کراچی کوہاٹ میں جاری دشمنی پر دو سگے بھائیوں سمیت تین افراد قتل

وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 10 خول برآمد، موٹر سائیکل سوار ملزمان موقع سے فرار ہوگئے


طحہ عبیدی June 30, 2023
(فوٹو فائل)

بلدیہ ٹاؤن میں موبائل فون شاپ پر اندھا دھند فائرنگ سے 2 سگے بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ کمسن لڑکا زخمی ہوگیا، واقعے کا مقدمہ بلدیہ ٹاؤن تھانے میں درج کرلیا گیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ مقتولین کا کوہاٹ میں تنازع چل رہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ کے علاقے رشید آباد منان اسپتال کے قریب مسلح ملزمان کی موبائل فون شاپ کے قریب اندھا دھند فائرنگ سے 2 سگے بھائیوں اور کمسن لڑکے سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا جہاں دونوں بھائی سمیت 3 افراد دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ایس پی بلدیہ مغیث احمد ہاشمی کے مطابق مقتولین کی شناخت 26 سالہ جنید اس کے بڑے بھائی 35 سالہ سیفن ولد اسحاق اور 48 سالہ امتیاز کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 5 سالہ ایان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

پولیس کو وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 10 خول ملے ہیں جبکہ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا بتایا گیا تاہم تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول امتیاز بلدیہ رشید آباد کا رہائشی ہے جبکہ دونوں مقتولین سگے بھائی جنید اور سیفن اس کے پاس کوہاٹ سے مہمان آئے ہوئے تھے اور ان پر کوہاٹ میں قتل کا مقدمہ چل رہا ہے جو کہ ضمانت پر رہا تھے اور کراچی آئے ہوئے تھے جبکہ تینوں افراد موبائل شاپ پر بیٹھے ہوئے تھے کہ موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے انھیں اپنے ہدف کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ اسی قتل کا ردعمل ہو سکتا ہے تاہم مقتولین بھائیوں کے اہلخانہ سے مزید معلومات حاصل ہونے کے بعد صورتحال مزید واضح ہو سکے گی اور ملزمان کی بھی نشاندہی میں مدد ملے گی۔

دوسری جانب بلدیہ ٹاؤن رشیدہ آباد میں دو بھائیوں سمیت تین افراد کے قتل کا مقدمہ بلدیاتی ٹاؤن تھانے میں درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق تینوں افراد کو کوہاٹ میں جاری دشمنی پر قتل کیا گیا، متاثرہ فیملی کی جانب سے کچھ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مدعی مقدمہ کی جانب سے امیر اعظم نامی شہری کو نامزد کیا گیا ہے۔

اُدھر فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔ جس میں فائرنگ کے دوران وہاں موجود عوام کو بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس کے مطابق مسلح ملزمان قتل کی واردات کے بعد موٹر سائیکل پر فرار ہوئے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |