ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 1.28 روپے کی کمی کے بعد 205.12 روپے کی سطح پر بند ہوا
RAWALPINDI:
آئی ایم ایف کی جانب سے اقتصادی اقدامات سے متعلق مسودہ موصول ہونے کے بعد ایک ارب 90کروڑ ڈالر کی دو اقساط جاری ہونے کے امکانات اور برآمدی شعبوں کی جانب سے اپنی زرمبادلہ میں موصول ہونے والی برآمدی آمدنی بھنائے جانے سے بدھ کو بھی ڈالر کی قدر تنزلی سےدوچار رہی جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 206روپے سے بھی نیچے آگئے جبکہ اوپن ریٹ بھی 206روپے سے نیچے آگئے۔
کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر کی قدر تنزلی سے دوچار رہی جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 1.28 روپے کی کمی کے بعد 205.12 روپے کی سطح پر بند ہوا جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.50 روپے کی کمی سے 205روپےکی سطح پر بند ہوئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جاپان سے فنڈز ملنے اور فرانس کے 107ملین ڈالر کے علاوہ جی ٹوینٹی ممالک کی جانب سے 3ارب 50کروڑ ڈالر کے واجب الادا قرضوں کی وصولیاں موخر کرنے کی سہولت اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری دلچسپی جیسی خبروں کے باعث ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا ہے۔