کیویز کیلیے سیمی فائنلزمیں گرین شرٹس ناقابلِ تسخیر

گزشتہ تینوں معرکوں میں پاکستانی برتری ثابت، 2009 میں بھی کامیابی سمیٹی


Abbas Raza November 08, 2022
گزشتہ تینوں معرکوں میں پاکستانی برتری ثابت، 2009 میں بھی کامیابی سمیٹی۔ فوٹو: فائل

کیویز کیلیے ورلڈکپ سیمی فائنلز میں گرین شرٹس ناقابل تسخیر ثابت ہوئے ہیں جب کہ گزشتہ تینوں معرکوں میں پاکستان نے برتری ثابت کی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم ورلڈکپ سیمی فائنلز میں ایک بار بھی پاکستان کو زیر کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی،ون ڈے فارمیٹ کے 1992میں ہونے والے میگا ایونٹ میں آکلینڈ میں کیویز کو 4وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔

میزبان ٹیم نے مارٹن کرو کے 91 اور کین ردرفورڈ کے 50 رنز سے تقویت پاتے ہوئے 7وکٹ پر 262 رنز بنائے،وسیم اکرم اور مشتاق احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان نے ہدف 6 وکٹ پر ایک اوور قبل عبور کرلیا،انضمام الحق نے 60 رنز بنائے،جاوید میانداد 57 پر ناٹ آؤٹ رہے، ویلی واٹسن نے 2 شکار کیے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ؛ ٹاپ 10بیٹرز میں کوئی پاکستانی شامل نہ ہو سکا

ون ڈے فارمیٹ ورلڈکپ 1999 میں گرین شرٹس نے 9 وکٹ سے فتح پائی،اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے 7 وکٹ پر 241 کا مجموعہ حاصل کیا،اس میں روجر ٹوز کے 46 رنز شامل تھے،شعیب اختر نے 3 وکٹیں اڑائیں۔

پاکستان نے ہدف صرف ایک وکٹ پر 15 بالز قبل عبور کرلیا،سعید انور 113 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹی20 ورلڈکپ 2009 کے سیمی فائنل میں گرین شرٹس نے 6 وکٹ سے فتح پائی،کیپ ٹاؤن میں کیویز نے 8 وکٹ پر 143 رنز بنائے۔

مزید پڑھیں: ڈریسنگ روم کی باتیں سوشل میڈیا میں لانے پرتنقید

روس ٹیلر 37 پر ناٹ آؤٹ رہے، عمرگل نے 15رنز دے کر 3شکار کیے،پاکستان نے ہدف 7بالز قبل عبور کرلیا۔

عمران نذیر نے جارحانہ ففٹی سے فتح کا سفر آسان کیا۔وائٹ بال کرکٹ میں پہلے ٹائٹل کے متلاشی کیویز نے پانچویں بار کسی ورلڈکپ سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے، اس سے قبل ون ڈے فارمیٹ کے میگا ایونٹس 2015 اور 2019 جبکہ ٹی20 ٹورنامنٹس 2016 اور 2021 میں یہ مواقع آچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں