ایف آئی اے کی دانیہ شاہ کیخلاف ویڈیوز کا مقدمہ خارج کی استدعا
درخواست گزار نے ویڈیو سے متعلق کوئی شواہد فراہم نہیں کیے، ایف آئی اے
لاہور:
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عدالت سے عامر لیاقت حسین کی اہلیہ دانیہ شاہ کے خلاف دائر ویڈیوز وائرل کرنے کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کردی۔
سٹی کورٹ میں سیشن جج جنوبی کی عدالت کے روبرو معروف اینکر اور سیاستدان عامر لیاقت حسین کی سابق اہلیہ دانیہ شاہ کیخلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں ایف آئی اے کی جانب سے جواب جمع کرادیا گیا۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہیں،عامر لیاقت حسین کے اہل خانہ کی جانب سے دانیہ شاہ کیخلاف کارروائی سے متعلق کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
ایف آئی اے کے جواب میں کہا گیا ہے کہ یہ بات تسلیم شدہ ہے کہ کسی کی غیر اخلاقی تصاویر یا ویڈیو سوشل اپ لوڈ کرنا سنگین جرم ہے، جس پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو کارروائی کا اختیار ہے لیکن درخواست گزار متاثرہ فریق کے معیار پر پورا نہیں اترتا کیونکہ جس ویڈیو کا دعویٰ کیا گیا ہے اس سے متعلق کوئی شواہد فراہم نہیں کیے گئے لہذا کوئی شکایت کرنے کا مجاز نہیں ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ دانیہ شاہ کے خلاف درخواست مسترد کی جائے۔
عدالت نے درخواست کی سماعت 14 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کی رپورٹ پر درخواست گزار کے وکیل سے دلائل طلب کرلیے۔
واضح رہے کہ سماجی تنظیم نے دانیہ شاہ کیخلاف سیشن کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالت ایف آئی اے کو دانیہ شاہ کیخلاف کارروائی کا حکم دے کیونکہ دانیہ نے عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کیں۔