اسمبلیاں تحلیل کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف کی چوہدری شجاعت سے اہم ملاقات

دونوں جماعتوں کا مستقبل میں ساتھ چلنے پر اتفاق، چوہدری شجاعت کا حکومت کے اقدامات اور عوامی ریلیف پر اطمینان کا اظہار


ندیم چوہدری December 18, 2022
فوٹو اسکرین گریپ

وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی جس میں موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پہنچے اور بزرگ سیاست دان کی خیریت دریافت کی جبکہ گلدستہ بھی پیش کیا۔

 

وفاقی وزرا طارق بشیر چیمہ، چوہدری سالک حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک محمد احمد خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا کیا گیا۔

وزیراعظم نے معیشت کی بحالی اور عوام کے ریلیف کے حوالے کی جانے والی کوششوں سے چوہدری شجاعت کو آگاہ کیا، جس پر مسلم لیگ ق کے سربراہ نے ملک اور عوام کو مسائل سے نکالنے کے لئے وزیراعظم کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ دونوں قائدین نے باہمی تعاون اور اشتراک عمل مزید بہتر اور مضبوط بنانے پراتفاق کیا۔

مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی کی تحلیل؛ وزیراعظم شہباز شریف کا نواز شریف سے رابطہ

دونوں قائدین نے اتفاق کیا کہ سیاسی استحکام اور قریبی تعاون ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے ضروری ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان کے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں توڑنے کے اعلان کے بعد ملک میں سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا ہے، پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اسمبلیوں کو بچانے کے لیے متحرک ہیں جس کے لیے رابطے تیز اور ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

پنجاب اسمبلی کو بچانے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف بھی ذاتی طور پر متحرک نظر آرہے ہیں، اس حوالے سے انہوں نے نوازشریف سے رابطہ کیا اور تجاویز مانگی جبکہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس بھی طلب کیا ہے اور اُن کی چند گھنٹوں میں سابق صدر آصف زرداری، پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں