الیکشن سے پہلے چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کوعہدہ ملنا سوالیہ نشان ہے شاہ محمود

انتخابات کے بیچ ان کو یہ ذمہ داری نہیں لینی چاہیے تھی، رہنما پی ٹی آئی


ویب ڈیسک July 10, 2022
انتخابات کے بیچ ان کو یہ ذمہ داری نہیں لینی چاہیے تھی، رہنما پی ٹی آئی

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پنجاب میں ضمنی الیکشن سے پہلے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی اہلیہ کوعہدہ ملنا سوالیہ نشان ہے۔

شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں بتدریج معاشی حالت خراب ہونا شروع ہوئی اور بگڑ گئی ، پاکستان چالیس سال سے معاشی مشکلات کاشکار ہے ، ہمیں ایسے منصوبے بنانے ہیں جس سے ہماری معاشی حالت سری لنکا جیسی نہ ہو۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مقتدر حلقوں کوواضح بتایا تھا کہ معاشی حالت جیسی ہے ابھی پٹری پر چڑھی ہے ، عدم اعتماد تحریک سے حالات خراب ہوجائیں گے، پٹرول مہنگا ہوگیا ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر عید کے بعد بند ہونے جارہا ہے اس سے مہنگائی کے ساتھ ساتھ بے روزگاری بھی بڑھے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے ملک کے انتخابات شفاف ہونے چاہئیں ، اگر گڑبڑ کی گئی تو حالات سری لنکا جیسے ہوسکتے ہیں ، تمام اداروں کی ذمہ داری ہے کہ صاف شفاف الیکشن ہونے دیں۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ثابت ہوا ہے کہ حکومتی امیدواروں کے لیے سرکاری وسائل استعمال ہوئے ، الیکشن کمیشن سے عوام کو توقعات ہیں ، چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کوعہدہ دینا اور قبول کرنا ایک سوالیہ نشان ہے ، انتخابات کے بیچ ان کو یہ ذمہ داری نہیں لینی چاہیے تھی۔

شاہ محمود نے مزید کہا کہ عمران ریاض خان کو گرفتار کرکے تکلیف پہنچائی گئی ، لیکن وہ ڈٹے رہے ، میڈیا کا ایک طبقہ خاموش تماشائی بنا رہا ، جو آزادی صحافت کے علمبردار ہیں وہ کیوں چپ رہے ، تمام میڈیا کے لوگوں کو عمران ریاض کے لیے اٹھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوٹ کی سیاست نے نے ملک کو تباہ کردیا ہے ، پاکستانیوں نوٹ کی سیاست دفن کردو اور تول کر ووٹ دو ، چار پانچ ہزار میں ضمیر نہ بیچیں ، سپریم کورٹ نے ضمیر فروشی کو کالعدم قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق رباب سکندر کو ڈی جی آئی پی آر انفورسمنٹ سے چیف کلیکٹر کسٹمز تعینات کیا گیا ہے.

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں