کراچی گلشن اقبال میں باپ بیٹیوں کو گاڑی تلے روندنے والا ڈرائیور گرفتار

پولیس نے گاڑی بھی برآمد کر کے قبضے میں لے لی، ڈرائیور کی شناخت معاویہ کے نام سے ہوئی جو ایل ایل بی کا طالب علم ہے


Munawar Khan September 01, 2023
فوٹو ایکسپریس

گلشن اقبال پولیس نے باپ بیٹی سمیت متعدد افراد کو گاڑی تلے کچلنے والے ملزم کو سخت جدوجہد کے بعد گرفتار کر کے ویگو گاڑی قبضے میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق ویگو کے ڈرائیور نے اتوار 27 اگست 2023ء کی شام گلشن اقبال تکون پارک کے قریب باپ ، 2 کمسن بیٹیوں اور بھانجی کو کچل کر شدید زخمی کیا تھا جو تاحال نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ ویگو گاڑی کا ڈرائیور سڑک پر گرے ہوئے زخمی افراد پر سے گاڑی چڑھتا ہوا موقع سے فرار ہوگیا تھا۔

اس واقعے کی فوٹیج بدھ کی شب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد پولیس ملزم کی گرفتاری کیلیے متحرک ہوئی۔

ایس ایچ او گلشن اقبال ارشد آفریدی نے بتایا کہ گرفتار گاڑی کا ڈرائیور معاویہ گلشن اقبال بلاک 7 کا رہائشی اور ایل ایل بی کا طالب علم ہے جس نے پولیس کو ابتدائی بیان میں بتایا کہ حادثے کے بعد وہ گھبرا گیا تھا جس کے باعث وہ موقع سے بھاگ نکلا تاہم پولیس گرفتار ملزم سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ نگران وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ کو ڈرائیور کا سراغ لگا کر گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں