میرا اپنی فلموں کی نمائش میں حائل رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے روہانسی ہوگئیں
پاکستان میں فلم اکیڈمی کا قیام بہت ضروری ہے اس سے ابھرتے ہوئے فنکاروں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، میرا
RAWALPINDI:
معروف اداکارہ میرا فلم انڈسٹری کی زبوں حالی اور اپنی فلموں کی نمائش میں حائل رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے روہانسی ہوگئیں۔
پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ میری فلموں سوہنی مہینوال، دیوداس کی نمائش کے لیے رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلم دیوداس کو بی کلاس قرار دینا غلط ہے، فلم کے پروڈیوسر موت کے دھانے پر پہنچ گئے ہیں لہذا فلم کو ریلیز کیا جائے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری کو مشکلات کا سامنا ہے اور سینما گھروں میں ٹکٹ انتہائی مہنگے ہوتے جارہے ہیں، ہمیں اپنی سوچ کو بدلنا ہوگا۔
میرا نے کہا کہ پاکستان میں فلم اکیڈمی کا قیام بہت ضروری ہے، اس اقدام سے ابھرتے ہوئے فنکاروں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقعہ مل سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ کیمرے کے پیچھے رہ کر بھی کام کرنا چاہتی ہیں اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہیں اور اس سلسلے میں فنڈ ریزنگ کرکے مقاصد کا حصول ممکن ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سیکھنے کی کوشش کی اور ان دنوں بلوچی زبان سیکھ رہی ہوں۔