علی زیدی کو ایک بار پھر جیکب آباد جیل منتقل کرنے کا حکم نامہ جاری

فردوس شمیم نقوی کو ایم پی او کے تحت سکھر جیل بھیجا جائے گا، محکمہ داخلہ سندھ


کے ایم عباسی May 17, 2023
(فوٹو فائل)

پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی کو ایک بار پھر جیکب آباد جیل منتقل کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا گیا۔

محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق علی زیدی کو ایک ماہ کیلئے ڈیفینس میں ان کے گھرپرنظربند کرنے کا نوٹیفیکیشن منسوخ کرکے فوری طورپرڈسٹرکٹ جیل جیکب آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: جب تک عمران زندہ ہے پارٹی چھوڑنے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا، علی زیدی

علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رہنما رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی کو ایم پی او کے تحت سکھر جیل منتقل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے، ایک مقدمہ میں گرفتارفردوس شمیم نقوی اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر ملیرجیل میں ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق فردوس شمیم نقوی کو 16 ایم پی او کے تحت ایک ماہ کے لیے نظربند کرنے کا حکم دیا گیا ہے اورانہیں ملیرجیل سے فوری طورپرسکھرڈسٹرکٹ جیل منتقل کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی چھوڑنے سے متعلق خبروں پر علی زیدی نے خاموشی توڑ دی

یاد رہے کہ 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے الزام میں سندھ پولیس نے پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں اور کارکنان کو حراست میں لیا تھا۔

پولیس نے سابق وفاقی وزیر علی زیدی کو کالا پل سی ایس ڈی کے قریب سے حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کیا تھا، علی زیدی کی گرفتاری کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں پولیس کی حراست میں لے جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

بعد ازاں علی زیدی کو جیکب آباد جیل میں رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے تاہم محکمہ داخلہ سندھ نے گزشتہ روز علی زیدی کی ڈیفنس کراچی میں موجود رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے کر وہاں پولیس تعینات کردی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں