تھیٹر کی آڑ میں فحاشی پھیلانے والوں کے گرد شکنجہ کس دیا گیا

بیہودہ ڈائیلاگ اور اخلاق باختہ گانے و رقص پر تھیٹر مالک اور مینیجر کیخلاف ایف آئی آر درج ہوگی، کمشنر لاہور


Showbiz Reporter August 01, 2023
(فوٹو، ایکسپریس)

تھیٹر ڈراموں کی آڑ میں فحاشی پھیلانے والے افراد کے گرد شکنجہ کسنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ تھیٹر سے بیہودہ ڈائیلاگ اور اخلاق باختہ گانے ورقص پر تھیٹر مالک اور مینیجر کیخلاف ایف آئی آر درج ہوگی جبکہ تنبیہ کے باوجود ایس او پیز سے انحراف کی صورت میں تھیٹر کو بند کردیا جائے گا اور تمام تھیٹرز پر بلا تفریق یکساں پالیسی نافذ ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر لاہور نے لاہور تھیٹرز کے حوالے سے خصوصی اجلاس کے دوران کیا جس میں محفل تھیٹر، ناز تھیٹر، تماثیل تھیٹر، باری تھیٹر، الفلاح تھیٹر، شمع تھیٹر کے مالکان، مینیجر اور ڈائریکٹر نے شرکت کی جبکہ اس موقع پرایڈیشنل کمشنرعبدالسلام عارف، اے ڈی سی آر عدنان رشید اور پنجاب آرٹ کونسل کے افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران تھیٹروں سے متعلق شکایات، مینیجمنٹ کی آراء اور سینسر ایس او پیز کا جائزہ لیا گیا جبکہ تھیٹرز منیجمنٹ کی ڈراموں کو اقدار، ثقافت اور اخلاق سے ہم آہنگ کرنے کیلئے انتظامیہ کیساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر کمشنر لاہور نے ناقص کارکردگی و نامکمل معلومات پر سینسر کلرک شہزاد احمد کو سرنڈر کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔

محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ تھیٹرز کے فروغ کے خواہاں ہیں، اردو اور پنجابی کے بہترین تخلیقی فنکار تھیٹرز سے سامنے آئے ہیں۔ تھیٹرز زبان و ثقافت اور اقدار کی ترویج اور فروغ کا پلیٹ فارم ہیں اور ہم اس کا تحفظ کرینگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں