سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی مذاہب کو لڑانے کی سازش ایکسپریس فورم

ہمارے لیے قرآن پاک اور حضرت محمدؐ سے بڑھ کر کوئی ہستی نہیں ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد


عید کے دن یہ دلخراش واقعہ سوچ سمجھ کر کیا،سویڈن حکومت کا خاموش رہنا افسوسناک، آرچ بشپ سباسٹین شا۔ فوٹو: ایکسپریس

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی مذاہب کو آپس میں لڑانے کی سازش ہے، عالمی امن یقینی بنانے کیلیے اقوام متحدہ اور یورپی یونین، تمام مذاہب اور مقدسات کی توہین کے حوالے سے سخت قانون سازی کریں۔

اگر آزادی اظہار رائے کی آڑ میں سازش کرنے دی گئی تو سب کا نقصان ہوگا۔ قرآن کریم اور ناموس رسالتؐ کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض ، اسلام ہماری ریڈ لائن ہے ، سویڈن کی عدالت اور حکومتی سرپرستی میں قرآن پاک کی جو بے حرمتی کی گئی آج پوری امت مسلمہ کا ہر فرد سراپا احتجاج ہے ان خیالات کا اظہار مختلف مذاہب کے رہنمائوں نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے قبیح عمل کے حوالے سے منعقدہ ''ایکسپریس فورم'' میں کیا۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان وخطیب امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا سویڈن نے ایک بار پھر قرآن کریم کی بے حرمتی کر کے دو ارب مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے، ہم کسی کو بھی قطعاََ یہ اجازت نہیں دینگے کہ وہ قرآن کریم یاہمارے نبی کریم ؐکی توہین کرے ، قرآن پاک اور نبی حضرت محمدؐ سے بڑھ کر ہمارے لیے کوئی ہستی نہیں ہے،ہم ان پر مر مٹنا اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔

آرچ بشپ سباسٹین شا نے کہا مسیحی برادری قرآن پاک کی بے حرمتی کی پر زور مذمت کرتی ہے ، اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے مطالبہ کرتی ہے اس معلون کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، اسے سرعام سزا دے کر نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی جسارت نہ کرے۔ عید کے دن یہ دلخراش واقعہ سوچ سمجھ کر کیا گیا ہیعالمی برادری سے ہمارا مطالبہ ہے کہ مذاہب اور مقدسات کی توہین کے حوالے سے قانون سازی کرے۔

سابق صدر گوردوارہ سکھ پربندھک کمیٹی سردار بشن سنگھ نے کہا قرآن پاک کی بے حرمتی پر پوری دنیا سراپا احتجاج ہے، پاکستان میں بسنے والے سکھ بھی اس عمل کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ کسی دوسرے مذہب ، مقدس مقام، مقدس کتاب، پیغمبر، پیر، اولیاء کی توہین کرے، اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے تمام مذاہب کے مقدسات کا تقدس یقینی بنانے کیلئے قانون سازی کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں