خوابوں کی تعبیر

اس، خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔


فوٹو : فائل

سہیلی بکری کا دودھ بھیجتی ہے
زریاب گوہر ، پشاور

خواب : میں نے دیکھا کہ میری بہن کی سہیلی نے ہمارے گھر بہت بڑی بالٹی میں بکری کا دودھ بھیجا ہے جس پہ میری والدہ خفا ہو رہی ہیں کہ ہم اتنے زیادہ دودھ کا کیا کریں مگر میرے نانا ابو ان کو سمجھاتے ہیں کہ اس کے بہت فائدے ہیں جس پہ میری امی خاموشی سے اس کو دیگچی میں ڈال دیتی ہیں مگر ہم سب بہن بھائی بہت خوش ہیں کہ جلدی سے امی ابال لیں تو ہم پی کر دیکھیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔ گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ھو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

پہاڑی مقام
ذیشان علی ، اسلام آباد

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی جگہ کھڑا ہوں جیسے کوئی پہاڑی مقام ہو اور آس پاس کافی درخت ہیں تو مجھ پہ اچانک کوئی جانور حملہ کر دیتا ہے۔ میں یکدم ایک طرف بھاگتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ وہ ایک بھیڑیا ہے جو میرے پیچھے بھاگ رہا ہے ۔ پھر دیکھتا ہوں کہ جیسے میں اپنے گھر میں ہوں اور وہ میرے گھر کے باہر ہے اور میں کافی پریشان ہوں ۔

تعبیر : اس، خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے ۔ کاروباری معاملات میں کسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

پریشان اور اداس
عنبرین صوفی، راولپنڈی

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی جگہ بند ہو چکی ہوں اور کافی پریشان اور اداس بھی ہوں ۔ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ میں آخر ہوں کہاں؟ مگر سوچ یہی ہے کہ میں کسی بند جگہ پہ ہوں اور کافی دنوں سے ہوں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی ۔کئی دن سے یہ خواب میرے اعصاب پہ سوار ہے اور مجھے پریشانی رہتی ہے کہ جانے اس کا کیا مطلب ہو ، مجھے اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کسی کے ساتھ خراب تعلقات یا دشمنی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے کہ کسی طاقت ور دشمن سے پالا پڑ سکتا ہے ۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں ۔

ننگے پائوں
یعقوب لودھی، کراچی

خواب : میں نے دیکھا کہ میں کہیں مارکیٹ میں تیزی سے پھر رہا ہوں جیسے کسی چیز کی تلاش کر رہا ہوں ۔ اچانک میری نظر اپنے پاوں پہ پڑتی ہے تو مجھے حیرت ہوتی ہے کہ میرے پاوں میں جوتا نہیں ہوتا ۔ میں پریشانی کے عالم میں جوتا تلاش کرنے لگ جاتا ہوں اور میرے پاوں سارے مٹی سے اٹے ہوتے ہیں ۔ مگر کہیں کوئی جوتا نظر نہیں آتا ۔

تعبیر : آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خدانخواستہ کسی کی موت کی خبر بھی ہو سکتی ہے ۔ گھریلو اور کاروباری یا تعلیمی معاملات میں بھی پریشانی و رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں ۔ حسب استطاعت صدقہ و خیرات بھی کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔

سسرال میں ہونا
غلام نبی، پشاور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے سسرال میں ہوں اور ادھر ان کے فارم سے آئے انگور جو کہ بے حد شیریں اور لذیذ ہیں ۔ مختلف لوگوں کو بانٹنے کے لئے خوبصورت سے ڈبوں میں پیک کر رہا ہوں اور ساتھ ساتھ کھاتے ھوئے اس کی لذت سے بھی محظوظ ہو رہا ہوں ۔ اتنی دیر میں میرے سسر اندر آتے ہیں تو ان کے پیچھے ان کے کئی ملازم مزید انگوروں کی فصل لئے داخل ہوتے ہیں۔ میرے سسر میری طرف اشارہ کر کے ان ملازموں سے کچھ کہتے ہیں مگر اس کے ساتھ ہی میری آنکھ کھل گئی ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی طرف دلیل کرتا ہے۔ دینی معاملات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دنیاوی معاملات میں بھی آسانی و بہتری ہو گی ۔ رزق حلال میں اضافہ ہو گا اور اس کے لئے وسائل مہیا ہوں گے ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار بھی کیا کریں ۔

شدید بارش
فرزانہ وکیل، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ کافی بارش ہو رہی ہے اور ہم اپنے گھر کے اندر کمروں میں پریشان بیٹھے ہیں ۔ بارش کی شدت بہت زیادہ ہوتی ہے کہ ہم اس خوف میں ہوتے ہیں کہ کہیں پانی اندر نہ آ جائے ۔ اسی دوران ہماری چھت سے بھی پانی ٹپکنا شروع ہو جاتا ہے۔ اسی بات کو لے کر ابھی پریشانی کے عالم میں بیٹھے ہوتے ہیں کہ ایک خوفناک دھماکے کی آواز آتی ہے اور ہمارے ساتھ والے کمرے کی چھت گر جاتی ہے ۔ ہم سب چیخیں مارتے ہوئے ادھر سے باہر نکلتے ہیں۔ اسی کے ساتھ میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو معاملات یا اولاد کی طرف سے آپ کو کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ازدواجی معاملات میں بھی بیوی یا شوہر کی طرف سے اسی طرح کے مسلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری معاملات میں بھی کسی پریشانی سے رکاوٹ ہو سکتی ہے۔ اس کا تعلق کاروباری افراد سے ہو سکتا ہے۔ جو آپ کے بھروسے کو توڑ سکتے ہیں ۔کوشش کریں کہ ان معاملات میں ضروری کاروائی لازمی کریں تا کہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ لازمی طور پہ صدقہ و خیرات بھی کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔