نادرا نے مردم شماری کیلئے آن لائن سسٹم تیار کرلیا
20 جولائی سے ملک بھر میں ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کے پائلٹ مرحلے کا آغاز ہوا، چیئرمین نادرا
RAWALPINDI:
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے خانہ شماری اور مردم شماری کا آن لائن سسٹم تیار کر کے اسے ادارۂ شماریات کے حوالے کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ادراہ شماریات پاکستان کے لئے ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کا مکمل ڈیجیٹل نظام تیاری کے بعد تعینات کر دیا، نادرا کے تیار کردہ ڈیجیٹل نظام میں خانہ شماری اور مردم شماری کے الگ سافٹ ویئر کے ساتھ ساتھ گھر شماری اور گنتی پر مبنی ڈیجیٹل ایپ، ویب پورٹل شامل ہے، اس ڈیجیٹل نظام کا بنیادی مقصد کم سے کم وقت میں آبادی و گھروں کے اعداد و شمار کی درستگی کو یقینی بنانا ہے۔
ڈیجیٹل مردم شماری کے پائلٹ مرحلے کا آغاز 20 جولائی ملک بھر کی 83 تحصلیوں کے 429 بلاکس میں نادرا کے تیار کردہ ڈیجیٹل مردم شماری اور خانہ شماری کے ایسے نظام کے ذریعے کیا گیا ہے جس کے ذریعے غلطیوں کی گنجائش نہیں رہی اور خود احتسابی اور شفافیت کے عمل کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ڈیجیٹل مردم شماری کے پائلٹ مرحلے کی پیش رفت سے متعلق دوسری مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی جناب احسن اقبال کی زیر صدارت وزارت منصوبہ بندی و ترقی میں ہوا۔ اجلاس میں ادارہ شماریات پاکستان کے اعلٰی حکام کے علاوہ وزارت خزانہ، نادرا، مشترکہ مفادات کی کونسل اور تمام صوبوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ نادرا کا قلیل عرصہ میں ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کا مفصل ڈیجیٹل نظام تیارکرنا اور اس نظام کی تعیناتی ایک بہت بڑی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کی بدولت مردم شماری کے درست عدادوشمار معیشت اور عوام کی حکمرانی میں صحیح وقت پر درست فیصلے کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔
چیئرمین نادرا طارق ملک نے پی بی ایس میں ہونے والے اجلاس میں بتایا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے جاری پائلٹ مرحلے کے دوران اب تک 59,569 عمارتوں، 58,882 خانہ شماری اور 74,536 مردم شماری کی گنتی کی جا چکی ہے۔
طارق ملک نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے خصوصی مکمل ڈیجیٹل نظام میں اینڈرائڈ پر مبنی گھر شماری اور گنتی پر مبنی ڈیجیٹل ایپ کی تیاری اور تعیناتی بھی شامل ہے جو گلوبل پوزیشننگ سسٹم اور جغرافیائی انفارمیشن سسٹم کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ نادرا ادراہ شماریات کے لئے مزید خدمات بھی فراہم کر رہا ہے جس میں ڈیٹا سینٹر کی تعیناتی،کال سینٹر کا قیام، ہر تحصیل کی سطح پر تکنیکی معاونت کے مراکز کا قیام اور دیگر متعلقہ خدمات میں عوام لے لئے ویب پورٹل بھی شامل ہے۔
چیئرمین نادرا نے کہا کہ پائلٹ مرحلے میں نادرا کا تیار کردہ نظام چاروں صوبوں بشمو ل آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان کی 83 تحصلیوں کے 429 مردم شماری بلاکس میں گلوبل پوزیشننگ سسٹم اور جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم کے ذریعے مردم شماری میں استعمال کیا جارہا ہے۔ پائلٹ مرحلے کا تجربہ 20 جو لائی سے شروع ہوا اور ۳ اگست کو مکمل ہوگا۔ اس پائلٹ مرحلے کی کامیابی کے بعد اداراہ شماریات ڈیجیٹل مرد و خانہ شماری ملک کی بقیہ تمام تحصیلوں میں شروع کر دے گا۔ ۔
طارق ملک نے بتایا کہ نادرا کے تیار کردہ نظام میں ڈیجیٹل خانہ شماری اور مرد شماری ہوگی تا کہ شفافیت اور احتساب کو ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نظام مردم شماری کے تینوں مراحل یعنی مردم شماری سےپہلے، مردم شماری کے مرحلے اور مردم شماری کے بعد کے مرحلے میں ادراہ شماریات پاکستان کو مدد کرے گا۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ کی تشکیل کردہ وزراء کمیٹی نے آئندہ مردم شماری جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ٹولز کو اپناتے ہوئے کرنے کی تجویز پیش کی۔ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق، پی بی ایس نے سال 2022 کے لیے ملک میں پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے ایک جامع ڈیجیٹل نظام بنانے کے لئے نادرا کے 20 جون کو ایک معاہدہ پر دستخط کئے۔