ملک منشیات کی اسمگلنگ کا ایک میگا اسکینڈل پکڑا گیا ہے، ملائیشیا ایکسپورٹ کیے جانیوالے پیاز کے کنٹینر میں سے100 کلو کوکین اور 411 کلومیتھا مائن نامی منشیات اسمگل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ملائیشین حکام کی جانب سے ٹڈاپ کو بھیجے گئے ہنگامی مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ملائیشین پولیس نے پاکستانی پیاز سے لدے کنٹینر میں سے 500کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی ہے۔

ملائیشین حکام کے بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 27 اکتوبر 2023 کو ملائیشیا کے شعبہ نارکوٹکس کرائم انویسٹی گیشن نے کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ساتھ مشترکہ طور پر چھاپے مارے، ملائشیا میں چیراس پرائما کے گودام پر چھاپے کے دوران ملائیشین حکام نے بوریوں سے بھرے ہوئے کنٹینر کی تلاشی لی گئی تو کنٹینر میں پیاز کے بجائے تھیلوں میں منشیات کے پیکٹس موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: قطر کیلیے بُک کنٹینر سے پیاز میں چھپائی گئی 3 من سے زائد چرس برآمد

دستاویز کے مطابق ملائشین حکام نے پانچ مقامی مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ دستاویز کے مطابق ملائشین نارکوٹکس کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ نے 24 اکتوبر 2023 کو پاکستان سے ایک کنٹینر کو کلونگ کی بندرگاہ پر پہنچنے کے بعد پتہ لگایا تھا، 21 سے 53 سال کی عمر کے تمام مشتبہ افراد کو خطرناک منشیات ایکٹ (ADB) کے سیکشن 39بی کے تحت حراست میں لیاگیا ہے، جس کے بعد ملایشین حکام کی جانب سے پاکستان میں ایف بی آر اور ٹی ڈیپ کو ہنگامی مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔

ملائشین حکام اس مراسلے کے بعد پاکستان کسٹمز پریونٹیو نے اس معاملے پر باقاعدہ ایف آئی آر درج کرلی ہے، منشیات اسمگلنگ کے الزام میں دو پاکستانی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزم چوہدری ندیم کو تھائی لینڈ جاتے ہوئے ائیر پورٹ سے حراست میں لیا گیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ کسٹمز حکام نے متعلقہ کلئیرنگ ایجنٹ عامر علی خان کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔