روزانہ سیب کھائیں کولیسٹرول کم ہوگا

پھل جیسے سیب ایک صحت مند خوراک ہے جس کے مضر اثرات نہیں اور یہ دوا کے مقابلے میں بہت سستا ہے۔


Muhammad Akhtar September 16, 2012
فجو خواتین ایک سال تک روزانہ خشک سیب باقاعدگی سے کھائیں،ان کے کولیسٹرول میں واضح کمی ہوجاتی ہے۔ فوٹو: فائل

ایک نئی اسٹڈی میں کہا گیا ہے کہ جو خواتین ایک سال تک روزانہ خشک سیب باقاعدگی سے کھائیں،ان کے کولیسٹرول میں واضح کمی ہوجاتی ہے۔

اسٹڈی سے ثابت ہوتا ہے کہ پھل کولیسٹرول کو بڑھنے سے روک سکتے ہیں۔اسٹڈی کے سرکردہ مصنف اور فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی سے وابستہ بہرام ارجمندی کا کہنا ہے کہ سیب اور آلوبخارا دونوں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے کے لیے بہترین ہیں تاہم آلو بخارے کا فائدہ بہت کم ہے۔

اسٹڈی کے مطابق اگرچہ پھل کھانا مفید دکھائی دیتا ہے تاہم اسٹڈی میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اگر خواتین اپنی خوراک میں سیب اور آلوبخارا شامل نہ کریں تو ان کے کولیسٹرول پر کوئی فرق پڑے گا یا نہیں کیونکہ اسٹڈی میں ان خواتین کو شامل نہیں کیا گیا جو یہ پھل نہیں کھاتیں۔ بہرام ارجمندی کا مزید کہنا ہے کہ اس سے قبل کی اسٹڈیز میں اگرچہ سیب کے صحت پر اثرات کا جائزہ لیا جاتا رہاہے تاہم انسانوں پر اس کے ان اثرات کا جائزہ نہیں لیا گیا جو کہ دل کی صحت پر ہوسکتے ہیں۔انھوں نے کہاکہ اگرچہ سیب کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اگر یہ روزانہ کھایا جائے تو انسان ڈاکٹر سے دوررہتا ہے تاہم اس صحت بخش پھل پر اس قدر تحقیق نہیں کی گئی۔

اسٹڈی کے سلسلے میں بہرام ارجمندی نے پینتالیس خواتین سے کہا کہ وہ روزانہ پنتالیس گرام خشک سیب (دوسیبوں کے برابر) ایک سال تک کھائیں جبکہ پچپن خواتین کو کہا گیا کہ وہ سو گرام خشک آلو بخارا ایک سال تک روزانہ کھائیں۔ اسٹڈی کے آغاز سے لیکر اگلے تین ، چھ اور بارہ ماہ تک ان خواتین کے کولیسٹرول کا تجزیہ کیا جاتا رہا۔ یہ تمام خواتین سن یاس سے گذر چکی تھیں جو کہ ایک ایسا مرحلہ ہے جس میں کولیسٹرول کی سطح بڑھ جاتی ہے۔یاد رہے کہ خون میں کولیسٹرول کی اوسط سطح دو سو ملی گرام فی ڈیسی لیٹر ہوتی ہے اور اس سے زیادہ سطح ہونے کی صورت میں عام طورپر ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ لاحق ہونے لگتا ہے۔

اسٹڈی کے تین ماہ بعد دیکھا گیا جن عورتوں نے آلوچے کھائے تھے ان کے کولیسٹرول میں کوئی نمایاں فرق دیکھنے میں نہ آیا اور ایک سال بعد بھی ان کے کولیسٹرول کی سطح برقرار رہی۔ اس کے مقابلے میں جن خواتین نے سیب کھائے ان کا ٹوٹل کولیسٹرول نو فیصد تک کم ہوا جبکہ ایل ڈی ایل یعنی برے کولیسٹرول میں سولہ فیصد تک کمی ہوئی۔چھ ماہ بعد دیکھا گیا جن افراد نے سیب کھائے ان کے کولیسٹرول میں مزید کمی ہوئی اور مجموعی کولیسٹرول تیرہ فیصد اور ایل ڈی ایل کولیسٹرول چوبیس فیصد تک کم ہوا۔بارہ ماہ بعد بھی کولیسٹرول میں کمی دیکھی گئی۔اس طرح ایک سال کے عرصے کے دوران ان خواتین کے کولیسٹرول میں بھی کمی ہوئی جنہوں نے آلو بخارے کھائے تھے تاہم یہ کمی سیب کے مقابلے میں بہت کم تھی۔

ارجمندی کا کہنا تھا کہ سیب نے برے کولیسٹرول کو جس حد تک کم کیا ، وہ ان کے تصور سے بڑھ کر تھا ۔ یہ بہت طاقتور تھا۔تاہم اسٹڈی سے یہ پتہ نہیں چلتا کہ اس کمی سے خواتین کی طویل المعیاد صحت پر کوئی فرق پڑتا ہے یا نہیں کیونکہ سیب سے خواتین شرکاء کے وزن میں کوئی کمی دیکھنے میں نہ آئی۔ سیب کے مقابلے میں دوا سٹاٹنز کا جائزہ لیا گیا جو کہ کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں خاصی اچھی سمجھی جاتی ہے تاہم ارجمندی اور ان کے ساتھیوں کے بقول ان ادویات پر ہر سال کھربوں ڈالر خرچ ہوتے ہیں جبکہ ان کے مضراثرات بھی ہوتے ہیں۔ اس کے مقابلے پھل جیسے سیب ایک صحت مند خوراک ہے جس کے مضر اثرات نہیں اور یہ دوا کے مقابلے میں بہت سستا ہے۔ نھوں نے کہا کہ دنیا بھر کے معاشروں میں لوگوں کو پھل اور سبزیاں کھانے کی ترغیب دی جانی چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں