مسلم لیگ ن کا سپریم کورٹ کے باہر احتجاج میں بھرپور شرکت کا فیصلہ

مریم نواز دھرنے میں مسلم لیگ (ن) کے قافلے کی قیادت کریں گی، پارٹی ذرائع


ندیم چوہدری May 14, 2023
فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پی ڈی ایم کے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج میں بھرپور شرکت کا فیصلہ کرلیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز شریف کی ہدایت پر مسلم لیگ ن لاہور کا قافلہ اسلام آباد دھرنے میں شریک ہو گا، مریم نواز پہلے سے اسلام آباد میں موجود ہیں جو دھرنے میں مسلم لیگ ن کے قافلے کی قیادت کریں گی اور ملک کے دیگر حصوں سے پہنچنے والے قافلوں کا اسلام آباد میں استقبال کریں گی۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے لاہور سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی، سابق اراکین پنجاب اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور سابقہ بلدیاتی نمائندوں و لیگی کارکنوں پر مشتمل قافلہ لاہور سے روانہ ہو گا، مسلم لیگ ن کا ایک قافلہ کل صبح 7 بجے ٹھوکر نیاز بیگ سے موٹر وے کے راستے اسلام آباد کے لئے روانہ ہو گا جبکہ دوسرا قافلہ کالا شاہ کاکو انٹرچینج سے براستہ موٹر وے اسلام آباد کے لئے روانہ ہو گا۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کے باہر دھرنا؛ اجازت کیلیے پی ڈی ایم کی انتظامیہ کو درخواست

پارٹی ذرائع کے مطابق لاہور سے نکلنے والے دونوں قافلے موٹر وے پر ایک ساتھ مل کر سفر کریں گے، لاہور سے نکلنے والے قافلوں کی قیادت مسلم لیگ ن لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر کرینگے، مسلم لیگ ن لاہور کی جانب سے کارکنوں کی اسلام آباد روانگی کے حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، پارٹی کی جانب سے بسوں، کاروں اور دیگر گاڑیوں کا بندوبست کیا گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی قافلے کے شرکا کے کھانے پینے کے انتظامات بھی مکمل کر لئے گئے ہیں، مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ملک سیف الملوک کھوکھر کو اسلام آباد جانیوالی ریلی کا کنوینئر مقرر کیا گیا ہے، موٹر وے پر مختلف انٹرچینجز سے دیگر اضلاع سے آنے والے قافلے بھی ریلی کا حصہ بنتے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان نے وفاقی وزرا کی سپریم کورٹ کے باہر احتجاج نا کرنے کی اپیل مسترد کردی

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے مختلف ونگز بھی ریلی میں اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں گے، پارٹی کے طلبا ونگ مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کو ریلی اور دھرنے کے حوالے سے خصوصی ٹاسک سونپ دئیے گئے ہیں، ایم ایس ایف کے کارکن ریلی اور شرکا کی حفاظت کے لئے بطور رضاکار تعینات ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں