عماد وسیم نے شارجہ کی پچز اور کنڈیشنز کو مشکل ترین قرار دے دیا

ایسی وکٹ آپ کو کبھی نہیں ملے گی اور انٹرنیشنل کرکٹ میں کبھی ایسی وکٹ نہیں دیکھی، آل راؤنڈر


فوٹو : افغان کرکٹ بورڈ

آل راؤنڈر عماد وسیم نے شارجہ کی پچز اور کنڈیشنز کو دنیا کی مشکل ترین قرار دے دیا، کہتے ہیں کہ ایسی پچز اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔

میچ کے اختتام پر جاری کردہ بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سے کہتا آیا ہوں کہ کبھی آؤٹ آف فارم میں نہیں رہا، چانسز مل رہے ہیں لیکن شارجہ کی وکٹ کافی مشکل ہے۔ یہاں پر خیال تھا کہ 130 سے 140 کا سکور اچھا ہوگا، اچھا ہدف دینے میں کامیاب رہے تھے۔ ہم نے آخر تک کوشش بھی کی کہ رنز کا دفاع کرسکیں لیکن بدقسمتی سے ہار گئے۔

عماد وسیم نے کہا کہ پاکستنانی لڑکوں میں پوٹینشل بہت زیادہ ہے اور پرفارمنس دے کر یہ ٹیم میں آئے ہیں، وکٹ کنڈیشنز کو سمجھنے میں کئی سال لگ جاتے ہیں اور میرے خیال میں شارجہ دنیا کی مشکل ترین پچز میں سے ایک ہے۔ ایسی وکٹ آپ کو کبھی نہیں ملے گی اور انٹرنیشنل کرکٹ میں کبھی ایسی وکٹ نہیں دیکھی۔

انہوں نے کہا کہ بطور پروفیشنل کھلاڑی ہم نے لیگز کھیل کر بہت تجربہ حاصل کیا ہے کہ کس وکٹ پر کس طرح کھیلنا ہے، مجھے یقین ہے کہ نوجوان بیٹرز بھی اس سیریز سے سیکھیں گے کہ کس طرح ایسی پچز پر بیٹنگ کرنی چاہیے۔

آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، اچھے کھلاڑی وہ ہوتے ہیں جو کنڈیشنز کے مطابق بیٹنگ اور بولنگ کرتے ہیں، وکٹ کو دیکھ کر بیٹنگ اور بولنگ کی جاتی ہے۔

عماد وسیم کا کہنا تھا کہ سیریز ہارنے کا بہت دکھ ہے اور اس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا ہے، ہماری ترجیح اب آخری میچ جیت کر وائٹ واش سے بچنا ہے۔ اس کے لیے ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔