بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات بھارتی یاتریوں کیلیے 3 ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

بھارت سے 3 ہزار سکھ یاتری شرکت کریں گے


Bilal Ghori November 02, 2022
فوٹو: ایکسپریس

سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے 553 جنم دن کی تین روزہ تقریبات 6 نومبر سے ننکانہ صاحب میں شروع ہوگی جس کے لیے ریلوے حکام نے واہگہ اسٹیشن سے بھارتی یاتریوں کے لیے 3 ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارت کے شہر دہلی میں حضرت نظام الدین اولیا کے سالانہ عرس کی تقریبات 7 نومبر جبکہ سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے 553 جنم دن کی تین روزہ تقریبات 6 نومبر سے ننکانہ صاحب میں شروع ہوگی جس میں بھارت سے 3 ہزار جبکہ کینیڈا اور انگلینڈ سمیت دنیا کے دیگر ممالک سے بھی سکھ یاتری شرکت کریں گے۔

دہلی میں حضرت نظام الدین اولیا کے سالانہ عرس میں شرکت کے لیے پاکستان سے 150 سے زائد زائرین شرکت کریں گے۔ سالانہ عرس میں شرکت کے لیے زائرین واہگہ بارڈر کے راستے جائیں گے اور 13نومبر کو واپس پاکستان آئیں گے۔

سکھ یاتری مرکزی تقریب کے اختتام کے بعد سچا سودا امین آباد، حسن ابدال اور کرتاپور بھی جائیں گے جبکہ 14نومبر کو سکھ یاتری واپس لاہور گردوارہ ڈیڑھ صاحب آئے گے جہاں وہ اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کے بعد 15نومبر کو واپس واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ ہوجائیں گے۔

سی ای او ریلوے سلمان صادق کا کہنا ہے کہ بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے واہگہ ریلوے اسٹیشن سے 3 ٹرینوں پر مشتمل بوگیوں کے ریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ بھارتی سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے آن فٹ پاکستان میں داخل ہوں گے اور انکی امیگریشن مکمل ہونے کے بعد بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے واہگہ ریلوے اسٹیشن سے ہی سیدھا ننکانہ صاحب ریلوے اسٹیشن لیکر جایا جائے گا۔

یاتریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے فول پروف اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ سکھ یاتریوں کی اسپیشل ٹرینوں کے قریب کسی بھی غیر متعلقہ افراد کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں