انگوٹھی پر 24 ہزار سے زائد ہیرے لگانے کا عالمی ریکارڈ قائم

انگوٹھی کو کنول کے پھول کی شکل میں بنایا گیا ہے جس کا مجموعی وزن 300 گرام سے زائد ہے


ویب ڈیسک July 18, 2022
بھارتی کمپنی نے 340 گرام وزنی انگوٹھی پر 24 ہزار سے زائد ہیرے جڑ کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

لاہور: بھارتی کمپنی نے ایک انگوٹھی پر 24,679 ہیرے جڑکرایک نیا ریکارڈ بنایا ہے جو سب سے زیادہ ہیروں والی انگوٹھی ہے اور اس کا وزن ایک پاؤ سے بھی زیادہ ہے۔

گلابی اوئسٹرمشروم کی شکل کی یہ انگوٹھی تھری ڈی پرنٹر سے ڈیزائن کی گئی تھی جسے 5 مئی 2022 تک مکمل کیا گیا تھا اور اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اس کی باقاعدہ تصدیق کرتے ہوئے سند عطا کی ہے۔

یہ انگوٹھی ایس ڈبلیو اے ڈائمنڈ نامی فرم نے بنائی ہے جس کے مینیجر عبدالغفور انادیان نے بتایا کہ اس کا نام 'ایمی' رکھا گیا ہے ۔ سنسکرت کے اس لفظ کا مطلب لافانیت ہے جس کی خوبصورتی دیکھ کر دنیا بھر کے ڈیزائنر اور زیورات کے ماہرین نے اسے سراہا ہے۔



ایس ڈبلیو اے کے مطابق اس انگوٹھی پر مہارت سے ہزاروں چھوٹے بڑے ہیرے لگائے گئے ہیں جن کا مقصد کمپنی کے برانڈ کو فروغ دینا تھا۔ تاہم ہیرے اسطرح لگائے گئے ہیں کہ واضح دکھائی دیں اور خوبصورتی میں اضافہ کریں۔ اس کی ڈیزائننگ سے قبل ایک نمونہ (پروٹوٹائپ) پلاسٹک کے سانچے میں ڈھالا گیا تھا۔ لیکن کمپیوٹر کی مدد سے اس کی ڈیزائننگ کی گئی ہے اور کئی ماہرین نے اسے تین مہینے میں خواب سے حقیقت بنایا ہے۔



جب تھری ڈی پرنٹر سے خام سانچہ بنایا گیا تو اس پر مائع سونا انڈیلا گیا اور سرد ہونے پر مشروم کی اطراف 41 پتیاں نمودار ہوگئیں۔ تاہم گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے قبل غیرجانبدار ماہرین نے اسے دیکھا، تجرباتی مشاہدہ کیا اور اسے سب سے زیادہ ہیرے والی انگوٹھی کا اعزاز دیا۔

اس انگوٹھی کا وزن 340 گرام ہے اور قیمت 95 ہزار ڈالر سے کچھ زائد ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں