تھر میں پانی کا بحران ختم کرنے کیلیے اقدامات کر رہے ہیں نثار کھوڑو

44 یونین کونسلوں میں مزید آر او پلانٹ نصب اور پانی ذخیرہ کرنے کیلیے تالاب بنانے پر بھی غورکیا جا رہا ہے، نثار کھوڑو


Nama Nigar March 22, 2014
سہولتوں کیلیے تھری باشندے الگ رہنے کے بجائے ایک ساتھ رہائش اختیار کریں، تقریب سے خطاب، مٹھی اسپتال کا دورہ ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: سینئر صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ضلع تھر پارکر میں پانی کے بحران کو مستقل طور پر ختم کرنے کیلیے سندھ حکومت کے ساتھ ساتھ کمیونٹی، این جی اوز اور دیگر اداروں کے تعاون سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس سلسلے میں حکومت سندھ تھرپارکر ضلع کی 44 یونین کونسلوں میں مزید آر او پلانٹ نصب کرنے کے ساتھ ساتھ برساتی پانی ذخیرہ کرنے کیلیے تالاب بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ دربار ہال مٹھی میں سماجی تنظیم کی جانب سے پانی کے عالمی دن پرمنعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تھری لوگوں میں یہ شعوربیدار کرنیکی ضرورت ہے کہ وہ اپنے کچے پکے گھروں میں برساتی پانی جمع کرنے کیلیے چھوٹی چھوٹی ٹنکیاں بنائیں ۔

تاکہ وہ پانی ان کے کام آ سکے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ضلع تھر پارکر کے لوگوں میں یہ بھی شعور بیدار کرنا ہوگا کہ وہ دور دراز علاقوں میں الگ الگ رہنے کے بجائے ایک جگہ پر رہائش اختیار کریں تاکہ انہیں یونین کونسلز کی سطح پر بنیادی سہولتں فراہم کی جا سکیں۔موجودہ پی پی حکومت کی کوشش ہے کہ ضلع تھر پارکر کے تمام گائوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ مستقبل میں تھر کے کوئلے پر کام شروع ہونے سے وہ دن دورنہیں کہ جب یہ علاقہ بھی کراچی کی طرح صوبے کا معاشی حب بن جائیگا۔ اس موقع پر پی پی کے سینیٹر عاجز دھامرہ، حنا دستگیر، ایم پی اے کھٹو مل جیون، ایوب شیخ اور دیگر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے سول اسپتال مٹھی کا دورہ بھی کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں