گدو پاور پلانٹ میں لگنے والی آگ کی تحقیقات کیلئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل
پاور پلانٹ کے جلنے سے قومی خزانے کو تقریباً 15ارب روپے کا نقصان ہوا
ISLAMABAD:
آتشزدگی سے ناکارہ ہونے والے گدو پاور پلانٹ میں لگنے والی آگ کی تحقیقات کیلئے 4رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق کمیٹی آگ لگنے کی وجوہات اور زمہ داروں کا تعین کرتے ہوئے ایک ہفتے میں رپورٹ مکمل کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔
بارش سے جنریٹرز میں پانی جانے کی چھان بین اورپاور پلانٹ کے دورے سمیت ڈیوٹی افسران کے بیانات قلمبند کرنا بھی کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔
سی ای او این پی جی سی ایل انجینئر صبیح والزمان کمیٹی کے کنوئینر ہونگے،ممبران میں ایڈیشنل ڈائریکٹر نیس پاک ایڈیشنل ڈائریکٹر این پی جی سی ایل شامل ہیں،ایڈیشنل پلانٹ مینیجر این پی جی سی ایل بھی کمیٹی میں شامل ہونگے۔
گدو پاور پلانٹ میں عید کے روز 10جولائی کو آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا،آگ لگنے سے نینشل گریڈ سے 774 میگاواٹ بجلی سسٹم سے آوٴٹ ہوئی۔
ذرائع کے مطابق آتشزدگی سے گدو پاور پلانٹ مکمل طور پر جل گیا،پاور پلانٹ کے جلنے سے قومی خزانے کو تقریباً 15ارب روپے کا نقصان ہوا۔
ابتدائی رپورٹ میں گدو پاور پلانٹ میں آگے بجھانے کے آلات اور عملہ ڈیوٹی پر موجود نہ ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔