مضبوط سیاسی نظام قانون کی حکمرانی انصافی کی فراہمی جمہوریت سے ممکن ایکسپریس فورم

نوجوانوں کوجمہوری عمل میں شامل کرنا ہوگا،پروفیسر ڈاکٹر ارم خالد ، جمہوری استحکام میں ملکی استحکام ، سلمیٰ بٹ


ایکسپریس فورم میں پروفیسر ڈاکٹر ارم خالد ، سلمیٰ بٹ اور بشریٰ خالق شریک گفتگو ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

ملکی مسائل کا واحد حل مضبوط جمہوریت ہے، مضبوط سیاسی نظام، انسانی حقوق کا تحفظ، قانون کی حکمرانی، انصاف کی فراہمی، مساوات اور ایک اچھا معاشرہ جمہوریت سے ممکن ہے، معاشی وسائل تک یکساں رسائی جمہوریت کی بنیاد ہے۔

جمہوریت کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، پاکستان جمہوری طریقے سے معرض وجود میں آیا، ہم آئین اور انسانی حقوق کو بھی مانتے ہیں مگر بدقسمتی سے ہمارا شمار دنیا کے کمزور جمہوریت والے ممالک میں ہوتا ہے، ہمارے ہاں سیاست کو بطور ادارہ پنپنے نہیں دیا گیا، اگر یہاں جمہوریت کا تسلسل نہ ٹوٹتا تو آج حالات مختلف ہوتے، جمہوریت کی مضبوطی کیلیے سب سے زیادہ ذمہ داری سیاسی جماعتوں پر عائد ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے '' جمہوریت کے عالمی دن'' کے موقع پر '' ملک میں جمہوری استحکام کیسے ممکن ؟؟ '' کے موضوع پر منعقدہ '' ایکسپریس فورم '' میں کیا۔

سربراہ شعبہ سیاسیات جامعہ پنجاب پروفیسر ڈاکٹر ارم خالد نے کہا کہ پاکستان میں نوجوان آبادی زیادہ ہے، دنیا کی نظریں ہم پر لگی ہیں، رواں برس جمہوریت کے عالمی دن کا موضوع 'یوتھ امپاورنمنٹ' ہے، ہمیں نوجوانوں کی تربیت کرکے ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ نوجوانوں کو جمہوری عمل میں شامل کرنا ہوگا، جمہوریت کو مضبوط کرنا سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے، سیاسی جماعتیں اپنے منشور کے ذریعے مسائل کے حل کا لائحہ عمل دیتی ہیں مگر ہمارے ہاں منشور پر بات نہیں ہوتی بلکہ ہم شخصیات کو جمہوریت چلنے کی ضمانت سمجھتے ہیں.

رہنما مسلم لیگ ن سلمیٰ بٹ نے کہا کہ پاکستان جمہوری طریقے سے اسمبلی میں ووٹنگ کے ذریعے معرض وجود میں آیا، ہماری بنیادوں میں جمہوری اقدار ہیں لہٰذا اگر پاکستان اور جمہوریت کو الگ رکھیں گے تو مسائل پیدا ہونگے۔ جمہوری استحکام میں ملکی استحکام ہے، جہاں جمہوریت نہ ہو وہاں پولرائزیشن ہوتی ہے، لوگوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، حکومت پر اعتماد ختم ہوجاتا ہے، جرائم کی شرح بڑھ جاتی ہے، متشدد رویوں کو فروغ ملتا ہے اور بدترین سماجی مسائل پیدا ہوجاتے ہیں، ساستدانوں پر تنقید کرنا، الزام تراشی کرنا آسان ہے.

نمائندہ سول سوسائٹی بشریٰ خالق نے کہا کہ جمہوریت واحد حل ہے جس کے ذریعے ایک اچھا سیاسی نظام لایا جاسکتا ہے۔ انسانی حقوق کا تحفظ، انصاف کی فراہمی، قانون کی حکمرانی، مساوات، احتساب، میڈیا کی آزادی، سیاسی جماعتوں کی مضبوطی جمہوری نظام میں ہی ممکن ہے، ہم شہریوں کے حقوق، سیاسی جماعتوں، آئین کو بھی مانتے ہیں مگر اس کے باوجود ہمارا شمار دنیا کے کمزور جمہوریت والے ممالک میں ہوتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں