سلگتے سری لنکا میں حالات کی تپش پاکستان ٹیم تک پہنچ گئی

غصے سے بپھرے ہزاروں شہریوں نے کولمبو سمیت ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کیا


Abbas Raza July 10, 2022
مشکل صورتحال میں گرین کیپس کے دورے پر بھی غیر یقینی کے بادل منڈلانے لگے۔ فوٹو : اے ایف پی

ISLAMABAD: سلگتے سری لنکا میں حالات کی تپش پاکستان ٹیم تک پہنچ گئی،غصے سے بپھرے ہزاروں شہریوں نے کولمبو سمیت ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم 2015کے بعد پہلی بار سری لنکا کا دورہ کررہی ہے،کولمبو پہنچنے کے بعد پہلے روز مہمان اسکواڈ نے آرام کیا، کرکٹرز نے سوئمنگ پول میں وقت گزار کر گرمی کا توڑ کیا، جمعے کو موسم خاصا خوشگوار تھا، کھلاڑیوں نے پی سارا اوول میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا مگر ابتر معاشی صورتحال میں غصے سے بپھرے ہزاروں شہریوں نے کولمبو سمیت ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کیا۔

اس صورتحال میں پاکستان ٹیم نے ہفتے کو پریکٹس کیلیے میدان میں نہ جانے کا اعلان جمعے کی شب ہی کردیا تھا، گذشتہ روز دارالحکومت کولمبو میں ہزاروں مظاہرین رکاوٹیں توڑتے ہوئے صدارتی محل میں داخل ہوگئے، ان کے ساتھ جھڑپوں میں پولیس نے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ بھی کی،سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ گال اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، مظاہرین گال فورٹ میں داخل ہوگئے۔

میچز کے دوران وہاں داخلے کی سختی سے ممانعت ہوتی ہے، اس صورتحال میں بھی ٹیسٹ میچ جاری رہا، سری لنکن کرکٹ کی تاریخ میں گال اسٹیڈیم میں اس طرح کے مناظر پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے،اس صورتحال میں پاکستان ٹیم کے دورے پر بھی غیر یقینی کے بادل منڈلانے لگے ہیں ،البتہ پی سی بی 2ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز شیڈول کے مطابق ہونے کیلیے پْر امید ہے۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے سری لنکا میں پاکستانی اسکواڈ کے میڈیا منیجر احسن افتخار ناگی نے کہاکہ سری لنکن بورڈ کی مشاورت سے ہفتے کا پریکٹس سیشن منسوخ کیا گیا تھا، احتجاج کا پہلے سے اعلان ہوچکا تھااس لیے میزبان بورڈ نے ٹریننگ نہ کرنے کا مشورہ دیا، باقی پلان میں ابھی تک کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، تمام سیشنز شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے،اتوار کو مہمان کرکٹرز اور معاون عملے کے ارکان ہوٹل میں ہی عید کی نماز ادا کرنے کے بعد پریکٹس کیلیے میدان کا رخ کریں گے۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سمیع الحسن برنی نے کہا کہ ہم سری لنکن بورڈ، اپنی ٹیم مینجمنٹ اور پاکستان کے ہائی کمیشن کے ساتھ رابطے میں ہیں،دورے سے متعلق کسی طرح کے تحفظات کا اظہار نہیں کیا، میزبان بورڈ اور حکومت نے بھرپور سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے کہ موجودہ حالات میں کرکٹ کے انعقاد میں کوئی مسائل نہیں ہوں گے، پی سی بی کو ان کی یقین دہانی پر مکمل بھروسہ ہے،احتیاطاً ہفتے کا پریکٹس سیشن منسوخ کیا، اس کے علاوہ شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، ٹور پلان کے مطابق آگے بڑھے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان کو آئی لینڈرز سے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل 2میچز کی سیریز کھیلنا ہے، پہلا میچ 16 جولائی سے گال جبکہ دوسرا 24 تاریخ سے کولمبو میں کھیلا جائے گا، اس سے قبل ٹور کا واحد 3روزہ وارم اپ میچ کولمبو میں پیر سے شروع ہونا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں