گورنر سندھ نے کراچی میٹرو پولیٹن یونیورسٹی بل دستخط کئے بغیر واپس کردیا

میئر /ایڈمنسٹریٹر کو یونیورسٹی کا چانسلر بنانے کیلیے ہایئر ایجوکیشن کمیشن کی گائیڈ لائن کی ضرورت ہے، گورنرسندھ


کے ایم عباسی August 26, 2023
فوٹو فائل

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے آئین پاکستان کے سیکشن 116(2)(b)کے تحت کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی بل 2023 کو دستخط کئے بغیر واپس کردیا۔

اس ضمن میں گورنر سندھ نے کہا کہ بل کے سیکشن 14(1)کے تحت دیگر جامعات کے برعکس میئر یا ایڈمنسٹریٹر کو یونیورسٹی کا پروچانسلر بنایا گیا ہے، سیکشن 14(2)کے تحت وہ چانسلر کی غیر موجودگی میں اس کے اختیارات استعمال کرے گا اور فرائض سرانجام دے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی دیگر جامعات میں پروچانسلر، وزیر اعلیٰ سندھ کے اختیارات استعمال کرتا ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کو کالجوں کے الحاق یا اس کے خاتمہ کے سیکشن 6(vii)پر بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کے مطابق نظر ثانی کی ضرورت ہے۔

کامران ٹیسری نے کہا کہ یونیورسٹی میں پروچانسلر کے کردار کو دیگر جامعات کے مطابق کرنے اور الحاق یا اس کے خاتمہ کے سیکشن پر دوبارہ غور کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس معاملہ پر نظرثانی کرنے کے لئے میں یہ بل صوبائی اسمبلی کو واپس بھیج رہا ہوں۔

علاوہ ازیں گورنر نے سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی (ترمیمی) بل 2023 کو بھی اعتراض لگا کر واپس کرتے ہوئے بل پر نظر ثانی کرنے کی ہدایت کردی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سیکشن (3)میں کی گئی ترمیم میں وزیر اعلیٰ کی جانب سے وائس چیئرپرسن نامزد کرنے میں تعلیم، تجربہ اور مدت کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔ اس لئے یہ اس اسامی پر تعیناتی کے لئے ان چیزوں کے بغیر یہ غیر مناسب عمل ہوگا۔

کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ سیکشن 9 میں 4 سالہ مقررہ مدت کو غیر معینہ مدت تک کرنے اور اس میں مزید 2سال اضافہ پہلے سے طے شدہ مسابقانہ اور شفاف تقرر کے طریقہ کار کے منافی ہے۔ اس طرح سے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے تجربہ کو 20سال سے کم کرکے 15سال کرنے اور اس اسامی کو 20 گریڈ سے19/20گریڈ کی کرنے سے مذکورہ افسر کی کارکردگی میں فرق آئے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں