نیو دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کی کوششیں رنگ لے آئی بھارت میں قید پاکستانی رہا

فرحان خان کا تعلق ضلع بہاولنگر سے ہے اور اسے بھارتی حکام نے 2019 میں گرفتار کیا تھا


آصف محمود January 19, 2023
—فوٹو: ایکسپریس

پاکستان ہائی کمیشن نیو دہلی کی کوششوں سے بھارت میں قید ایک پاکستانی نوجوان کو رہائی نصیب ہوگئی۔

بھارتی حکام نے 18 سالہ پاکستانی نوجوان فرحان خان کو واہگہ بارڈر پر پاکستان رینجرزپنجاب کے حوالے کر دیا۔ ایکسپریس ٹربیون کو حاصل ہونیوالی معلومات کے مطابق فرحان خان کا تعلق پنجاب کی تحصیل چشتیاں، ضلع بہاولنگر سے ہے اور اسے بھارتی حکام نے 2019 میں گرفتار کیا تھا۔

فرحان خان گھر والوں سے ناراض ہوکر نکلا اور غلطی سے بارڈر کراس کرگیا تھا۔ پاکستان ہائی کمیشن نیو دہلی کے ترجمان کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ اور بھارتی حکام سے مسلسل رابطوں اور کوششوں سے نوجوان کی رہائی ممکن ہوئی ہے جو جمعرات کے روز واپس پاکستان پہنچ گیا۔

واضع رہے کہ پاکستان اور بھارت نے رواں ماہ یکم جنوری کو ایک دوسرے کے ساتھ قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا تھا۔ پاکستان نے بھارت کو51 بھارتی سویلین اور 654 ماہی گیروں کی تفصیلات فراہم کی تھیں جبکہ بھارت نے 339 پاکستانی سویلین اور 95 ماہی گیروں کی فہرست پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کے حوالے کی تھی۔
پاکستان بھارت سے متعدد بار مطالبہ کرچکا ہے کہ اسے بھارتی جیلوں میں قید بعض پاکستانی شہریوں سے ملاقات کے لیے قونصلر رسائی دی جائے جبکہ دونوں ملکوں کی جیلوں میں کئی ایسے قیدی بھی ہیں جن کی شہریت کی تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے رہائی نہیں مل سکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں