کراچی پورٹ کے دو ٹرمینلز کا آپریشن ابوظہبی کے حوالے

معاہدے کے تحت پی آئی سی ٹی کا نیا نام اب کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ ہوگا


Kashif Hussain June 22, 2023
فوٹو: ایکسپریس

کراچی پورٹ کے دو ٹرمینلز کا انتظامی کنٹرول 50 سال کے لیے ابوظہبی پورٹ گروپ کو سونپ دیا گیا۔

ابوظہبی پورٹس نے پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرز ٹرمینلز کا انتظامی کنٹرول حاصل کرنے کے لئے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس پر دستخط کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، معاہدے پر کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین سید سیدین رضا اور ابو ظہبی گروپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جمعہ شمسی نے دستخط کئے۔

اس موقع پر یواے ای کی جانب سے وزیرتوانائی اور انفرااسٹرکچر سہیل محمد المزروعی، وزیر مملکت برائے غیر ملکی تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی اور کراچی میں دبئی کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی، گورنرسندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ فیصل سبزواری سمیت متعلقہ حکام موجود تھے۔

معاہدے کے تحت پی آئی سی ٹی کا نام بدل دیا جائے گا اور نیا نام کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ ہوگا، ٹرمینل کو جدید بنانے پر 22 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے جبکہ 10 سال میں 1.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، اسٹوریج اور بلک کارگو ٹرمینل کی گنجائش بڑھانے کے ساتھ برتھوں کی گہرائی بھی بڑھائی جائے گی۔

معاہدے کے مطابق ابوظہبی پورٹ گروپ کو کراچی پورٹ پر 50 سال کی مدت کے لیے کنٹینر ٹرمینل کا انتظامی کنٹرول دیا گیا ہے، سرمایہ کاری کا دورانیہ 10 سال ہے، بڑا حصہ 2026 میں انویسٹ کیا جائے گا، ابوظہبی پورٹس گروپ اور متحدہ عرب امارات کے خلیل ٹرمینلز پرمشتمل جوائنٹ وینچر ٹرمینل آپریٹ کرے گا۔

کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ کراچی پورٹ کی ایسٹ وہارف پورٹ کی برتھ نمبر 6 سے 9 پر مشتمل ہے، برتھوں کی گہرائی، کوئے وال میں توسیع اور کنٹینرز اسٹوریج کی گنجائش میں اضافہ کیا جائے گا۔ نئی سرمایہ کاری سے 8500 کنٹینرز لانے والے پوسٹ پینامیکس جہاز بھی لنگر انداز ہوسکیں گے۔

کنٹینرز رکھنے کی گنجائش ساڑھے ساتھ لاکھ سے بڑھا کر دس لاکھ کنٹینرز کی جائیگی، ابوظہبی پورٹس گروپ کی سرمایہ کاری سے کراچی کی میری ٹائم انڈسٹری میں پوزیشن مستحکم ہوگی۔ٹرمینل کی تمام آمدن ڈالر میں ہوگی، ٹرمینل کا موجودہ نیٹ ریونیو 55 ملین ڈالر سالانہ ہے، ٹرمینل سے سالانہ خالص آمدن کا اندازہ 30 ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔

ابوظہبی گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او کیپٹن محمد جمعہ الشمسی نے معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ساتھ تاریخی معاہدے پر بے حد مسرور ہیں، معاہدہ اے ڈی پورٹس گروپ کی یو اے ای کے اہم میری ٹائم ٹریڈ روٹس میں سرمایہ کاری کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا ترقی کے طویل مدتی امکانات کے حامل خطوں میں مربوط کاروباری ماڈل کو کراچی پورٹ پر نافذ کریں گے، معاہدہ دونوں ملکوں کے لیے ترقی اور استحکام کے نئے باب کھولے گا، مستقبل میں باہمی مفاد کے بھرپور امکانات روشن ہوں گے، کیپٹن جمعہ الشمسی نے میری ٹائم لینڈ منظرنامہ کو تبدیل کرنے اور اسٹیک ہولڈرز کے لیے فوائد بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |