حارث رؤف کی فٹنس پر خدشات ختم ہوگئے

میڈیکل پینل کی جانب سے ورلڈکپ کیلیے کلیئر، لاہور میں پریکٹس شروع کردی


Abbas Raza September 22, 2023
میڈیکل پینل کی جانب سے ورلڈکپ کیلیے کلیئر، لاہور میں پریکٹس شروع کردی (فوٹو: ٹوئٹر)

حارث رؤف کی فٹنس پر خدشات ختم گئے،میڈیکل پینل کی جانب سے ورلڈکپ کیلیے کلیئر قرار دیے جانے پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پریکٹس بھی شروع کردی جب کہ نسیم شاہ کی بحالی فٹنس کیلیے ماہرین کی معاونت سے کوشش جاری ہے۔

بھارت سے میچ میں پاکستان کو دہرا صدمہ اٹھانا پڑا، ایک تو 228رنز سے شکست نے ٹیم کا اعتماد بْری طرح متزلزل کیا، دوسرے 2اہم ترین بولرز انجرڈ ہوگئے، حارث رؤف نے 5اووز کیے اور پسلیوں میں تکلیف کی وجہ سے ریزرو ڈے پر بولنگ کیلیے نہیں آسکے، نسیم شاہ نے دیگر پیسرز کی بانسبت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر کندھے میں تکلیف کی وجہ سے آخری اوور ادھورا چھوڑ کر میدان سے باہر چلے گئے۔

سری لنکا کے خلاف سیمی فائنل کی صورت اختیار کرنے والے اہم میچ کیلیے دونوں پلیئرز کی دستیابی ممکن نہیں ہوسکی، متبادل بولرز توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرپائے اور پاکستان ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگیا، اس وقت بھی آرام کرنے سے حارث رؤف کی فٹنس میں بہتری آنے کی امید ظاہر کردی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: نسیم، حارث کی انجریز، پاکستان نے زمان اور شاہنواز کو طلب کرلیا

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل پینل نے انھیں ورلڈکپ اسکواڈ میں سلیکشن کیلیے فٹ قرار دے دیا، پیسر نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بولنگ کی جہاں میڈیکل پینل نے جائزہ لینے کے بعد انھیں کلیئر قرار دیا، حارث رؤف نے بولنگ پریکٹس بھی شروع کردی ہے۔

دوسری جانب پی سی بی کا میڈیکل پینل نسیم شاہ کی فٹنس پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے، دبئی میں ٹیسٹ کی رپورٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ماہرین کی مشاورت سے ان کے مسائل کا حل نکالنے کی کوشش ہورہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کے دوران نسیم شاہ کی فٹنس مکمل طور پر بحال ہونے کا امکان نہیں لگتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں