چٹ منگنی پٹ بیاہ

امریکا والوں کو امریکا میں اتنی آزادی نہیں جتنی اس اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ہے ۔۔۔


انیس منصوری May 21, 2014
[email protected]

اگر ہماری حیثیت، اوقات اور طاقت ہوتی تو ہم فوراً حکم صادر کر دیتے کہ یہ جو ہماری اماں ہمیں ہر وقت کہتی رہتی ہے کہ تمھاری تو ''چٹ منگنی اور پٹ بیاہ '' کروا دونگی ۔۔ فورا تبدیل کر دیا جائے۔۔ میاں یہاں اگر اس ملک میں کوئی چٹ سے جرم اور پٹ سے رہا ہو سکتا ہے تو وہ کم از کم پاکستانی نہیں ہوگا۔

امریکا والوں کو امریکا میں اتنی آزادی نہیں جتنی اس اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ہے ۔۔ کوئی دو قتل کرے۔۔ فورا فیصلہ اور فورا یہ جا وہ جا ۔۔ کوئی گولیاں لے کر گھومے ۔۔رنگے ہاتھوں پکڑا جائے اور یہ جا وہ جا ۔۔۔ آخر توفیق میاں کا کیا قصور ہے جو ایک نامعلوم جگہ پر بیٹھے نا معلوم دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر '' کش'' لگا رہے تھے ۔۔ پولیس کو بھنک ملی اور جناب اندر ۔۔ نہ ہی جیب میں روپیہ تھا اور نہ ہی گھر میں کوئی بیلنس ، سو فورا ''فٹ'' کر دیے گئے۔ پچھلے دو سال سے ہر مہینے ایک نئی تاریخ لینے جاتے ہیں۔

دو وکیل دس ہزار ر وپے لے چکے ہیں لیکن کیس میں ہر بار نئی پیشی مل جاتی ہے۔ اب اکثر توفیق میاں مجھے بھی کہتے ہیں کہ میں کچھ بیچ تھوڑ ی رہا تھا میں تو صرف چائے پی رہا تھا۔۔ اس میں میرا کیس ختم نہیں ہو رہا لیکن اس امریکی کے پاس سے گولیاں ملی اور کیس ختم ۔ دو دن سے مجھ سے ضد کر رہا ہے کہ میرا بھی کیس ختم کراو۔۔مجھے بھی امریکا سے ایک لیٹر دلاو ۔۔۔ اب اسے کون سمجھائے کہ ایک تو اس کا رنگ ایسا نہیں کہ جج اور وکیل دھوکا کھا جائے کہ یہ امریکا کی گوری چمڑی ہے۔ اور نہ ہی اس کے پاس لاکھوں روپے کی فیس ہے ۔۔ توفیق نے تو وکیل کو دیے جانے والے دس ہزار کا ادھار بھی ابھی تک نہیں اتارا ۔۔ دو سال ہو گئے ۔۔ لانڈھی سے شاہراہ فیصل تک پیدل آتا ہے کہ کہیں بیس روپے کرائے میں خرچ نہ ہو جائیں ۔۔

بڑا ہی بھولا بادشاہ ہے کہنے لگا کہ عمران خان آج کل بار بار کہہ رہے ہیں کہ اُن کی دھاندلی کی درخواست کی سماعت کو سابق چیف جسٹس نے اس لیے منع کر دیا تھا کہ 20 ہزار درخواستیں پڑی ہوئی تھیں تو جناب عالی سندھ ہائی کورٹ اور سیشن کورٹس میں تو لاکھوں کیس پڑے ہوئے ہیں وہاں کیوں اُس امریکی کا کیس فوری سنا گیا ۔؟۔ فوری ضمانت ہوئی اور فوری رہائی ۔۔ اور فوری کیس ختم ہو گیا ۔۔ اب عمران خان کیوں نہیں بول رہے کہ بلیک واٹر کراچی میں کیا کر کر رہی تھی۔ ؟ جماعت اسلامی نے کسی مظاہرے کا اعلان کیوں نہیں کیا ؟ اب انھیں کون سمجھائیں کہ عمران پشاور میں مصروف ہیں اور جماعت اسلامی اپنے نئے امیر کا استقبال کر رہی ہے۔

اور ایک بار پھر جب عمران فیصل آباد میں معرکہ لگا رہے ہونگے اُس وقت جماعت اسلامی کراچی میں اپنے امیر پر پھول نچھاور کر رہی ہو گی ۔۔ لیکن توفیق کا سوال تو بس اتنا سا ہے کہ جب عمران کی پٹیشن سننے کے لیے کسی کے پاس وقت نہیں تو امریکی کی سماعت اتنی جلدی کیسے مُک گئی ۔۔۔؟ مجھے ناراض آنکھوں سے دیکھتے ہوئے کہنا لگا کہ آپ بھی پرائم ٹائم کے مہمان ہو گئے ہو سوال پوچھو بجلی کا جواب آئیگا دو قومی نظریہ کا، سوال پوچھو روٹی کا جواب آئیگا دوسری جماعت کی عینک کا ۔۔ میاں اگر ڈھنگ کا جواب نہیں معلوم تو کیوں یہ ڈرامے کرتے ہو ۔۔۔۔؟

اپنی لاچاری چھپاتے ہوئے میں نے ایک اور کہانی بنانا شروع کی ۔۔کہ جناب توفیق میاں ایسا نہیں ہے کہ ہمارے یہاں صرف امریکیوں کے ہی فیصلہ جلدی ہوتے ہیں ۔ دیکھو، آخر ہم نے اُس پاسپورٹ کھونے والے کیس کا بھی فیصلہ کر ہی دیا نہ۔۔؟ ہمارے یہاں دیر ہے پر اندھیر نہیں ۔۔ ہماری جب غیرت پر بات آتی ہے تو ہم تیس سال پرانے کیس کا فیصلہ بھی لمحوں میں کر دیتے ہیں ۔۔ کیا ہوا اگر مدعی کے پیروں کی چپلیں گھس گئیں۔ آدھے سے زیادہ لوگ مر گئے ۔۔ نامزد ملزمان اس دنیا سے کوچ کر گئے لیکن ہم نے ایسا انصاف کیا کہ تاریخ میں اس کی مثالیں نہیں ملے گی۔۔؟

یہ تو چھوڑو ہم نے غریبیوں کو انصاف دلانے کے لیے حج کوٹا کیس اٹھایا جس میں ایک وزیر کو بند کر دیا ۔۔ ہم نے رینٹل کا کیس اٹھا یا جس میں وزیر اعظم کو ملزم کے کٹہرے تک لے آئے ۔۔ ہم نے ایک وزیر اعظم کو گھر بھیج دیا ۔۔ اور کتنا انصاف چاہیے ۔۔ میری انصاف پر ابھی تقریر ختم نہیں ہوئی تھی کہ میری نظر توفیق میاں پر پڑی۔ جو زمین سے سگریٹ کا ایک آدھ جلا ٹوٹا اٹھا کر صاف کر رہے تھے ۔۔ میری طرف دیکھ کر کہنے لگے میاں ۔۔ تقریر ختم ہو جائے تو یہ بتا دو ۔۔ہوا کیا ۔۔۔؟ کسی کا کوئی بال بھی اُکھڑا ۔۔

بس باتیں ہیں اور شام 6 سے لے کر 12 بجے تک لوگوں کی تفریح ۔۔۔ چھوڑو ۔۔ یہ بتائو ۔ میری بہن کا کیا حال ہے ۔۔؟ میں نے حیرت سے پوچھا کہ توفیق میاں تمھاری بہن کون سی ۔۔؟ میں تو نہیں جانتا تمھاری بہن کو ۔۔؟ توفیق میاں نے سگریٹ کا ٹوٹا منہ میں پھنسا کر ماچس سے اُسے آگ دیکھائی اور ایک لمبا کش لگا کر کہا ۔۔ یار وہ میری بہن ہے نہ ۔۔۔کیا نام ہے اُس کا ۔۔ وہ ہی جو دو شراب کی بوتلوں میں پھنس گئی ۔۔۔ میں نے اُسے یاد دلاتے ہوئے کہا کہ تم مس اُوڈھو کی بات کر رہے ہو ۔۔؟ ہاں اسی کی بات کر رہا ہوں ۔۔ وہ بھی میری طرح مظلوم ہے ۔۔ بیچاری نے کچھ نہیں کیا ۔۔ بس اُس کو بھی میری طرح تاریخ پر تاریخ مل رہی ہے ۔۔ توفیق نے سانس لیا تو میں نے کہا کہ جناب وہ تمھاری طرح کہاں سے ہو گئی اُن کے شوہر تو لیڈر ہیں ۔۔ وہ کمزور نہیں ہے۔۔ بس وہ تو نہ جانے سابق چیف جسٹس کو کیا سوجھی کہ دو بوتلوں کے پیچھے پڑ گئے ۔۔۔؟

توفیق میاں جیسے سب سمجھ گئے ہو کہنے لگے کہ وہ ہی چکر ہے جس میں پولیس والوں نے مجھے پھنسایا ۔۔میں کش لگانے کے چکر میں نہیں پھنسا بلکہ اس لیے پھنسا کہ میرے پاس پیسے اور طاقت نہیں تھی ۔۔۔ بات تو جان دار تھی۔۔میں تو تو فیق کا ہاتھ چھومنے لگا ۔۔ میں نے ایک اور راز کی بات پوچھی کہ جناب یہ تو بتائیں کہ کرکٹ میں کیا آنی جانی لگی ہوئی ہے ۔۔ ؟ اُس نے اپنے ٹوٹے ہوئے چپلوں سے سگریٹ بجھا کر کہا کہ جناب۔۔جو میرے پاس نہیں وہ اُن کے پاس ہے ۔ میرے پاس وکیل کی فیس اور طاقت ہوتی تو ۔۔میں بھی آنیاں جانیاں کر لیتا ۔۔ دونوں کے پاس برابر کی طاقت ہے اس لیے یہ تو ہو گا ۔۔ تھوڑی سی فیس مجھے دے دو میں بھی شارجہ میں چھکے لگائونگا ۔۔واہ واہ کیا بات تھی توفیق بھائی کی ۔۔ اٹھتے ہوئے میں نے اپنی اور طلب پوری کرنے کی کوشش کی اور پوچھا کہ جناب ۔۔یہ پیمرا اور کتنی تاریخ دیگا ۔

کہنے لگے۔۔تھانے میں مجھے پتہ چلا تھا کہ اوپر سے حکم ہے کہ گنتی پوری کرو۔۔اس لیے مجھے بھی گنتی میں ڈال دیا ۔۔ ان کی گنتی پوری ہونے والی ہے ۔۔۔ بس ایک دو بھرتیاں اور ہو جائیں پھر دیکھنا سکون ہو گا ۔۔۔جب تک اگلا SHO نہیں آتا۔۔۔ لگتا ہے جیل سے آ کر توفیق میاں بھی پکے ہو گئے ہیں ۔۔ کتنے پکے یہ بھرتیاں پوری ہونے پر اندازہ ہو جائے گا۔ سنا ہے امریکیوں کے کانوں میں بھی آج کل رس ڈال کر جنگ کر کے نعرہ لگانے والے کہہ رہے ہیں کہ اُن پر ظلم ہو رہا ہے۔ ہمارے دامن پاک ہیں۔ وہ تو یہ چھپی ہوئی طاقتیں ہمیں پھنسا رہی ہیں ۔۔ بس کوئی امریکی کیس میں نہ پھنس جائے ورنہ ''چٹ منگنی اور پٹ بیاہ ہو جائے گا۔''

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں