راولپنڈی میں نوجوان کی ہلاکت کے بعد پولیس کو ازخود چھاپوں سے روک دیا گیا

سی پی او راولپنڈی نے فلیڈ پولیس افسران سمیت تمام شعبوں کے سربراہوں کو مراسلہ ارسال کر دیا


Saleh Mughal April 09, 2023
(فوٹو : فائل)








تھانہ پیر ودھائی کے علاقے ضیا کالونی میں چھاپے کے دوران محافظ فورس کے پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کے بعد شہر بھر میں پیٹرولنگ ڈیوٹیوں پر مامور پولیس ٹیموں کو از خود کسی بھی مقام پر چھاپوں سے روک دیا گیا۔

سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی نے فلیڈ پولیس افسران سمیت تمام شعبوں کے سربراہوں کو مراسلہ ارسال کر دیا۔ مراسلہ ایس ایس پی آپریشن، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ایس پی ہیڈکوارٹر، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز و ایس ایچ اوز سمیت انچارج ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس، حافظ فورس اور ٹیگ ٹیمز کے سربراہوں کو بھی ارسال کیا گیا ہے۔

مراسلے میں سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ آئندہ گشت ڈیوٹی پر تعینات تھانوں کے موبائلز وینز آفیسر، ایلیٹ، ڈولفن ٹیمز، محافظ اسکواڈز، ٹیگ ٹیمز، ایگل اسکواڈز از خود اپنے طور پر براہِ راست کسی جگہ پر بھی چھاپے نہیں ماریں گے۔ اگر کسی جگہ اطلاع پر کارروائی یا چھاپہ مارنا اشد ضروری ہے تو تمام معاملہ فوری طور پر متعلقہ تھانہ ایس ایچ اوز کے نوٹس میں لایا جائے گا۔ متعلقہ ایس ایچ او خود چھاپہ مار ٹیم کو لیڈ کرنے اور تمام حفاظتی ایس او پیز یقنی بناکر کارروائی عمل میں لانے کا پابند ہوگا۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس چوکیوں کے انچارج بھی ایس ایچ او کے علم میں لائے یا اجازت کے بغیر کہیں بھی چھاپے نہیں ماریں گے جبکہ ایس ایچ اوز یقینی بنائیں گے کہ تھانے کے حوالات میں کوئی بھی غیر قانونی حراست میں نہیں رکھا جائے گا۔ گشت ڈیوٹی پر سب انسپکڑ یا اے ایس آئی سطح سے کم آفیسر تعینات نہیں کیا جائے گا۔

اسی طرح گشت پر تعینات افسران پیکٹنگ کو یقینی بنائیں گے۔ متعلقہ ایس ایچ او کوئی بھی اطلاع ملنے اور چھاپے سے قبل خود ڈویژنل ایس پی اور سرکل آفیسر کو بتانے کا پابند ہوگا۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے تمام افسران و فورس کو ہدایات پر عملدرآمد سختی سے یقینی بنانے کے کہا ہے اور تنبہہ کی ہے کہ ڈیوٹی کے دوران فرائض میں غلفت و لاپرواہی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔







تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں