پاکستانیوں کی سخاوت نرم دلی اور مہمان نوازی بے مثال ہے جرمن سفیر

پاکستان میں گزرے تین برس کے دوران میرے لیے سب سے منفرد پاکستان کے لوگ ہیں، سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں


ویب ڈیسک June 30, 2022
جانتا ہوں اسلام آباد کا یہ نظارہ کل صبح سے میں نہ دیکھ پاؤں گا، برن ہارڈ شلاگ ہیک

جرمن سفیر برن ہارڈ شلاگ ہیک نے پاکستان میں اپنی تعیناتی کے آخری روز پیغام میں پاکستانیوں کی سخاوت، نرم دلی اور مہمان نوازی کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہی خوبیاں سچی دوستی کی بنیادی اقدار ہیں۔

برن ہارڈ شلاگ ہیک نے جمعرات کی علی الصبح اسلام آباد میں اپنی تعیناتی کے آخری دن پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ریکارڈ کیے گئے پیغام میں کہا ہے کہ ''آج کا دن بہت خاص ہے، جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میں اپنے سادہ لباس میں صبح سویرے یہاں موجود ہوں، اپنی اس سائیکل پر۔ آج میرا اسلام آباد میں آخری دن ہے''۔

انہوں نے کہا کہ ''کیوں کہ بطور جرمن سفیر پاکستان میں میرا سفر آج ختم ہو رہا ہے اور میں رات کو جرمنی واپس روانہ ہو جاؤں گا۔ اگر کہا جائے کہ ان تین سالوں میں پاکستان میں میرے لیے سب سے منفرد کیا تھا تو میں بلاجھجک کہوں گا کہ وہ پاکستان کے لوگ ہیں۔آپ جیسے لوگ، جن کی سخاوت، جن کی مہمان نوازی، جن کی نرم دلی واقعتاً بے مثال رہی ہے۔''

 



جرمن سفیرنے مزید کہا کہ ''میں سمجھتا ہوں کہ سچی دوستی کے یہی بنیادی اقدار ہیں۔ بہرطور، میں آپ سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جس اعتماد اور عزم کے ساتھ آپ نے اس دوستی کو بڑھایا ہے، جو ہمارے دونوں ممالک اور لوگوں کے بیچ ہے، اسی کے ساتھ اپنا بہت سارا خیال رکھیے گا۔ میں جانتا ہوں کہ اسلام آباد اور ریڈ زون کا یہ نظارہ کل صبح سے میں نہ دیکھ پاؤں گا''۔

''میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان اور آپ سب، یعنی پاکستان کے لوگ ہمیشہ میری یادوں میں مضبوطی سے جڑے رہیں گے۔ اسی کے ساتھ خدا آپ کا حامی و ناصر ہو اور خدا حافظ''

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں