سرد جنگ اور برکس

امریکا اور برطانیہ مذہب کے اس ہتھیار کو مسلمانوں کے خلاف مسلسل استعمال کرتے رہے ہیں


Zamrad Naqvi September 04, 2023
www.facebook.com/shah Naqvi

حال ہی میں برکس تنظیم کا سربراہی اجلاس جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں ہوا جس میں چین کے صدر شی جن پنگ نے بلاک محاذ آرائی کے حوالے سے وارننگ دیتے ہوئے اقوام عالم کو مشورہ دیا کہ وہ انجانے میں سرد جنگ کی کھائی میں گرنے سے گریز کریں ۔

ان کی یہ تقریر چین کے وزیر تجارت نے پڑھی جس میں انھوں نے کہا کہ ہمیں خوش حالی کشادہ فکری اور اجتماعیت کو قبول کرنا ہے یا ہمیں جبر اور ڈرانے دھمکانے والے اقدامات کو یہ موقع فراہم کرنا ہے کہ وہ ہمیں ڈپریشن میں پھینک دیں۔

جب کہ برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا نے برکس کے رکن ممالک کے درمیان ایک مشترکہ کرنسی کی حمایت اور ضرورت پر زور دیا تاکہ رکن ممالک کو عالمی اور دو طرفہ تجارت میں امریکی ڈالر کی بالا دستی سے لگنے والے جھٹکوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

روس کے صدر ولادی میر پوتن نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کیا وجہ اس کی یہ تھی کہ وہ اس گرفتاری سے بچنا چاہتے تھے جو انٹر نیشنل کورٹ آف جسٹس کی طرف سے جاری کیے وارنٹ کی وجہ سے مطلوب ہیں ۔

اپنی تقریر میں انھوں نے ایک بار پھر یہ الزام عائد کیا کہ یوکرین روس جنگ کے اصل ذمے دار امریکا اور مغربی ممالک ہیں ۔حقیقت اور سچائی بھی یہی ہے کہ یوکرین روس جنگ شروع ہونے کے بعد دونوں ممالک مذاکرت کی ٹیبل پر آگئے تھے یہاں تک کہ جنگ بند اور صلح کے معاہدے پر دستخط ہونے والے تھے کہ اچانک یوکرینی وفد امریکی اشارے پر مذاکرات سے فرار ہوگیا۔ وجہ امریکی دباؤ اور لالچ تھا جس میں یوکرین کے کامیڈین صدر پھنس گئے ۔

یوکرین کے صدر سیاست میں آنے سے پہلے کامیڈین تھے ۔ یہ وہ وقت تھا جب پوری دنیا کورونا وباء کے چنگل سے بمشکل نکلی ہی تھی اور عالمی معیشت اس وباء کے ہاتھوں تباہ کن اثرات کے لپیٹ میں تھی کہ اس کے بعد یوکرین روس جنگ کی دوسری آفت نازل ہوگئی جس نے تیسری دنیا یعنی پاکستان جیسے غریب ملکوں کی معیشت کا کباڑہ ہی کردیا۔

اس وباء نے پاکستان کی معیشت کو اتنا کمزور کردیا کہ اسے اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے لیے اگلی کئی دہائیاں چاہیں ۔ یوکرین اور روس دونوں دنیا کو اناج مہیا کرتے ہیں۔

اس جنگ کی وجہ سے گندم کھاد وغیرہ کی قیمتیں دنیا اور پاکستان میں کئی گنا بڑھ گئیں ۔پاکستان میں مہنگائی کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے لیکن امریکا کو ان سب کی کوئی پرواہ نہیں ۔وہ یوکرین کی افرادی قوت کو استعمال کرکے روس کو تباہ کرنا چاہتا ہے اپنا اور یورپ کا جدید ترین اسلحہ یوکرین کو مہیا کرکے۔

امریکا اور اس کی اتحادی مغربی طاقتیں صدیوں سے دنیا پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کے لیے ایٹمی جنگ سمیت کسی بھی حد تک جا سکتی ہیں ۔ سب سے پہلے وہ روس کو تباہ کرنا چاہتی ہیں اس کے بعد چین کو بحیرہ جنوبی چین میں نشانہ بنا کر اس کی معاشی ترقی کا خاتمہ چاہتی ہیں ۔

امریکا وہی کھیل دہرا رہا ہے جو اس نے سوویت یونین کے خلاف افغانستان میں کھیلا جس میں اس نے لاکھوں افغان ، سادہ لوح مذہبی شدت پسندوں کو اپنے سامراجی مفادات کے لیے استعمال کیا نتیجے میں اس نے پوری دنیا پر قبضہ کر لیا جس کے بعد اس نے عراق ،لیبیا ، شام اور ایران کی فوجی اور معاشی قوت کو اگلی کئی دہائیوں کے لیے تہس نہس کر کے پاکستان جیسے بہت سے مسلمان ملکوں کو اپنا غلام بنا لیا۔ یہ سارے کارنامے امریکا کے لیے افغان مجاہدین اور طالبان نے انجام دیے ۔

اس پر ان کا یہ دعویٰ ہے کہ انھوں نے افغانستان کو امریکیوں کا قبرستان بنا دیا ہے ۔ قبرستان تو افغانستان ضرور بنا لیکن افغانیوں کے لیے جہاں لاکھوں کی تعداد میں افغانیوں کی قبریں بنیں۔ امریکی تو اس پوری جنگ میں صرف 5000 مارے گئے۔دیکھا یہ کتنے عقلمند ہیں ؟ انھوں نے تو پوری مسلم اُمہ کا کئی دہائیوں تک کے لیے بیڑا غرق کرکے رکھ دیا ۔

برطانیہ نے طویل عرصہ مسلم دنیا پر حکومت کی ہے وہ مسلمانوں کی کمزوریوں سے بخوبی واقف ہے مسلمانوں کی سب سے بڑی کمزوری مذہبی جنونیت اور شدت پسندی ہے ۔ امریکا اور برطانیہ مذہب کے اس ہتھیار کو مسلمانوں کے خلاف مسلسل استعمال کرتے رہے ہیں۔ برصغیر کی تقسیم سے پہلے اس کی ایک بڑی مثال تحریک خلافت ہے۔

جب خلافت عثمانیہ کو بچانے کے لیے ہندوستان کو چھوڑ دو کی تحریک شروع کی گئی جس سے برصغیر کے مسلمانوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ۔ تحریک خلافت سے پہلے ہندو مسلم اتحاد مثالی تھا۔ لیکن اس تحریک کی وجہ سے ہندو مذہبی شدت پسند ، دہشت گرد ، جنونیوں کو یہ موقع مل گیا کہ وہ سادہ لوح ہندوؤں کو یہ بتا کر ڈرائیں کہ پوری دنیا کے مسلمان اکٹھے ہو کر ہندوستان پر قبضہ کر لیں گے ۔

برکس کی بات تو بیچ میں ہی رہ گئی چلیں اس کا ذکر پھر کبھی سہی ۔

اگلے برس مارچ میں معاشی سیاسی بحران اور مہنگائی اپنی انتہاء کو پہنچ جائے گی۔

3-4-5-6اور 12-11-9-8 خان صاحب کے لیے مزید اہم تاریخیں ہیں ۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دورہ پاکستان کی ٹائمنگ معنی خیز ہے ۔ مزید معنی خیز یہ کہ وہ ستمبر میں ہی بھارت کا بھی دورہ کریں گے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں