RAWALPINDI:
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عمران خان کی وجہ سے کیا مگر اب تمام مشکل فیصلے ہوچکے ہیں اور اب اچھا وقت آئے گا۔
چیچہ وطنی میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ میں مقررہ وقت نہیں بتا سکتی لیکن شہباز شریف بہت جلد بڑے ریلیف کا اعلان کریں گے کیونکہ یہ عوامی حکمرانی ہی ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کے نرخ میں کمی آئی تو وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سب سے پہلے عوام کو ریلیف ملے گا۔
علاوہ ازیں انہوں نے پی ٹی آئی کے دور حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پنکی پیرنی کا جادو نہیں چلے گا، پنجاب کے عوام کو ریلیف ملتا ہے تو فتنہ خان کو تکلیف پہنچتی ہے، ہم عمران خان کو عوام کی چوری نہیں بخشیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پتا چل گیا ہے کہ پنجاب نے اسے ووٹ نہیں دینا، چیئرمین پی ٹی آئی پنجاب دشمن ہے، پنجاب کے بچے غریب ہو گئے لیکن پنکی کے بچے امیر ہو گئے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے دور میں گوگی، پنکی، اکنومک کوریڈور نے ترقی کی جبکہ نواز شریف نے سی پیک بنایا، جس کے نتیجے میں پاکستان میں انوسمنٹ آئی اور فرح گوگی پورا پنجاب لوٹ کے کھا گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ 90 دن میں کرپشن ختم کرنے والے نے کرپشن کا نیا ماڈل متعارف کروایا، طیبہ گل کو ڈیڑھ ماہ وزیر اعظم ہاوس میں رکھا، وزیر اعظم ہاوس کو فتنہ خان نے اغوا کا اڈا بنا دیا، عمران خان نے دور حکومت میں ایک کروڑ سے زائد لوگ نوکریوں سے گئے۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ بڑی بد قسمتی ہے کہ 4 برس میں فتنہ خان نے 4 منصوبے بھی نہیں گنوائے، چیچہ وطنی نے فتنہ خان کو مسترد کر دیا، مہنگائی ہوئی تو ہم گھروں میں نہیں بیٹھیں۔