اداروں کو گالی اور دھمکی دینے والا اداروں کا ٹھیکے دار نہ بنے مریم اورنگزیب

عمران خان کو اقتدار میں واپسی کے لیے اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے، وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک July 24, 2022
وزیر اطلاعات (فوٹو : فائل)

لاہور: وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اداروں کو گالی اور دھمکی دینے والا اداروں کا ٹھیکے دار نہ بنے۔

تحریک انصاف کے رہنما فواد حسین چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ "100 گنڈے اور 100 چھتر" اب عمران صاحب کا مقدر ہے، اداروں کو گالی اور دھمکی دینے والا اداروں کا ٹھیکے دار نہ بنے، عمران خان کو اقتدار میں واپسی کے لیے اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے۔

یہ پڑھیں : ادارے اپنی قیادت کی غلطیوں کی وجہ سے گرداب میں پھنس گئے، فواد چوہدری

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اعتراف کیا کہ چار سال حکومت چلانے کے لیے اداروں اور ایجنسیوں کی مدد لی، دھونس دھمکی گالی سے انصاف کا قتل نہیں کرنے دیں گے، نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ آئین کا بیانیہ ہے اور رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ فوج اور عدلیہ کو سیاست میں گھسیٹنا بند کیا جائے عمران خان کا نشانہ ادارے ہیں اور ان کی قیادت کو عہدوں سے اتروانا ہے، منہ پر خون لگنے کی بات کرکے اب پاؤں نہ پکڑیں، عمران خان کا بیرون ملک سازش کا بیانیہ دفن اور اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا بیانیہ شروع ہوچکا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ دے، عمران صاحب دھونس، دھمکی، انتشار، فساد اور غنڈہ گردی کے ذریعے فارن فنڈنگ کیس میں این آر او چاہتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب سے متعلق مقدمے کی سماعت فل کورٹ کرے، فل کورٹ سپریم کورٹ بار کی نظرِ ثانی درخواست، موجودہ درخواست اور دیگر متعلقہ درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کرے، اہم قومی، سیاسی اور آئینی معاملات پر انصاف ہونا ہی نہیں چاہیے، ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پیدا کردہ عدم استحکام سے قومی معیشت پھر دیوالیہ پن کے خطرات سے دوچار ہو چکی ہے، عمران خان کی معاشی تباہی کی قیمت عوام مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی صورت ادا کر رہے ہیں، عمران صاحب احتساب سے بچنا، اپنی کرپشن چھپانا اور چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اب یہ جنگ متکبر آئین شکن عمران صاحب کی فسطائیت کے خلاف ہے، پاکستان کے عوام اور اداروں کو عمران خان کی خواہشات کا غلام نہیں بننے دیں گے، جمہوری اور آئینی نظام کو دیوالیہ نہیں کرنے دیں گے، عمرانی سوچ اور رویہ پاکستان کے ریاستی نظام کے لیے دیمک بن چکا ہے، آئین، جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں