بارش دورہ نیدرلینڈز کیلیے تیاریوں کی دشمن بن گئی

مسلسل دوسرے روز قذافی اسٹیڈیم میں کھلے آسمان تلے ٹریننگ کا موقع نہ ملا


Sports Reporter August 08, 2022
ہائی پرفارمنس سینٹر میں سرگرمیاں،شاہینزکے ساتھ میچ ایک بار پھر ری شیڈول۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ISLAMABAD: بارش دورہ نیدرلینڈز کیلیے تیاریوں کی دشمن بن گئی جب کہ مسلسل دوسرے روز قذافی اسٹیڈیم میں کھلے آسمان تلے ٹریننگ کا موقع نہیں مل سکا۔

دورہ نیدرلینڈز میں پاکستان کو 3ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنا ہیں،منتخب اسکواڈ اور ایشیا کپ میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کیلیے اضافی کرکٹرز نے جمعے کو لاہور میں رپورٹ کردی تھی، ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن اور اتوار کو پاکستان شاہینز سے میچ شیڈول کیا گیا، پہلے روز بارش کی وجہ سے کرکٹرز نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں پریکٹس تک محدود رہے۔

گزشتہ روز پریکٹس میچ کو ایک روز کیلیے موخر کرتے ہوئے معمول کی ٹریننگ کا فیصلہ کیا گیا مگر تیز بارش کے سبب ایک بار پھر انڈور سرگرمیوں میں مصروف رہنا پڑا،کرکٹرز نے باب وولمر ہال میں دستیاب سہولیات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بیٹنگ اور بولنگ کی مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا، جم ٹریننگ بھی کی گئی۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق پیر کو ری شیڈول کیا جانے والا پاکستان شاہینز کے خلاف میچ ایک بار پھر ملتوی کردیا گیا ہے، دونوں پریکٹس میچز اب 10 اور 11 اگست کو ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور میں کھیلے جائیں گے،کرکٹرز پیر کو دوپہر 2 سے ساڑھے 6 بجے تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس کریں گے۔

ایک بار پھر بارش کی مداخلت کا خدشہ ہے،اگر موسم سازگار نہ ہوا تو انڈور ٹریننگ پر اکتفا کرنا پڑے گا، 9 اگست کو یوم عاشور کی وجہ سے کیمپ میں کوئی کرکٹ سرگرمی نہیں ہوگی، قومی اسکواڈ 11 اور 12 اگست کی درمیانی شب لاہور سے روٹرڈیم روانہ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں